Updated: June 17, 2026, 1:01 PM IST
|
Agency
| Lucknow
سیریز میں برقرار رہنے کیلئے افغانستان کوہر پہلو سےبہتر کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔
ٹیم انڈیا کے کھلاڑی۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان بدھ کے روز لکھنؤ کے بھارت رتن شری اٹل بہاری واجپئی ایکانا کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں جیت حاصل کرکے تین میچوں کی سیریز پر قبضہ کرنے کی کوشش کرے گا۔ہندوستان پہلا میچ جیت چکا ہے۔ دوسری طرف، افغانستان کیلئے سیریز میں بنے رہنے کیلئے یہ میچ جیتنا ہر حال میں ضروری ہے۔ پہلے ون ڈے میں رحمان اللہ گرباز کی شاندار سنچری کے باوجود ان کی ٹیم کی بلے بازی لڑکھڑا گئی تھی۔ مہمان ٹیم اس انفرادی شاندار کارکردگی سے خود اعتمادی تو حاصل کرے گی لیکن ایک مضبوط ہندوستانی ٹیم کو چیلنج دینے کیلئے انہیں کہیں زیادہ اجتماعی کوشش (ٹیم ورک) کی ضرورت ہوگی۔ پہلے ون ڈے میں دونوں ٹیموں کے درمیان صلاحیت کا فرق صاف نظر آیا۔ جہاں گرباز کی طوفانی بلے بازی کی بدولت افغانستان نے ایک اچھا اسکور بنایا، وہیں ان کے آؤٹ ہوتے ہی ٹیم کی اننگز تیزی سے بکھر گئی۔ اس سے ان کا مڈل آرڈر کمزور ثابت ہوا جو دباؤ کی صورت حال میں اسٹرائیک روٹیٹ کرنے اور پارٹنرشپ بنانے میں جدوجہد کرتا ہوا نظر آیا۔
اس کے برعکس، ہندوستان نے آسانی سے ہدف کا پیچھا کیا، جس سے ان کی بلے بازی کی گہرائی اور اسٹرٹیجک لچک دونوں ہی ثابت ہوئیں۔ شبھ من گل نے ٹاپ آرڈر میں اپنے شاندار فارم کو جاری رکھا اور آسانی اور کنٹرول کے ساتھ اننگز کو سنبھالے رکھا۔ ایشان کشن کو نمبر تین پر بھیجنے سے مڈل اووروں میں جارحیت آئی جبکہ فنشر کے طور پر کے ایل راہل کا کردار فوری طور پر فائدہ مند ثابت ہوا ۔ ہندوستانی گیند بازی یونٹ نے بھی سیریز کے پہلے میچ میں نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا اور تیز رفتار و اسپن کا اچھا امتزاج دکھایا۔ تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ نوجوان متبادل کے آنے سے ہندوستان کو اننگز کے الگ الگ مراحل میں وکٹ لینے کے کئی متبادل ملے ہیں۔