Inquilab Logo

ممبئی انڈینس کی ٹیم نئے کپتان کی قیادت میں آئی پی ایل کا آغاز کرے گی

Updated: March 24, 2024, 12:10 PM IST | Agency | Mumbai

ہاردک پانڈیا ممبئی انڈینس میں روہت شرما کی وراثت کو آگے لے جانا چاہیں گے۔ آج گجرات ٹائٹنس سے مقابلہ۔ شبھمن گل گجرات ٹائٹنس کی قیادت کرنے کیلئے تیار۔

Hardik Pandya is the new captain of Mumbai. Photo: INN
ممبئی کے نئے کپتان ہاردک پانڈیا۔ تصویر : آئی این این

نئے کپتان کے ساتھ انڈین پریمیر لیگ کے نئے سیزن کا آغاز کرنے والی ممبئی انڈینس کی ٹیم پہلے میچ میں گجرات ٹائٹنس کے خلاف کھیلے گی۔ ہاردک پانڈیا اتوار کو اپنی سابق ٹیم گجرات ٹائٹنس کے خلاف انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں پہلی بار ممبئی انڈینس کی کپتانی کریں گے۔ ان کا مقصد اپنے پیشرو روہت شرما کی وراثت کو آگے بڑھانا ہوگا۔ 
 ہاردک کی قیادت میں ٹائٹنس نے اپنے پہلے سیزن میں ہی خطاب جیتا تھا جبکہ پچھلی بار وہ رنر اپ تھی۔ تاہم، یہ آل راؤنڈر اس سیزن میں دوبارہ ممبئی میں شامل ہوئے جہاں انہیں روہت کی جگہ کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہاردک ون ڈے ورلڈ کپ میں زخمی ہونے کے بعد کسی ٹورنامنٹ میں کھیلیں گے۔ جون میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے، سب کی نظریں بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں ہاردک کی کارکردگی پر ہوں گی۔ 
 ٹائٹنس نے ہاردک کی جگہ شبھمن گل کو اپنا کپتان مقرر کیا ہے جن کے پاس کپتانی کا بہت کم تجربہ ہے۔ ممبئی کی ٹیم فٹنیس سے متعلق مسائل سے دوچار ہے۔ اس کے اسٹار بلے باز سوریہ کمار یادو کو ابھی تک کھیلنے کی اجازت نہیں ملی ہے۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز جیسن بہرنڈورف اور دلشان مدوشنکا پہلے ہی آئی پی ایل سے باہر ہو چکے ہیں، جب کہ نئے کھلاڑی جیرالڈ کوٹزی بھی پٹھوں میں کھنچاؤ سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور وہ ابتدائی چند میچوں سے محروم ہو سکتے ہیں۔ 
 ممبئی کو۵؍خطاب جتانے والے روہت شرما اس سیزن میں خالص بلے باز کے طور پر کھیلیں گے اور وہ ورلڈ کپ سے قبل اپنی بہترین فارم حاصل کرنا چاہیں گے۔ ممبئی کے ایک اور کھلاڑی ایشان کشن کی کارکردگی پر بھی سب کی نظر رہے گی۔ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کیلئے ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی ہدایات پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے انہیں بی سی سی آئی کے سینٹرل کنٹریکٹ سے ہاتھ دھونا پڑے اور اب وہ خود کو ثابت کرنے کیلئے بے چین ہوں گے۔ 
 ہاردک کے علاوہ، ممبئی کے پاس محمد نبی اور روماریو شیفرڈ کی شکل میں اچھے آل راؤنڈر آپشنز موجود ہیں۔ جہاں تک ٹائٹنس کا تعلق ہے، گل کیلئے گزشتہ دو سیزن میں ٹیم کی مستقل مزاجی کو برقرار رکھنا ایک چیلنج ہوگا۔ گل کو ہندوستان کے مستقبل کے کپتان کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے لیکن اس سے پہلے انہیں آئی پی ایل میں خود کو ثابت کرنا ہوگا۔ گل پچھلے سیزن میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے اور ان کی ٹیم امید کر رہی ہوگی کہ کپتانی کی ذمہ داری ان کی بیٹنگ پر منفی اثر نہیں ڈالے گی۔ ٹائٹنس کو ہندوستانی تیز گیندباز محمد سمیع کی کمی محسوس ہوگی جو ایڑی کے آپریشن کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں نہیں کھیل سکیں گے تاہم ان کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ افغانستان کے اسٹار اسپنر راشد خان کمر کی انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد واپسی کر رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK