Inquilab Logo

اس سال وراٹ کوہلی کے نگاہیں ۵؍ ریکارڈس پر ہوں گی،سچن سے آگے نکلنے کا موقع

Updated: January 03, 2024, 11:07 AM IST | Agency | New Delhi

ہندوستان کے اسٹار کرکٹ کھلاڑی وراٹ کوہلی کیلئے ۲۰۲۳ءکافی یادگاررہا۔ انہوں نے کئی ریکارسڈ بنائے اور توڑے۔ وہ پچھلے سال دوسرے سب سے زیادہ بین الاقوامی رن بنانے والے بلے باز تھے۔

Indian team`s star batsman Virat Kohli. Photo: INN
ہندوستانی ٹیم کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان کے اسٹار کرکٹ کھلاڑی وراٹ کوہلی کیلئے ۲۰۲۳ءکافی یادگاررہا۔ انہوں نے کئی ریکارسڈ بنائے اور توڑے۔ وہ پچھلے سال دوسرے سب سے زیادہ بین الاقوامی رن بنانے والے بلے باز تھے۔ انہوں نے ۳۵؍میچوں میں ۸؍سنچریوں اور ۱۰؍نصف سنچریوں کی مدد سے۲؍ہزار۴۸؍ رن بنائے۔انہوں نے ہندوستان کے عظیم بلے باز سچن تینڈولکر کو پچھاڑ کر سب سے زیادہ ۵۰؍ ون ڈے سنچریوں کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ وہ ون ڈے ورلڈ کپ میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ تھے۔ تاہم کوہلی کو فائنل میں شکست کا درد بھی برداشت کرناپڑاتھا۔
 ریکارڈس جو وراٹ کوہلی ۲۰۲۴ء میں توڑ سکتے ہیں 
  وراٹ کوہلی یکروزہ کرکٹ میں تیز ترین۱۴؍ہزار رن مکمل کرنے کی دہلیز پر ہیں ۔ اس کیلئے انہیں ۱۵۲؍ رن درکار ہیں ۔ انہوں نے ۲۹۲؍ میچوں میں ۱۳؍ہزار۸۴۸؍ رن بنائے ہیں ۔ اس وقت یہ ریکارڈ سچن تینڈولکر کے نام ہے جنہوں نے ۳۵۰؍ میچوں میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
  وراٹ کوہلی کو تمام فارمیٹ میں انگلینڈ کے خلاف ہندوستان کے سب سے زیادہ رن بنانے کیلئے ۲۱؍رن درکار ہیں ۔ کوہلی انگلینڈ کے خلاف ۴ ؍ ہزار بین الاقوامی رن بنانے والے پہلے ہندوستانی بلے باز بننے سے صرف ۳۰؍ رن دور ہیں ۔ واضح رہےکہ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان جنوری سے مارچ تک ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جانی ہے۔
  – وراٹ کوہلی کو ٹی۔۲۰؍کرکٹ میں ۱۲؍ ہزار رن بنانے والے پہلے ہندوستانی بننے کیلئے صرف ۳۵؍ رن درکار ہیں ۔ وہ ٹی ۔۲۰؍ کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں ۔ ان سے آگے ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، پاکستان کے شعیب ملک اور ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ ہیں ۔
  وراٹ کوہلی کو گھریلو سرزمین پر سب سے زیادہ بین الاقوامی سنچریاں بنانے والے بلے باز بننے کیلئے۵؍ سنچریاں درکار ہیں ۔ یہ ریکارڈ اس وقت سچن تینڈولکر کے کھاتے میں ہے۔ انہوں نے ۲۴؍ سالہ کریئر میں ہوم گراؤنڈ پر ۴۲؍ سنچریاں بنائی ہیں ۔
 کوہلی نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے زیادہ بین الاقوامی سنچریاں بنانے والے ہندوستانی کھلاڑی بننے کی راہ پر ہیں ۔ انہیں یہ کارنامہ انجام دینے کیلئے ایک سنچری درکار ہے۔ کوہلی اور سچن ۹۔۹؍سنچریوں کے ساتھ برابر ہیں ۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK