Updated: June 10, 2026, 12:14 PM IST
|
Agency
| Colombo
انڈیا’اے‘ نے سری لنکا کو ۸؍رنوں سے ہرادیا،رتوراج کی سنچری، سوریہ ونشی ناکام۔
رتوراج گائیکواڑ(دائیں)اور تلک ورما نے انڈیا’اے‘ کیلئے شاندار بلے بازی کی-تصویر:آئی این این
رنگیری دامبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئےسہ ملکی’ اے‘ سیریز ۲۰۲۶ء کے افتتاحی میچ میں انڈیا ’اے‘ نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد سری لنکا ’اے‘ کو ۸؍رن سے شکست دے دی۔ ایک وقت سری لنکا کی ٹیم انتہائی مضبوط پوزیشن میں تھی اور آسان فتح کی طرف گامزن تھی، لیکن آخری اووروں میں ہندوستانی گیندبازوں کی شاندار واپسی نے میچ کا پاسا پلٹ کر رکھ دیا۔
۲۷۷؍ رنوں کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا ’اے‘ کے بلے باز سہان آراچیگے (۷۴) اور ٹاپ آرڈر کی بہترین کارکردگی کی بدولت میزبان ٹیم میچ پر حاوی تھی۔ ایسا لگتا تھا کہ میچ انڈیا `’اے‘ کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے لیکن آخری اوورز میں ارشد خان (۲۴؍ رن دے کر ۲؍ وکٹی) کی تباہ کن بولنگ نے سری لنکن اننگز کو بکھیر کر رکھ دیا۔وانوجا سہان کے رن آؤٹ نے ہندوستان کیلئے واپسی کا دروازہ کھولا، جس کے بعد وجے کانتھ ویاس ایل بی ڈبلیو ہوئے اور محمد شیراز باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے، یوں سری لنکا کی پوری ٹیم جیتا ہوا میچ ہار گئی۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے انڈیا ’اے‘ نے مقررہ ۵۰؍ اوورز میں ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر ۲۷۷؍ رن بنائے۔ ہندوستان کی اننگز کے ہیرو اوپنر رتوراج گائیکواڑ رہے، جنہوں نے ۱۱۴؍ گیندوں پر ۱۰۱؍ رنوں کی دلکش اننگز کھیلی۔ ان کا ساتھ مڈل آرڈر میں تلک ورما نے دیا، جنہوں نے ۶۰؍ رن بنائے۔ آخری اوورز میں سریانش شیڈگے کے ناٹ آؤٹ ۲۶؍ رنوں کی بدولت ہندوستان ایک دفاعی اسکور تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔ ٹیم انڈیا کے نوجوان بلے بازویبھو سوریہ ونشی نے اپنے انداز میں بلے بازی کی اور ۳؍چوکے بھی لگائے لیکن وہ ۱۴؍رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔سری لنکا کی جانب سے محمد سراج نے ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔
۲۷۸؍ رنوں کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا ’اے‘ کا آغاز کافی جاندار رہا۔ اوپنر نیروشن ڈکویلا (۴۷) اور اویشکا فرنینڈو (۴۵) نے ٹیم کو اچھا اسٹارٹ فراہم کیا۔ اس کے بعد سدیرا سماراوکرما (۴۶) اور سہان آراچیگے (۷۴) نے اننگز کو آگے بڑھایا۔جب سری لنکا کو میچ جیتنے کیلئے محض چند رن درکار تھے، تو انڈیا’اے‘ کے بولنگ یونٹ بشمول انوکول رائے، وپراج نگم اور ارشد خان نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے رنوں کی رفتار کو روکا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں حاصل کر کے سری لنکا کی پوری ٹیم کو۴۸ء۵؍ اوورز میں ۲۶۹؍ رنوں پر ڈھیر کر دیا۔