Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایرانی کھلاڑیوں کی ورلڈ کپ میں شرکت پر امریکہ کو اعتراض نہیں

Updated: April 24, 2026, 6:06 PM IST | Tehran

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکہ کو ایرانی کھلاڑیوں کی ۲۰۲۶ء فیفا ورلڈ کپ میں شرکت پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم آئی آر جی سی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

Iranian Football Team.Photo:X
ایرانی فٹبال ٹیم کی کھلاڑی۔ تصویر:ایکس

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکہ کو ایرانی کھلاڑیوں کی ۲۰۲۶ء فیفا ورلڈ کپ میں شرکت پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم آئی آر جی سی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایران کو یہ نہیں کہا گیا کہ وہ ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر سکتا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ  نے بھی واضح کیا کہ انتظامیہ کھلاڑیوں کو متاثر نہیں کرنا چاہتی۔
فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کا آغاز ۱۱؍ جون سے ہوگا، جس کی میزبانی امریکہ، کنیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کریں گے۔مارکو روبیو نے کہا کہ مسئلہ کھلاڑیوں سے نہیں بلکہ ان افراد سے ہو سکتا ہے جنہیں ایران اپنے ساتھ لانا چاہے گا، اور جن میں بعض کا تعلق ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) سے ہو سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے افراد کو امریکہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی آر جی سی سے وابستہ افراد کو صحافی یا سپورٹ اسٹاف ظاہر کرکے ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، کیونکہ امریکہ اسے غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے چکا ہے۔ اس سے قبل ڈونالڈ ٹرمپ کے ایلچی پاولو زیمپولی نے تجویز دی تھی کہ ایران کی جگہ اٹلی کو ورلڈ کپ میں شامل کیا جائے، تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں ہوا۔
فی الحال ایران کے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے یا اس پر پابندی کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا، جبکہ فیفا نے ایران کے میچز کو امریکہ سے میکسیکو منتقل کرنے کی درخواست بھی مسترد کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:عید۲۰۲۷ء:سلمان خان کی ’’ایس وی سی۶۳‘‘ کا مقابلہ پربھاس کی ’’اسپرٹ‘‘ سے ہوگا

ایران کا ورلڈ کپ میں شرکت پر تاحال فیصلہ نہیں، کھلاڑیوں کی سلامتی اولین ترجیح
 ایران کی قومی اولمپک کمیٹی کے سیکریٹری جنرل مہدی علی نژاد نے کہا ہے کہ ایران نے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ءمیں شرکت کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ ایرانی خبر رساں ادارے اِرنا کے مطابق مہدی علی نژاد نے کہا کہ قومی فٹبال ٹیم اپنی تیاری جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم کھلاڑیوں کی سلامتی اولین ترجیح ہے اور موجودہ حالات کے باعث فیصلہ ابھی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے حالات اس لیے بھی مختلف ہیں کیونکہ ورلڈ کپ امریکہ میں منعقد ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:آئی سی سی خواتین چیلنج ٹرافی: نیپال، اٹلی، امریکہ اور روانڈا میں سخت مقابلہ


مہدی علی نژاد نے بتایا کہ جیانی انفانٹینو کی جانب سے ایران کی شرکت کے حوالے سے بیان دیا گیا تھا، تاہم ایران نے ابھی تک اس پر حتمی فیصلہ نہیں کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کر سکے گی۔مزید برآں انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران ۱۰۰؍سے زائد کھلاڑی اپنی جان گنوا چکے ہیں جبکہ کھیلوں کی تنصیبات اور اسٹیڈیم کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK