پہلے ہی سپر۔۴؍میں جگہ محفوظ کر چکے ہندوستانی کھلاڑیوں کو گزشتہ ۲؍میچوں میں زیادہ بلے بازی کا موقع نہیں مل سکا تھا۔
EPAPER
Updated: September 19, 2025, 12:18 PM IST | Agency | Dubai
پہلے ہی سپر۔۴؍میں جگہ محفوظ کر چکے ہندوستانی کھلاڑیوں کو گزشتہ ۲؍میچوں میں زیادہ بلے بازی کا موقع نہیں مل سکا تھا۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم پہلے ہی سپر ۔۴؍ کےلئے کوالیفائی کر چکی ہے اور اتوار کو دیرینہ حریف پاکستان کے خلاف ہونے والے اہم میچ سے قبل عمان کے خلاف بلے بازوں کو موقع دینے کا یہ سنہری موقع ہے۔ اس سے قبل ہندوستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور پاکستان کے خلاف چھوٹے اہداف آسانی سے حاصل کر لئے تھے۔ابھیشیک شرما نے امید کے مطابق تیز آغاز کیا ہے لیکن شبھ من گل کو کریز پر کچھ وقت گزارنے کی ضرورت ہے۔ کپتان سوریہ کمار نے پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن وہ چاہیں گے کہ تلک ورما کو بلے بازی کا کچھ اور وقت ملے۔
اگر ہندوستان فائنل میں پہنچتا ہے تو اسے ۷؍ دن کے اندر ۴؍ میچ کھیلنے ہوں گے۔ اسے دیکھتے ہوئے ٹیم انتظامیہ ہاردک پانڈیا، سنجو سیمسن، شیوم دوبے اور اکشر پٹیل کو بھی بلے بازی کا کچھ موقع دینا چاہے گی۔ٹیم انڈیا کی گیند بازی اتنی مضبوط ہے کہ اگر عمان پہلے بیٹنگ کرتا ہے تو میچ جلد ختم ہونے کا پورا امکان ہے کیونکہ جتندر سنگھ کی قیادت والی ٹیم کلدیپ یادو اور ورون چکرورتی جیسے گیند بازوں کا سامنا کر پائے گی اس کا امکان بہت کم نظر آتا ہے۔پاکستان اور یو اے ای کے خلاف عمان کے ۲؍ میچوں میں ان کی بلے بازی واضح طور پر بہتر نہیں تھی۔ ان کی حالت ایسی رہی ہے کہ ۲؍میچوں میں ایک بھی بلے باز ۳۰؍کا انفرادی اسکور پار نہیں کر پایا ہے۔حماد مرزا نے پاکستان کیخلاف ۲۷؍رن جبکہ آرین بشٹ نے یو اے ای کیخلاف ۳۲؍ گیندوں پر ۲۴؍ رن بنائے، جو ان میچوں میں ان کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور بنانے والے بلے باز رہے۔
ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اپنی ٹیم کے ساتھ زیادہ تجربہ نہیں کرنا چاہیں گے سوائے اس کے کہ وہ سپر۔۴؍سے پہلے جسپریت بمراہ کو تھوڑا آرام دے سکتے ہیں۔ وہ بھی اگر وہ ایسا کرنا چاہیں۔ پاکستان کے خلاف میچ میں ۴؍ اوور گیند بازی کرنے اور اچھی طرح آرام کرنے کے بعد بمراہ خود بھی شاید وقفہ نہیں چاہتے ہوں گے لیکن جب بات آپ کے بہترین تیز گیند باز کی ہو تو پھر اضافی احتیاط برتنے کی ضرورت ہوتی ہے۔اس سے ٹیم کو عرشدیپ سنگھ کو پرکھنے کا بھی موقع ملے گا۔
ٹیم انتظامیہ اس میچ میں ورون اور کلدیپ میں سے کسی ایک کو آرام دے کر ہرشت رانا کو بھی موقع دے سکتی ہے۔ اس میچ میں سوریہ کمار اپنے بیٹنگ آرڈر میں تھوڑی تبدیلی کر سکتے ہیں۔ ہندوستان کیلئے واحد نامعلوم پہلو شیخ زائد اسٹیڈیم کا وکٹ ہوگاجہاں وہ اس ٹورنامنٹ کا اپنا واحد میچ کھیلے گا۔ دراصل ہندوستانی ٹیم پریکٹس کیلئے بھی ابوظہبی نہیں جا رہی ہے کیونکہ وہاں پہنچنے میں بس سے ۲؍ گھنٹے لگتے ہیں۔ دوسری جانب عمان کیلئے یہ بڑا میچ ہوگا اور اس کے کھلاڑی اس میں اپنی چھاپ چھوڑنے کیلئے بے تاب ہوں گے۔