انگلینڈ کے سابق کپتان جیفری بائیکاٹ کا کہنا ہے کہ وراٹ کی موجودگی ہی کھلاڑیوں کو تحریک دیتی ہے۔
EPAPER
Updated: June 20, 2025, 12:15 PM IST | Agency | Leeds
انگلینڈ کے سابق کپتان جیفری بائیکاٹ کا کہنا ہے کہ وراٹ کی موجودگی ہی کھلاڑیوں کو تحریک دیتی ہے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق معروف کرکٹر جیفری بائیکاٹ کا خیال ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ہندوستان کو سابق کپتان روہت شرماسے زیادہ وراٹ کوہلی کی کمی محسوس ہوگی اور اس جوڑی کی حالیہ ریٹائر منٹ تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہندوستانی ٹیم کے امکانات کو نقصان پہنچائےگی۔ دنیا کی ۲؍ بڑی ٹیمیں اگلے ۶؍ ہفتوں میں ۵؍ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلیں گی، جو نئی عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) سائیکل کا آغاز بھی ہوگا۔
جیفریبائیکاٹ نے ڈیلی ٹیلی گراف کیلئے اپنے کالم میں لکھاکہ وراٹ کوہلی اور روہت شرما کے ریٹائرمنٹ نے ہندوستان کے انگلینڈ کو شکست دینے کے امکانات کو متاثر کیا ہے۔ کوہلی ٹیم انڈیا کیلئےسب سے بڑا نقصان ہیں کیونکہ وہ تینوں فارمیٹ میں ہندوستان کے بہترین بلے باز اور ایک شاندار شخصیت رہے ہیں۔ میدان پر ان کی موجودگی ہی کھلاڑیوں کو تحریک دیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہندوستان اتنا زیادہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتا ہے اور اتنا کم آرام کرتا ہے کہ اس کااثر ذہن اور جسم پرضرور پڑتا ہے اور ذہن تھک جاتا ہے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے کوہلی کی غیر موجودگی کو ٹیم انڈیا کیلئے بڑا جھٹکاقرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فرق نہیں پڑتا کہ آپ کے پاس کتنی صلاحیت یا تجربہ ہے، اگر آپ ذہنی طور پر تازہ نہیں ہیں یا چیلنج کیلئے تیار نہیں ہیں تو یہ تھکا دینے والا بن جاتا ہے۔
روہت شرماایک شاندار بلے باز تھے۔ اپنے عروج پر وہ ایک خوبصورت اسٹروک پلیئر تھے لیکن ان کی اتنی کمی محسوس نہیں کی جائے گی جتنی کوہلی کی کیونکہ روہت کا ٹیسٹ ریکارڈ اچھا تھا، شاندار نہیں۔ گزشتہ چند برسوں میں ان کی بلے بازی میں تسلسل کی کمی آگئی تھی، جو ان کی عمر کے لحاظ سے حیرت کی بات نہیں ہے۔ روہت شرما کوہلی کی طرح فطری ایتھلیٹ کبھی نہیں رہے اور وہ جانتے تھے کہ انگلینڈ میں اننگز کا آغاز کرنا بہت مشکل کام ہے، کیونکہ نئی گیند زیادہ موو کرتی ہے۔ آپ کو اس چیلنج کے لئے مکمل طور پر تیار اور فٹ ہونا پڑتا ہے۔ میرے خیال میں وقت کے ساتھ ساتھ اننگز اوپن کرنے اور تینوں فارمیٹ میں کپتانی کا بوجھ انہیں تھکا چکا تھا۔
واضح رہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ان دونوں ستونوں (روہت اور کوہلی)نے گزشتہ ماہ کھیل کے روایتی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد بی سی سی آئی نے شبھمن گل کو روہت کی جگہ کپتان مقرر کیا ہے۔