Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ-اسرائیل جنگ: عرب معیشتوں کو ۱۹۴؍ارب ڈالر تک نقصان کا خدشہ: یو این رپورٹ

Updated: April 01, 2026, 3:13 PM IST | New York

امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے باعث عرب معیشتوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اس تنازع سے لاکھوں افراد غربت اور بے روزگاری کا شکار ہو سکتے ہیں۔

A man is seen standing near a destroyed building. Photo: INN
ایک شخص تباہ حال عمارت کے پاس کھڑا نظر آرہا ہے۔ تصویر: آئی این این

امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ عرب معیشتوں کو چھ فیصد تک سکڑنے پر مجبور کر سکتی ہے اور لاکھوں افراد کو غربت میں دھکیل سکتی ہے، یہ بات اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کی ایک نئی رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔ یہ مطالعہ، جو منگل کی صبح شائع ہوا، فروری۲۰۲۶ء کے آخر میں شروع ہونے والی چار ہفتوں کی جنگ کے اثرات کا جائزہ لیتا ہے اور خبردار کرتا ہے کہ محدود پیمانے پر کشیدگی بھی تجارت، توانائی اور مالیاتی ذرائع کے ذریعے پورے خطے میں بڑے اثرات پیدا کر سکتی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایرانی لیڈروں کے قتل پرپاسداران انقلاب کی امریکی کمپنیوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی

رپورٹ کے مطابق عرب ممالک کی مجموعی اقتصادی پیداوار میں ۷ء۳؍ سے۰ء۶؍ فیصد تک کمی ہو سکتی ہے، جو۱۲۰؍ ارب سے۱۹۴؍ ارب ڈالر کے نقصان کے برابر ہے۔ غیر یقینی صورتحال میں اضافے کے باعث سرمایہ کاری میں شدید کمی متوقع ہے، جبکہ شپنگ میں خلل اور نقل و حمل کے بڑھتے ہوئے اخراجات کی وجہ سے برآمدات اور درآمدات بھی متاثر ہوں گی۔ مطالعے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شدید حالات میں تقریباً ۴۰؍لاکھ مزید افراد غربت کا شکار ہو سکتے ہیں، جس میں سب سے زیادہ اثر مشرقِ وسطیٰ (Levant) اور کمزور ممالک جیسے سوڈان اور یمن پر پڑے گا۔ بیروزگاری میں بھی اضافہ متوقع ہے، جہاں اندازاً ۲۵؍لاکھ سے۳۵؍ لاکھ مزید افراد اپنی ملازمتیں کھو سکتے ہیں۔ کم مہارت رکھنے والے کارکنان سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، اور بیروزگاری کی شرح میں ۵ء۴؍ فیصد پوائنٹس تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ترکی سمیت سات دیگر ممالک کی یروشلم میں عبادت پر اسرائیلی پابندیوں کی مذمت

سب سے زیادہ معاشی نقصان
یہ معاشی جھٹکا بنیادی طور پر سمندری تجارت اور توانائی کی ترسیل میں رکاوٹوں کی وجہ سے پیدا ہو رہا ہے، جس سے اخراجات بڑھے ہیں اور خاص طور پر درآمدات پر انحصار کرنے والی معیشتوں میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ مختلف خطوں پر اثرات مختلف ہوں گے۔ خلیجی ممالک اور مشرقِ وسطیٰ کے علاقے سب سے زیادہ نقصان اٹھائیں گے، جبکہ شمالی افریقہ میں ملے جلے اثرات دیکھنے کو مل سکتے ہیں، جہاں کچھ تیل برآمد کرنے والے ممالک کو توانائی کی بڑھتی قیمتوں سے فائدہ بھی ہو سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انسانی ترقی متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور کچھ ممالک میں ایک سال کی ترقی الٹ سکتی ہے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ حکومتی آمدنی میں کمی اور مالی خسارے میں اضافے سے ریاستوں کی اس بحران سے نمٹنے کی صلاحیت مزید محدود ہو سکتی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایران کا ہرمز ٹول پلان منظور، عالمی تجارت اور تیل سپلائی کو بڑا خطرہ

یاد رہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے۲۸؍ فروری سے ایران کے خلاف مشترکہ جنگ شروع کر رکھی ہے جس میں اب تک۱۳۴۰؍سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں اُس وقت کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای بھی شامل ہیں۔ ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ اردن، عراق اور ان خلیجی ممالک کو نشانہ بنایا ہے جہاں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں۔ ان حملوں سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے اور عالمی منڈیوں اور فضائی سفر میں خلل پیدا ہوا ہے۔ ایرانی حکام نے آبنائے ہرمز کو اُن جہازوں کیلئے بند کر دیا ہے جو امریکہ، اسرائیل یا اُن ممالک سے وابستہ ہیں جو تہران کے خلاف کارروائی کی حمایت کر رہے ہیں۔ جنگ کے دوران کئی آئل ٹینکرز پر بھی حملے کئےگئے جو بغیر اجازت اس راستے سے گزر رہے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK