ہندوستانی گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کی پوری ٹیم کو ۱۳۱؍ رنز پر سمیٹ دیا۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم نے محض ۱۷؍ اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر ۱۳۲؍ رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔
EPAPER
Updated: October 28, 2026, 10:05 PM IST | New Delhi
ہندوستانی گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کی پوری ٹیم کو ۱۳۱؍ رنز پر سمیٹ دیا۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم نے محض ۱۷؍ اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر ۱۳۲؍ رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔
ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے تیسرے ون ڈے میچ میں زمبابوے کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ۰۔۳؍ سے کلین سویپ کرلیا۔ وڈودرا کے بی سی اے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں ہندوستانی گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کی پوری ٹیم کو ۱۳۱؍ رنز پر سمیٹ دیا۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم نے محض ۱۷؍ اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر ۱۳۲؍ رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ پرتیکا راول اور شیفالی ورما نے نصف سنچریاں اسکور کرکے ٹیم کی جیت کو آسان بنایا، جبکہ ویشنووی شرما نے پانچ وکٹیں حاصل کرکے زمبابوے کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔
𝙒𝙄𝙉𝙉𝙀𝙍𝙎 🏆 Congratulations to #TeamIndia on a memorable ODI series victory backed by a collective team effort 👏👏 Match Highlights ▶️ https://t.co/jOCh3bxXGl #INDvZIM | @mflone_ https://t.co/qwPNEOXMPU
— BCCI Women (@BCCIWomen) October 28, 2026
ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور یستیکا بھاٹیہ پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئیں۔ اس کے بعد ہرلین دیول اور پرتیکا راول نے دوسری وکٹ کے لیے ۵۹؍ رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ ہرلین ۱۹؍ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں، لیکن اس کے بعد شیفالی ورما نے پرتیکا کا ساتھ دیتے ہوئے جارحانہ بلے بازی کی۔ دونوں بلے بازوں نے صرف ۵۰؍ گیندوں میں ۷۴؍ رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور ہندوستان کو شاندار کامیابی دلائی۔پرتیکا راول نے ۵۶؍ گیندوں پرناٹ آؤٹ ۵۹؍ رنز بنائے، جس میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ دوسری جانب شیفالی ورما نے محض ۲۶؍ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۵۱؍ رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ انہوں نے اپنی اننگز میں چھ چوکے اور تین چھکے لگائے۔ شیفالی کی جارحانہ بلے بازی نے میچ کو یکطرفہ بنا دیا اور زمبابوے کے گیند باز ہندوستانی بلے بازوں کو روکنے میں ناکام رہے۔ زمبابوے کی جانب سے نومویلو سِبانڈا اور لورین فیری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ بھی پڑھئے:ناروے کے گلوکار ولیم گیمبورگ لاہور میں پاکستانی گانے گا کر سوشل میڈیا پر وائرل
اس سے قبل ٹاس کے بعد بلے بازی کرنے اتری زمبابوے کی ٹیم ہندوستانی گیند بازوں کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور۵ء۳۹؍ اوورز میں ۱۳۱؍ رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ ٹیم کی شروعات انتہائی خراب رہی اور لورین فیری بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوگئیں، جبکہ چیپو موگیری تریپانو صرف چار رنز بنا سکیں۔ بلِوڈ بیجا کو ویشنووی شرما نے کپتان ہرمن پریت کور کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کراکر ایک رن پر پویلین بھیج دیا۔ محض ۲۵؍ رنز کے مجموعی اسکور پر زمبابوے کی تین وکٹیں گر چکی تھیں۔
اس مشکل صورت حال میں جوزفین نکومو اور چیدزا دھرورو نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے ۴۰؍ گیندوں میں ۲۷؍ رنز جوڑے۔ دھرورو ۲۰؍ رنز بنا کر ویشنووی شرما کا شکار بنیں، جبکہ کپتان جوزفین نکومو نے ۶۷؍ گیندوں پر۳۵؍ رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، جس میں چار چوکے شامل تھے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد زمبابوے کی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی اور پوری ٹیم ۱۳۱؍ رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
یہ بھی پڑھئے:اولمپک تمغہ فاتح نیل کانت شرما بین الاقوامی ہاکی سے ریٹائرڈ ہوں گے
ہندوستان کی جانب سے ۲۰؍ سالہ اسپنر ویشنووی شرما نے غیر معمولی گیند بازی کرتے ہوئے ۱۰؍ اوورز میں ۳۹؍ رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی اسپن گیندوں کا زمبابوے کے بلے بازوں کے پاس کوئی مؤثر جواب نہیں تھا۔ کرانتی گوڑ نے سات اوورز میں ۲۳؍ رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سائیلی ستگھرے نے کفایتی گیند بازی کرتے ہوئے چھ اوورز میں صرف۱۱؍ رنز دیے اور دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس جیت کے ساتھ ہندوستانی خواتین ٹیم نے ون ڈے سیریز ۰۔۳؍ سے اپنے نام کرلی۔ اس سے پہلے ہندوستانی ٹیم زمبابوے کے خلاف ٹی ۲۰؍ سیریز میں بھی ۰۔۳؍سے کامیابی حاصل کرچکی تھی۔ یوں ہندوستانی خواتین ٹیم نے دونوں فارمیٹس میں کلین سویپ کرکے اپنی مضبوط کارکردگی کا ثبوت دیا۔ پرتیکا راول اور شیفالی ورما کی جارحانہ بلے بازی اور ویشنووی شرما کی پانچ وکٹوں نے اس مقابلے میں ہندوستان کی فتح کو یادگار بنا دیا۔