• Sun, 01 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوگنڈا کی کاویمپے مسلم لیڈیز ایف سی پہلی بار ویمنز چیمپئنز لیگ میں حصہ لے گی

Updated: October 31, 2026, 10:00 PM IST | Kampala

یوگنڈا کی کاویمپے مسلم لیڈیز ایف سی پہلی مرتبہ سی اے ایف ویمنز چیمپئنز لیگ میں ملک کی نمائندگی کرے گی، مقابلے یکم سے۱۵؍ نومبر تک مصر کے شہر قاہرہ میں ہوں گے۔ ایف یو ایف اے نے ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے۳۰؍ واپسی فضائی ٹکٹ فراہم کئے اور تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

FUFA First Vice President Justice Mugisha sends off Kawimpe Muslim Ladies FC ahead of the CAF Women`s Champions League. Image: X
ایف یو ایف اےکے پہلے نائب صدر جسٹس موگیشا نے سی اے ایف ویمنز چیمپئنز لیگ سے قبل کاویمپے مسلم لیڈیز ایف سی کو روانہ کیا۔ تصویر: ایکس

یوگنڈا اور سی ای سی اے ایف اے (CECAFA) کی چیمپئن ٹیم کاویمپے مسلم لیڈیز ایف سی کو جمعرات کی صبح ایف یو ایف اے کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران ایف یو ایف اے کے پہلے نائب صدر جسٹس موگیشا نے باضابطہ طور پر رخصت کیا۔ یہ ٹیم مصر میں ہونے والی۲۰۲۶ء کی سی اے ایف ویمنز چیمپئنز لیگ میں شرکت کیلئے روانہ ہوگی۔ اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے ساتھ ہی کاویمپے مسلم لیڈیز ایف سی ایک نئی تاریخ رقم کرے گی، کیونکہ وہ اس براعظمی مقابلے میں حصہ لینے والا یوگنڈا کا پہلا کلب ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ یکم سے۱۵؍ نومبر۲۰۲۶ء تک قاہرہ میں منعقد ہوگا۔ ٹیم کی شرکت میں تعاون کے طور پر ایف یو ایف اے نے کاویمپے مسلم لیڈیز ایف سی کو آنے جانے کے ۳۰؍فضائی ٹکٹ فراہم کئے ہیں۔ روانگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس موگیشا نے کلب کو یوگنڈا کی نمائندگی کا موقع حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور ملکی فٹ بال میں اس کی مسلسل کامیابیوں کو سراہا۔

موگیشا نے کہا، ’’کاویمپے مسلم لیڈیز ایف سی کو اس اہم سنگ میل تک پہنچنے پر مبارکباد۔ چھ مرتبہ لیگ کا خطاب جیتنا کوئی معمولی کامیابی نہیں ہے۔ یہ برسوں کی محنت، لگن اور مستقل مزاجی کا نتیجہ ہے۔ آپ نے اس موقع کو اپنی محنت سے حاصل کیا ہے اور اس بڑے مقابلے میں شرکت کی پوری مستحق ہیں۔ ‘‘ انہوں نے ٹیم کو براعظم افریقہ کے نامور کلبوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اعتماد اور بلند حوصلے کے ساتھ میدان میں اترنے کی تلقین کی۔ ان کا کہنا تھا، ’’آپ یہاں اتفاقاً نہیں پہنچے ہیں۔ مصر جائیں، فخر کے ساتھ یوگنڈا کی نمائندگی کریں اور بہترین ٹیموں کا مقابلہ کریں۔ ہمیں یقین ہے کہ آپ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں گی اور یوگنڈا کا پرچم سربلند رکھیں گی۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: میرابائی چانو’اَن فِٹ‘، عالمی ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ سے نام واپس لیا

موگیشا نے یوگنڈا میں خواتین کے فٹ بال کی ترقی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس کھیل کو فروغ دینے کیلئے کی جانے والی منظم کوششوں نے کلبوں کو ترقی کرنے اور اعلیٰ سطح کے مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’۲۰۱۵ءمیں خواتین کی فٹ بال لیگ کے آغاز کے بعد سے یوگنڈا میں اس کھیل کو مضبوط بنانے کیلئے مسلسل کوششیں کی گئی ہیں، جس کے نتیجے میں خواتین کا فٹ بال ترقی کر رہا ہے۔ کاویمپے کی کامیابی اسی پیش رفت کا حصہ ہے اور یہ ظاہر کرتی ہے کہ مسلسل سرمایہ کاری اور لگن کے ذریعے کیا کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ‘‘انہوں نے خواتین کے فٹ بال کی سرپرستی جاری رکھنے کے ایف یو ایف اے کے عزم کا اعادہ کیا اور خواتین کے کلبوں کیلئے مزید مالی امداد کی فراہمی کے معاملے کو حکومت کے سامنے اٹھانے کا وعدہ کیا۔

یہ بھی پڑھئے: رابن اتھپا ممبئی انڈینس کے بلے بازی کوچ مقرر

موگیشا نے کہا، ’’ایف یو ایف اے کاویمپے مسلم لیڈیز ایف سی کے ساتھ کھڑا ہے اور خواتین کے فٹ بال کی ترقی میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ ہم حکومت سے بھی بات کریں گے کہ خواتین کے فٹ بال کلبوں کو یوگنڈا پریمیئر لیگ کے کلبوں کی طرح مالی امداد فراہم کی جائے، تاکہ ہماری خواتین کی ٹیمیں زیادہ مسابقتی اور مالی طور پر مستحکم بن سکیں۔ ‘‘ کاویمپے مسلم لیڈیز ایف سی کے ہیڈ کوچ ایوب خلیفہ نے اس کوالیفکیشن کو کلب، اسکول، کھلاڑیوں اور۲۰۱۵ء سے اس سفر میں شامل تمام افراد کیلئے ایک اہم کامیابی قرار دیا۔ خلیفہ نے کہا، ’’یہ کاویمپے مسلم لیڈیز ایف سی اور ہمارے اس سفر میں شامل ہر فرد کیلئے فخر کا لمحہ ہے۔ ۲۰۱۵ء سے کلب نے ترقی کیلئے سخت محنت کی ہے اور سی اے ایف ویمنز چیمپئنز لیگ تک رسائی ہماری اسی لگن کا صلہ ہے۔ ہم سفر کے انتظامات کے سلسلے میں بروقت تعاون فراہم کرنے پر ایف یو ایف اے کے شکر گزار ہیں۔ ٹیم نے آئندہ چیلنج کیلئے اچھی تیاری کی ہے اور ہم مصر اس عزم کے ساتھ جا رہے ہیں کہ بھرپور مقابلہ کریں گے اور فخر کے ساتھ یوگنڈا کی نمائندگی کریں گے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: کیرالا کی۱۸؍ سالہ فٹبالر رِنشا مریم کا پرتگال میں جلوہ، کرسٹیانو رونالڈو کی مداح ہیں

انہوں نے واپسی سمیت فضائی ٹکٹ فراہم کرنے پر ایف یو ایف اے کا مزید شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس تعاون سے کلب کو براعظمی مقابلے کی تیاری میں مدد ملی ہے۔ ٹیم کی اسسٹنٹ کپتان شریفہ ناکیمرا نے یوگنڈا کے عوام سے اپیل کی کہ وہ براعظمی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنے والی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں۔ ناکیمرا نے کہا، ’’ہم اس چیلنج کیلئے تیار ہیں اور تمام یوگنڈا کے باشندوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملک کی نمائندگی کرنے کے اس موقع پر ہمارا ساتھ دیں۔ آپ کی حوصلہ افزائی ٹیم کیلئے بہت اہمیت رکھتی ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK