چاندی کے تو پر ہی لگ گئے،فیوچر ٹریڈنگ میں قیمتیں ۳؍ لاکھ ۱۵؍ ہزار تک پہنچ گئیں، صرافہ بازار میں ۳؍ لاکھ ۹؍ ہزار سے تجاوز، سونا ڈیڑھ لاکھ روپے کے قریب پہنچا
EPAPER
Updated: January 20, 2026, 9:09 PM IST | New Delhi
چاندی کے تو پر ہی لگ گئے،فیوچر ٹریڈنگ میں قیمتیں ۳؍ لاکھ ۱۵؍ ہزار تک پہنچ گئیں، صرافہ بازار میں ۳؍ لاکھ ۹؍ ہزار سے تجاوز، سونا ڈیڑھ لاکھ روپے کے قریب پہنچا
منگل کو بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیاگیا اور دونوں قیمتی دھاتیں نئی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے گرین لینڈ معاملے میں یورپی ممالک پر ٹیرف کی جارحانہ دھمکیوں کے بعد تجارتی جنگ کے خدشات دوبارہ ابھرنے لگے ہیں۔ اس کی وجہ سے عالمی بازار میں بے یقینی میں اضافہ ہوا ہے اور سرمایہ کاروں نےسرمایہ کاری کیلئے محفوظ اثاثوں پرتوجہ مرکوز کرنا شروع کردیا ہے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ سونا اور چاندی جو خطرات کے دوران سرمایہ کاری کیلئے محفوظ پناہ گاہ سمجھے جاتے ہیں کی بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی ہے۔ دوسری طرف دنیا بھر کے شیئر بازار دباؤ کا شکار رہیں۔سرمایہ کار بڑھتی ہوئی جغرافیائی اور سیاسی کشیدگی کے ممکنہ اثرات کی وجہ سے الرٹ اور محتاط ہوگئے ہیں۔
سونا اور چاندی کی فیوچر ٹریڈنگ پر نظر
عالمی منڈیوں میں اسپاٹ گولڈ۴؍ ہزار ۷۰۰؍ ڈالر فی اونس کے قریب کی غیر معمولی سطحوں تک پہنچ گیا جبکہ فیوچر ٹریڈنگ میں فروری میں ڈیلیوری کیلئے امریکی گولڈ فیوچرس صبح کی تجارت میں۴؍ہزار ۷۲۰؍ ڈالر فی اونس سے اوپر چلے گئے، جو خطرات سے بچنے والے سرمایہ کاروں کی مضبوط طلب کی عکاسی کرتا ہے۔ واضح رہے کہ اسپاٹ قیمت وہ قیمت ہے جس پر آج کوئی صارف سونا یا چاندی خرید سکتاہے۔بین الاقوامی مارکیٹ میں فیوچر ٹریڈنگ میں سونا تقریباً۹۴؍ ڈالر فی اونس کی بلند سطح کو چھو گیا ہے جو حالیہ کچھ عرصہ میں اس کی مضبوط ترین کارکردگیوں میں سے ایک ہے۔ قیمتوں میں یہ اضافہ صرف عالمی بازاروں تک محدود نہیں ۔ ہندوستان میں بھی فروری ڈیلیوری کیلئے سونے کے فیوچرس تقریباً ایک لاکھ ۴۷؍ ہزار روپے فی ۱۰؍ گرام تک پہنچ گئے ہیں جبکہ چاندی کے فیوچرس ۳؍ لاکھ ۱۵؍ ہزار روپے فی کلوگرام سے اوپر چلے گئے ہیں۔
سونا اور چاندی کی فیوچر ٹریڈنگ کیا ہوتی ہے
سونے اور چاندی کی فیوچر ٹریڈنگ ایک ایسا مالی معاہدہ ہوتا ہے جس میں آج قیمت طے کر کے مستقبل کی کسی تاریخ پر سونا یا چاندی خریدنے یا بیچنے کا وعدہ کیا جاتا ہے۔ اس میں اصل دھات فوراً ہاتھ میں نہیں آتی بلکہ زیادہ تر لین دین قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے منافع یا نقصان کمانے کیلئے کیا جاتا ہے۔فیوچر ٹریڈنگ میں پوری رقم نہیں لگانی پڑتی۔صرف ایک حصہ (جسے مارجن کہتے ہیں) جمع کرانا ہوتا ہے۔ اسی لیے فائدہ زیادہ بھی ہو سکتا ہے اور نقصان بھی۔ ہندوستان میں سونے اور چاندی کی فیوچر ٹریڈنگ ایم سی ایکس (ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج)اور کچھ حد تک این سی ڈی ای ایکس پر ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:یہ تخلیقی دیوالیہ پن ہے: جاوید اختر نے فلم ’’بارڈر ۲‘‘ کے گانے دوبارہ کیوں نہیں لکھے
صرافہ بازار میں بھی چاندی ریکارڈ سطح پر
اس بیچ ہندوستان میں صرافہ بازار میں منگل کو پہلی بار ایک کلو چاندی کی قیمت ۳؍ لاکھ کے اوپر پہنچی۔ انڈین بلین اینڈ جیولرز اسوسی ایشن(اِبجا) کے مطابق منگل کو ایک کلو چاندی کی قیمت میں ۱۵؍ ہزار ۳۷۰؍ روپے کا اضافہ درج کیا گیا جس کے بعد وہ ۳؍ لاکھ ۹؍ ہزار ۳۴۵؍ روپے پر پہنچ گئی ۔ پیر کو ہندوستانی صرافہ بازار میں ۲؍ لاکھ ۹۳؍ ہزار ۹۷۵؍ روپے میں تھی۔ البتہ ایم سی ایکس پر (فیوچر ٹریڈنگ میں) چاندی کل ہی۳؍ لاکھ روپے کے پار نکل گئی تھی۔ اس سال صرف ۲۰؍ دنوں میں چاندی۷۸؍ ہزار ۹۲۵؍ روپے مہنگی ہو ئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ: ہندوستان نہ جانے کے فیصلے پر بنگلہ دیش قائم
سونا بھی تیزی سے اونچائی کی طرف گامزن
منگل کو سونا۳؍ ہزار ۴۶۳؍ روپے بڑھ کر ایک لاکھ ۴۷؍ ہزار ۴۰۹؍ روپے فی۱۰؍ گرام پر پہنچ گیا ۔ پیر کو اس کی قیمت ایک لاکھ ۴۳؍ ہزار ۹۴۶؍ روپے تھی۔ اس سال اب تک سونا۱۴؍ہزار ۲۱۴؍ روپے مہنگا ہو چکا ہے۔ گزشتہ سال یعنی۲۵ء میں سونے کی قیمت ۵۷؍ ہزار ۳۳؍ روپے(۷۵؍فیصد) اور چاندی کی قیمت ایک لاکھ ۴۴؍ ہزار ۴۰۳؍ روپے (۱۶۷؍ فیصد) بڑھی ہے۔