• Wed, 18 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئر لینڈ کیخلاف میچ رد ہونے سےزمبابوے سپر۔۸؍میں داخل،آسٹریلیا ورلڈ کپ سے باہر

Updated: February 18, 2026, 11:07 AM IST | Agency | Colombo

آئرلینڈ اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جانے والا اہم میچ مسلسل بارش کی نذر ہوگیا، جس کے نتیجے میں زمبابوے نے ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے سپر ۔۸؍ کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ آسٹریلیا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔

Zimbabwe-Ireland Match Cancelled Due To Rain.Photo:PTI
بارش کی وجہ سے زمبابوے اور آئر لینڈ کے درمیان میچ نہیں ہو سکا۔ تصویر:پی ٹی آئی
آئرلینڈ اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جانے والا اہم میچ مسلسل بارش کی نذر ہوگیا، جس کے نتیجے میں زمبابوے نے ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے سپر ۔۸؍ کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ آسٹریلیا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔۲۰۲۱ءکی عالمی چمپئن آسٹریلیاکے رواں ایونٹ میں سپر ۔۸؍ مرحلے میں پہنچنے کا انحصار صرف زمبابوے کے بقیہ میچوں میں شکست پر تھا۔ آسٹریلیا کے صرف ۲؍ پوائنٹس ہیں اور اس کا صرف ایک میچ  عمان سے باقی ہے، یوں اگر کنگارو ٹیم میچ جیت بھی جائیں تب بھی صرف مجموعی طور پر ۴؍ پوائنٹس حاصل کر پائیں گے۔اس طرح زمبابوے کی ٹیم ۵؍پوائنٹس کے ساتھ ورلڈکپ کے سپر ۔۸؍ مرحلے میں پہنچ گئی۔اس سے قبل ۲۰۰۹ءمیں رکی پونٹنگ کی کپتانی میں  آسٹریلیائی ٹیم لیگ مرحلے سے باہر ہو ئی تھی۔
 
 
۲۰۲۴ء کے ورلڈ کپ سے باہر رہنے والی زمبابوے کی  ٹیم نے آج ثابت کر دیا کہ وہ کسی بھی بڑی ٹیم کو چیلنج کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔سپر ۔۸؍مرحلے میں کوالیفائی کرنے کیبعد زمبابوے کا سفر مزید دلچسپ اور مشکل ہونے والا ہے۔ اگلے مرحلے میں زمبابوے کا مقابلہ کرکٹ کی عالمی طاقتوں ہندوستان، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ جس فارم اور جذبے کے ساتھ زمبابوے کھیل رہی ہے، وہ بڑے برج الٹانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
 
 
مقامی وقت کے مطابق شام ۵؍بجکر ۲۹؍ منٹ پر امپائرز نے میچ ریفری سے مشاورت کے بعد سکندر رضا اور آئرش کپتان ٹکر کو طلب کیا۔ دونوں کپتانوں کے درمیان مصافحہ اس بات کا اعلان تھا کہ اب میدان میں مزید کرکٹ ممکن نہیں۔ تکنیکی طور پر یہ میچ برابر رہا، لیکن عملی طور پر یہ جیت زمبابوے کے نام رہی جس نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی برتری کی بدولت تاریخ رقم کر دی ہے۔کرکٹ کی تاریخ میں یہ ایک نادر واقعہ ہے کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کسی اسوسی ایٹ یا کمزور سمجھی جانے والی ٹیموں کے مقابلے میں رن ریٹ اور بارش کی وجہ سے پہلے ہی مرحلے میں باہر ہو جائے۔ قابل ذکر ہے کہ ٹیم ٹی۔۲۰؍ عالمی کپ  کی تاریخ میں اب تک ۸؍ میچ منسوخ ہو ئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK