Updated: November 20, 2025, 12:11 PM IST
| New Delhi
جیسمن کے ساتھ ساتھ جدومنی سنگھ اور پون برتوال اپنے اپنے حریفوں کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گئے،ہندوستانی مکے بازوں نے پورے اعتماد سے باکسنگ کی-
باکسنگ مقابلہ۔ تصویر:آئی این این
عالمی چیمپئن جیسمن لیمبوریا(۵۷؍ کلو گرام) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قزاقستان کی سابق ایشیائی یوتھ چیمپئن اولزان سرسنبیک کو۰-۵؍سے شکست دے کر ورلڈ باکسنگ کپ فائنل ۲۰۲۵ء میں میں جگہ بنا لی۔ جیسمن کے ساتھ ساتھ جدومنی سنگھ اور پون برتوال بھی اپنے اپنے حریفوں کو متفقہ فیصلے سے ہرا کر فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔
پورے اعتماد اور کنٹرول کے ساتھ کھیلتے ہوئے جیسمن نے آغاز سے ہی بہترین کمبی نیشنز سے برتری حاصل کی۔ دفاعی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے آخری راؤنڈ میں بھی حریف کے حملوں کا پُرسکون انداز میں مقابلہ کر کے فیصلہ کن جیت درج کی۔ فائنل میں ان کا مقابلہ چینی تائپے کی وو شِہ ای سے ہوگاجو۲۰۲۵ء کی عالمی چیمپئن اور پیرس اولمپک میڈلسٹ ہیں۔
پون(۵۵؍کلوگرام) نے انگلینڈ کے ایلس ٹروبرج کو رفتار اور درستگی کے ساتھ۰-۵؍ سے شکست دی ۔ جدومنی سنگھ(۵۰؍کلوگرام) نے آسٹریلیا کے عمراعجاز کو جو آستانہ ورلڈ کپ میڈلسٹ ہیں، جارحانہ دباؤ، تیز ہکس اور بہترین فٹ ورک کے ذریعے مات دی جس سے ان کا حریف پورے مقابلے میں دفاعی پوزیشن پر رہا۔
اس سے پہلے جگنو (۸۵؍ کلوگرام) ۰-۵؍ سے ہار کر باہر ہو گئے جبکہ نیرج پھوگاٹ (۶۵؍ کلوگرام) نے اولمپک میڈلسٹ چین نین-چِن کے خلاف زبردست مقابلہ کیا لیکن انہیں۲-۳؍ سے شکست ہوئی۔چھٹے سیشن کے بعد تصدیق ہوئی کہ ۱۰؍ ہندوستانی باکسر جمعرات کے فائنل میں شریک ہوں گے ۔