• Thu, 02 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

خواتین عالمی کپ میںٹیم انڈیا کا فاتحانہ آغاز 

Updated: October 02, 2025, 12:50 PM IST | Agency | Guwahati

بارش سے متاثرہ میچ میں ہندوستان نے ۸؍وکٹوں پر۲۶۹؍رن بنائے،ڈک ورتھ لوئیس کے تحت سری لنکا کی ٹیم ۴ء۴۵؍اوورز میں ۲۱۱؍ رن پر آل آؤٹ ہو گئی۔

Aman Jot Kaur can be seen in action. Photo: INN
امن جوت کور کو ا یکشن میں دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

امنجوت کور(۵۷؍اور ایک وکٹ) اور دپتی شرما(۵۳؍اور ۳ ؍ وکٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے منگل کو ڈک ورتھ لوئس طریقہ کے تحت سری لنکاکو۵۹؍ رن سے شکست دے کر خواتین کے ورلڈ کپ میں فاتحانہ شروعات کی ۔ بارش سے متاثرہ میچ میں ہندوستان نے ۸؍وکٹوں  پر۲۶۹؍رن بنائے۔
  سری لنکا کو ڈک ورتھ لوئس طریقہ کار کے تحت جیت کیلئے۲۷۱؍رنوں کا ہدف دیا گیا لیکن اس کی پوری ٹیم ۴ء۴۵؍اوورز  میں ۲۱۱؍ رن پر آل آؤٹ ہو گئی۔ہندوستان نے عمدہ گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو مسلسل دباؤ میں رکھا اور اسے کوئی موقع نہیں دیا۔ سری لنکا کی جانب سے کپتان چماری اٹاپٹو (۴۳) اور نیلاکشی ڈی سلوا(۳۵)کے علاوہ کوئی اور بلے باز ہندوستانی گیند بازوں کا سامنا نہیں کر سکا۔ ہرشیتھا سمارا ویکرما  نے ۲۸؍ رنوں کا تعاون دیا۔
 ہندوستان کی اننگ میں شاندار نصف سنچریاں بنانے والی امنجوت اور دپتی نے گیندبازی میں بھی اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے وکٹیں حاصل کیں۔ دپتی  نے ۵۴؍رن پر ۳؍ اور امنجوت نے۳۷؍ رن پر ایک وکٹ حاصل لیا۔ اسنیہ رانا اور شری چرنی نے ۲-۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔
 تعاقب کے دوران، ہندوستان کو سری لنکا سے صرف ایک بار خطرہ محسوس ہوا، وہ تھا کپتان اٹا پٹو اور ہرشیتھا سماراویکرما کے درمیان دوسرے وکٹ کی شراکت کے دوران۔ جب ہندوستان کی یارکر گیندوں کی بوچھاڑ سے اسے توڑا، تو  سری لنکا کی اننگ پوری طرح سے لڑکھڑا گئی۔
 سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ اس مقابلے میں بارش سے دو مرتبہ خلل پڑا۔ پہلے اووروں کی تعداد گھٹا  کر۴۸؍اور پھر۴۷؍کر دی گئی۔ ہندوستان نے اپنے ۶؍ وکٹ محض۱۲۴؍رن پر گنوا دیے تھے لیکن امن جوت اور دپتی کی نصف سنچریوں نے ہندوستانی اننگ کو سنبھال لیا۔ دپتی آخری گیند پر آؤٹ ہوئیں۔
 امن جوت کور ورلڈ کپ میں نمبر ۸؍ پر بلے بازی کرتے ہوئے نصف سنچری بنانے والی دوسری کھلاڑی بن گئیں۔ یہ نمبر ۸؍ بلے باز کا ورلڈ کپ میں بہترین اسکور بھی ہے۔ امن جوت  نے ۵۶؍ گیندوں پر۵۷؍رن بنائے جن میں ۵؍ چوکے اور ایک سکسر شامل تھا جبکہ دپتی  نے۵۳؍گیندوںپر۵۳؍ رن میں ۳؍ چوکے لگائے ۔  ایک وقت ایسا لگ رہا تھا کہ ہندوستان کی خاتون ٹیم ۲۰۰؍ کا اسکور بھی نہیں بناسکے گی۔ رناویرا نے ایک ہی اوور میں ۳؍ جھٹکے دیتے ہوئے ہندوستان کو بیک فٹ پر دھکیل دیا تھا۔ ہرلین دیول اور جیمیمہ روڈریگز کے بعد ہرمن پریت کور بھی پویلین لوٹ گئیں۔
  اس کے بعد اپنے اگلے ہی اوور میں رناویرا نے رچا گھوش کو بھی شکار بنایا اور ہندوستان محض۱۲۴؍ کے اسکور پر ۶؍ وکٹ گنوا بیٹھا لیکن یہاں سے دیپتی شرما اور امنجوت کور کے درمیان شاندار سنچری شراکت ہوئی اور دونوں نے ہی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ اس کے بعد اسنیہا رانا کی تیز بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے اسکور بورڈ پر۲۶۹؍ رن جوڑ  لئے ۔ پرتیک راول نے۳۷؍ اور ہرلین دیول نے۴۸؍ رن کا تعاون دیا جبکہ اسمرتی مندھا نا ۸؍ اور کپتان ہرمن پریت کور۲۱؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ جیمیما روڈرگز کھاتہ بھی نہ کھول سکیں۔ اسنیہا رانا نے ۱۵؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۲۸؍رن بنائےجس میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے ۔ سری لنکا کی جانب سے انوکا رناویرا نے۴۷؍ رن کے عوض سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK