Updated: March 05, 2026, 3:01 PM IST
|
Agency
| New Delhi
اس سے قبل۲۰۲۴ء میں نوواک جوکووچ یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں، الکاراز۲۰۲۳ء میں’بریک تھرو آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ جیت چکے ہیں۔
الکاراز اور سنر۔ تصویر:آئی این این
ٹینس کی دنیا کے دو بڑے نام، کارلوس الکاراز اوریانک سنر کو باوقار `لارئیس ورلڈ اسپورٹس مین آف دی ایئر ایوارڈ۲۰۲۶ء کیلئےنامزد کیا گیا ہے ۔ ان کے ساتھ برازیل کے۱۹؍ سالہ ابھرتے ہوئے کھلاڑی جواؤ فونسیکا کو ورلڈ بریک تھرو آف دی ایئر کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔
یہ نامزدگیاں عالمی کھیلوں میں ٹینس کھلاڑیوں کی مسلسل برتری کی عکاسی کرتی ہیں۔ اس سے قبل۲۰۲۴ء میں نوواک جوکووچ یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ اب الکاراز اور سنر دونوں پہلی بار یہ ٹرافی اپنے نام کرنے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ہسپانوی اسٹار الکاراز پہلے ہی۲۰۲۳ء میں `بریک تھرو آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت چکے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال سب سے زیادہ۸؍ ٹائٹلز جیتے جن میں رولاں گیرو (فرانس اوپن) اور یو ایس اوپن جیسے میجر ٹورنامنٹس شامل ہیں۔
یو ایس اوپن کی فتح کے بعد وہ ایک بار پھر ورلڈ نمبروَن پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔اطالوی کھلاڑی یانک سنرنے بھی ۲۰۲۵ء میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔انہوں نے آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن جیت کر ٹینس کی دنیا کو حیران کیا۔ سنر نے ٹیورن میں لگاتار دوسری بار’ نٹو اے ٹی پی فائنلز‘ کا خطاب اپنے نام کیا۔وہ جون۲۰۲۴ء سے ستمبر۲۰۲۵ء تک عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر براجمان رہے۔برازیل کے۱۹؍ سالہ جواؤ فونسیکا کی نامزدگی ان کی برق رفتار ترقی کا اعتراف ہے۔۲۰۲۵ء میں انہوں نے دو اے ٹی پی ٹائٹلز جیتے اور اپنے کریئر کی بہترین۲۴؍ ویں رینکنگ حاصل کی۔لارئیس ورلڈ اسپورٹس ایوارڈز کی پروقار تقریب۲۰؍ اپریل کو میڈرڈ کے تاریخی سیبیلس پیلس میں منعقد ہوگی جہاں دنیا بھر کے نامور کھلاڑیوں کی موجودگی میں فاتحین کا اعلان کیا جائے گا۔