Updated: January 05, 2026, 3:45 PM IST
|
Agency
| Sydney
دنیا کے نمبر ۳؍ٹینس کھلاڑی الیگزینڈر زویریف نے اتوار کو سڈنی میں منعقدہ یونائیٹڈ کپ میں نیدرلینڈس کے خلاف جرمنی کو شاندار فتح دلا کر ۲۰۲۶ء کے سیزن کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔
الیگزینڈر زویریف نے سیدھے سیٹوں میں کامیابی حاصل کی۔ تصویر: آئی این این
دنیا کے نمبر ۳؍ٹینس کھلاڑی الیگزینڈر زویریف نے اتوار کو سڈنی میں منعقدہ یونائیٹڈ کپ میں نیدرلینڈس کے خلاف جرمنی کو شاندار فتح دلا کر ۲۰۲۶ء کے سیزن کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ زویریف نے نیدرلینڈس کے ٹیلن گریکسپور کو اسٹریٹ سیٹس میں۵۔۷، ۰۔۶؍ سے شکست دی۔
میچ کے پہلے سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا لیکن زویریف نے ۵۔۶؍کے اسکور پر گریکسپور کی سروس بریک کر کے پہلا سیٹ اپنے نام کیا۔ دوسرے سیٹ میں جرمن کھلاڑی مکمل طور پر حاوی رہے اور حریف کھلاڑی کو ایک بھی گیم جیتنے کا موقع نہ دیا، محض ۷؍ پوائنٹس گنوا کر ۶۔صفرسے سیٹ اور میچ جیت لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی زویریف کا گریکسپور کے خلاف ریکارڈ ۲۔۹؍ہو گیا ہے۔
زویریف کی جیت سے قبل جرمنی کی ایوا لیس نے سیزن کے اپنے پہلے میچ میں شاندار کھیل پیش کیا۔ انہوں نے نیدرلینڈس کی سوزین لیمنز کو۲۔۶،۲۔۶؍ سے شکست دے کر جرمنی کو برتری دلائی۔ میچ کے دوران ایوا لیس کو گھٹنے کی تکلیف اور چھالوں کی وجہ سے طبی امداد بھی لینا پڑی، لیکن انہوں نے ہمت نہ ہاری اور ایک گھنٹے ۳۹؍منٹ کے مقابلے کے بعد فتح سمیٹی۔
جرمنی نے مکسڈ ڈبلز کے مقابلے میں بھی اپنی برتری برقرار رکھی۔ الیگزینڈر زویریف اور لارا سیگمنڈ کی جوڑی نے گریکسپور اور ڈیمی شوئرز کو۳۔۶،۲۔۶؍سے ہرا کر گروپ ’ایف‘ کے اس مقابلے میں نیدرلینڈس کے خلاف تین صفر سے کلین سویپ مکمل کیا۔