لارڈس میں کھیلے جا رہے میچ میں ہندوستان کے ٹاپ گیندباز شروع میں موقع کا فائدہ اٹھانے میں ناکام، نتیش ریڈی نے ۲؍وکٹیں حاصل کیں۔
EPAPER
Updated: July 11, 2025, 11:43 AM IST | Agency | London
لارڈس میں کھیلے جا رہے میچ میں ہندوستان کے ٹاپ گیندباز شروع میں موقع کا فائدہ اٹھانے میں ناکام، نتیش ریڈی نے ۲؍وکٹیں حاصل کیں۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تیز گیندباز لارڈس ٹیسٹ کے پہلے دن کے ابتدائی ۲؍سیشن میں اپنی توقع کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ ٹیم انڈیا کے چوتھے گیندباز نتیش ریڈی نے پہلے سیشن میں ایک ہی اوور میں ۲؍ وکٹیں لے کرہندوستانی ٹیم کو کچھ راحت دی، لیکن دوسرے سیشن میں جب گیند پرانی ہو گئی تو جو روٹ (ناٹ آؤٹ ۵۴) اور اولی پوپ (ناٹ آؤٹ ۴۴) نے انگلینڈ کی اننگز کو سنبھال لیا۔ ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے اور جو ٹیم یہ ٹیسٹ میچ جیتے گی، اس کے سیریز جیتنے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔ خبر لکھے جانے تک انگلینڈنے چائے وقفے تک ۴۹؍اوور میں ۲؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۵۳؍ رن بنا لئے تھے۔
پچھلے ۲؍ میچوں میں ’بیزبال‘ کھیلنے والی انگلش ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں نسبتاً سست کھیل دکھایا اور ان کے بلے بازوں نے صرف ۳ء۱۲؍ کے رن ریٹ سے رن بنائے۔ میچ سے ایک دن پہلے پچ پر جتنی گھاس تھی، وہ میچ والے دن نہیں تھی۔ یعنی اسے بلے بازوں کیلئے مددگار بنا دیا گیا۔ یہی نہیں، سورج کی روشنی کو دیکھتے ہوئے مسلسل تیسرا ٹاس جیتنے والے انگلش کپتان بین اسٹوکس نے اس بار پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پچھلے ۲؍ میچوں میں انہوں نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
لارڈس کی پچ کو دیکھتے ہوئے ٹیم انڈیا کے کپتان شبھ من گل نے تجربہ کار گیندباز جسپریت بمراہ کو پویلین اینڈ سے لگایا، جہاں سے بولر کو زیادہ موومنٹ ملتی ہے۔ یہاں پہلی بار کھیلنے والے دائیں ہاتھ کے تیز بولر آکاش دیپ کو نرسری اینڈ سے بولنگ کروائی گئی۔ تاہم، دونوں ہی نئی گیند کا فائدہ نہیں اٹھا سکے۔چائے کے وقفے پر پوپ اور روٹ کریز پر موجود تھے جبکہ زیک کراولی (۱۸) اوربین ڈکٹ (۲۳) آؤٹ ہوگئے تھے۔