Inquilab Logo

سری لنکا کی خواتین ٹیم نے کئی ریکارڈس بنائے، چمری اور لارا کی شاندار سنچریاں

Updated: April 19, 2024, 1:09 PM IST | Agency | Potchefstroom

جنوبی افریقہ کے ۳۰۱؍رنوں کے جواب میں سری لنکا نے ۳۰۵؍رن بناکر میچ جیت لیا۔بڑے ہدف کا کامیاب تعاقب کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

South Africa`s Lara Wolfert and Sri Lanka`s Chamri Atapattu put up a brilliant batting performance. Photo: INN
جنوبی افریقہ کی لاراوولفرٹ اور سری لنکا کی چمری اٹاپٹو نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ تصویر : آئی این این

سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم کے درمیان کھیلے گئے یک روزہ بین الاقوامی میچ میں کئی ریکارڈ بنائے گئے۔ یہ میچ جیت کر سری لنکا پہلی ٹیم بن گئی ہے جس نے تعاقب کرتے ہوئے ۳۰۰؍سے زائد کا ہدف حاصل کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے نام تھا۔ آسٹریلیا نے ایسا کارنامہ ۲۰۱۲ءمیں نیوزی لینڈ کے خلاف ۲۸۹؍رنوں کا تعاقب کرتے ہوئے کیا تھا۔ سری لنکا کا ۴؍ وکٹوں پر ۳۰۵؍ اور جنوبی افریقہ کا ۵؍ وکٹوں پر ۳۰۱؍کا اسکور خواتین کے ون ڈے میں تعاقب کے دوران دونوں ٹیموں کا مشترکہ سب سے بڑا سکور ہے۔ اس سے قبل ۲۰۱۷ءکے ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ کے ۳۷۴؍رنوں کے جواب میں جنوبی افریقہ نے ۹؍ وکٹوں پر ۳۰۵؍رن بنائے تھے۔ 
چمری اٹاپٹو اور لاراو ولفرٹ نے مردوں اور خواتین کے یک روزہ میچوں کی تاریخ میں پہلی جوڑی ہے جس نے ایک میچ میں ۱۷۵؍سے زیادہ رن بنائے۔ مجموعی طور پر ۳۹۰؍ رنوں کے ساتھ ان دونوں نے ون ڈے میں ۲؍ کپتانوں کے سب سے زیادہ رن بنانے کے معاملہ میں وراٹ کوہلی اور اینجلو میتھیوز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ رانچی میں ۲۰۱۴ءمیں دونوں نے ۱۳۹؍ رنوں کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔ 
چمری کا ۱۹۵؍ ناٹ آؤٹ کا اسکور خواتین کے ون ڈے میں تعاقب کرتے ہوئے سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ میگ لیننگ کے نام تھا جنہوں نے ۲۰۱۷ءمیں سری لنکا کے خلاف ۱۵۲؍رنوں کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔ چمری کا یہ اسکور تیسرا سب سے بڑا ناقابل شکست انفرادی اسکور بھی ہے۔ اب وہ پہلی خاتون کھلاڑی بھی ہیں جنہوں نے ایک سے زیادہ مرتبہ ۱۷۵؍ سے زیادہ رن بنائے ہیں ۔ 
سری لنکا کی خواتین ٹیم نے اب تک ون ڈے میچوں میں کل ۹؍ سنچریاں اسکور کی ہیں اور یہ تمام سنچریاں چمری کے بلے سے بنی ہیں ۔ اب تک صرف ۲؍ خواتین کھلاڑی ون ڈے میں چمری سے زیادہ سنچریاں اسکور کر پائی ہیں ۔ 
 وولفرٹ کا ناٹ آؤٹ ۱۸۴؍ رن خواتین کی ون ڈے تاریخ کا پانچواں سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے جبکہ یہ ہارنے والی ٹیم کا سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ہے۔ اس سے قبل چمری نے ۲۰۱۷ءمیں آسٹریلیا کے خلاف ۱۷۸؍ رنوں کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی حالانکہ ان کی ٹیم یہ میچ ہار گئی تھی۔ 
  چمری اور نیلاکشکا سلوا کے درمیان ۱۷۹؍ رنوں کی شراکت خواتین کے ون ڈے میں پانچویں یا اس سے کم وکٹ کیلئے دوسری سب سے بڑی شراکت ہے۔ یہ سری لنکا کی خواتین ٹیم کے لئے ون ڈے میں دوسری سب سے بڑی شراکت داری بھی ہے۔ اس سے قبل ۲۰۲۳ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ان دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کیلئے ۱۹۰؍ رنوں کی ناقابل شکست شراکت داری کی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK