• Sat, 09 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یوئیفا چمپئن لیگ: بارسلونانےبائرن میونخ ۱-۴؍ سے شکست دی

Updated: October 25, 2024, 12:53 PM IST | Barcelona

ہسپانوی کلب بارسلونا نے ۲۰۱۵ء کے بعد پہلی بار جرمن کلب کو ہرایا، رافینہا کے ہیٹ ٹرک گول، بائرن میونخ کی طرف سےہیری کین نے واحد گول کیا۔

Barcelona`s Rafinha controls the ball. Photo: INN.
بارسلونا کے رافینہا بال پر قابو پاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

یوئیفا چمپئن لیگ کے نئے فارمیٹ کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں جہاں ہسپانوی کلب بارسلونا نے ۲۰۱۵ء کے بعد پہلی بار جرمن کلب بائرن میونخ کو۱-۴؍ سے شکست دے دی۔ لوئس کمپنیز اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلا گیا بارسلونا اور بائرن میونخ دونوں کا یہ رواں سیزن کا تیسرا میچ تھا جس میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں ۔ میچ شروع ہوتے ہی پہلے منٹ میں بارسلونا کے کپتان رافینہا نے بہترین گول اسکور کیا۔ گول اسکور ہونے کے بعد بائرن میونخ نے تواتر سے بارسلونا کے گول باکس میں حملے کیے اور۱۰؍و یں منٹ میں بائرن میونخ کے اسٹرائیکر ہیری کین کا گول ہوگیا لیکن چیک کرنے پر سامنے آیا کہ وہ آف سائڈ تھے جس کی بنا پر گول منسوخ ہوگیا لیکن انہوں نے جلد ہی نقصان کی بھرپائی کی اور۱۶؍ ویں منٹ میں گول کر کے اسکور ایک ایک کردیا۔ 
پہلے ہاف کا گیم انتہائی تیز کھیلا گیا حتیٰ کہ کمنٹریٹرز بھی یہ تبصرہ کرتے رہے کہ دونوں ٹیموں کو چاہئے کہ رفتار کم کریں کیونکہ ابھی پہلا ہاف بھی مکمل نہیں ہوا، وہ تھک جائیں گے۔ ۳۶؍ ویں منٹ میں بارسلونا کے اسٹرائیکر اور بائرن میونخ کے سابق کھلاڑی روبرٹ لیونڈوسکی نے گول اسکور کرکے مقابلہ۱-۲؍کردیا لیکن اپنی سابقہ ٹیم کے خلاف گول مارنے پر جشن نہیں منایا۔ اس کے ساتھ ہی یہ ان کا۹۷؍ واں چمپئن لیگ گول تھا جس کے بعد وہ چمپئن لیگ میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے تیسرے کھلاڑی بن چکے ہیں ۔ پہلے نمبر پر۱۴۰؍گول کے ساتھ کرسٹیانو رونالڈو جبکہ ۱۲۹؍ گول کے ساتھ لیونل میسی دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ پہلے ہاف کے آخری منٹ میں رافینہا نے شاندار گول اسکور کرکے بارسلونا کو۱-۳؍کی برتری دلوائی۔ دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے پے درپے حملے جاری رکھے اور بارسلونا نے شاندار موو بنایا جس میں پیڈری اور لامین یمال کے اسسٹ کی بدولت ایک بار پھر رافینہا نے گول مار کر ہیٹ ٹرک اسکور کی، یوں بارسلونا کو۱-۴؍ سے کامیابی حاصل ہوئی۔ 
یہ ۲۰۱۴ء اور۲۰۱۵ء کے چمپئن لیگ سیزن کے بعد پہلا موقع تھا کہ جب بارسلونا نے بائرن میونخ کو شکست دی، اس سے قبل۲۰-۲۰۱۹ء سیزن کے کوارٹر فائنل میں بائرن میونخ نے بارسلونا کو۲-۸؍سے دھول چٹائی تھی جس کی ہتک آج تک فٹبال شائقین محسوس کرتے ہیں۔ ۲۰۱۵ء میں بارسلونا نے بائرن میونخ کو سیمی فائنل میں شکست دی تھی جبکہ اس سیزن بارسلونا نے چمپئن لیگ اپنے نام کیا تھا ۔ اس کے بعد سے ۳؍ سیزن میں بارسلونا کی ٹکر بائرن میونخ سے ہوئی لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ان شکستوں کے باعث بارسلونا ٹورنامنٹ سے باہر ہوئی۔ مذکورہ میچ کے بعد چند حلقوں کا خیال ہے کہ بارسلونا نے۲۰۲۰ء کی شکست کا بدلہ لے لیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK