Updated: January 12, 2026, 2:23 PM IST
|
Agency
| Harare
میچ کے ہیرو۱۴؍ سالہ ویبھو سوریہ ونشی رہے جنہوں نے صرف۵۰؍ گیندوں پر۹۶؍رن کی شاندار اننگ کھیلی،ڈی ایل ایس کے تحت ہندوستان نے میچ جیتا۔
ویبھو سوریہ ونشی مسلسل فارم میں ہیں۔ تصویر: آئی این این
ہندوستان نے آئی سی سی انڈر۱۹؍ مینس کرکٹ ورلڈ کپ۲۰۲۶ء سے قبل ایک وارم اَپ میچ میں ڈی ایل ایس طریقہ کے ذریعے اسکاٹ لینڈ کو۱۲۱؍ رنوں سے شکست دی۔ یہ میچ سنیچر کو کھیلا گیا۔میچ کے ہیرو۱۴؍ سالہ ویبھو سوریہ ونشی تھے۔ انہوں نے صرف۵۰؍ گیندوں پر۹۶؍رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس اننگز میں انہوں نے ۹؍ چوکے اور۷؍ چھکے لگائے۔ ویبھو سنچری سے صرف چار رن دور رہ گئے۔
ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ۵۰؍ اووروں میں۸؍وکٹ پر۳۷۴؍رن بنائے۔ بارش کے باعث اسکاٹ لینڈ کو۲۴؍اوورز میں ۲۳۴؍ رن کا ہدف دیا گیا۔ جواب میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم۹؍ وکٹوں پر۱۱۲؍ رن ہی بنا سکی۔سوریہ ونشی کے علاوہ تین دیگر بلے بازوں نے نصف سنچریاں بنائیں۔
ویبھو سوریہ ونشی کے علاوہ اس میچ میں ویہان ملہوترا نے ۷۷؍، ایرن ورگیز نے ۶۱؍ اور ابھیگیان کنڈو نے۵۵؍ رن بنائے۔ اس دوران کھیلان پٹیل نے۴؍رن کے عوض۳؍وکٹیں اور دپیش دریویندرن نے ۱۴؍رن کے عوض۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔
تنزانیہ نے جاپان کو۸۱؍ رن سے شکست دی
اپنے پہلے انڈر۱۹؍ ورلڈ کپ سے پہلے تنزانیہ نے جاپان کو۸۱؍ رن (ڈی ایل ایس)سے شکست دے کر ایک مضبوط پیغام دیا۔ ٹیم کے کپتان لکش بکرانیا نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ ۵۳؍ رن بنائے اور گیند کے ساتھ ۲؍ وکٹ لئے۔ تنزانیہ ۱۷؍ رن پر۳؍وکٹیں گنوانے کے بعد ایک موقع پر دباؤ میں تھا لیکن اس نے شاندار واپسی کرتے ہوئے۹؍ وکٹوں پر۲۰۴؍کاقابل احترام اسکور بنالیا۔کریم کسیٹو نے۳۴؍ اور آگسٹین موامیلے نے۲۳؍ رن بنائے۔ جواب میں جاپان، نظرثانی شدہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے، تنزانیہ کے بالنگ اٹیک کا مقابلہ نہ کرسکا اور صرف۴۵؍ رن پر ڈھیر ہوگیا۔ ادھر امریکہ اور زمبابوے، ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ، بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیے گئے۔