جاپانی اسٹار ناومی اوساکا نے امریکہ کی کوکو گاف کو۲۔۶،۳۔۶؍ سے شکست دے کر یو ایس اوپن کے خواتین سنگلز کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
EPAPER
Updated: September 03, 2025, 1:01 PM IST | Agency | New York
جاپانی اسٹار ناومی اوساکا نے امریکہ کی کوکو گاف کو۲۔۶،۳۔۶؍ سے شکست دے کر یو ایس اوپن کے خواتین سنگلز کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
جاپانی اسٹار ناومی اوساکا نے امریکہ کی کوکو گاف کو۲۔۶،۳۔۶؍ سے شکست دے کر یو ایس اوپن کے خواتین سنگلز کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ گھریلو شائقین کے سامنے امریکی کھلاڑی کا سفر یہیں ختم ہوگیا۔سینٹر کورٹ پر گاف کو سروس اور غیر ضروری غلطیوں کا سامنا رہا، جبکہ ۴؍ بار کی گرینڈ سلیم چمپئن اوساکا نے قابو میں رہتے ہوئے جارحانہ کھیل اور لگاتار درست شاٹس سے سب کو متاثر کیا۔ میچ کے بعد اوساکا نے کہا’’میں بس یہاں کھیلنے کا موقع چاہتی تھی۔ یہ کورٹ دنیا میں میرا سب سے پسندیدہ ہے اور یہاں واپس آنا میرے لئے بہت معنی رکھتا ہے۔‘‘
۲۷؍سالہ اوساکا کا اگلا مقابلہ چیک جمہوریہ کی ۱۱؍ویں سیڈ کیرولینا موچووا سے ہوگا۔ دیگر میچوں میں، پولینڈ کی دوسری سیڈ ایگا سواتیک نے روسی ایکاتیرینا الیگزینڈرووا کو ۱۔۶،۳۔۶؍ سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔
وینس ولیمز کا شاندار سفر جاری
خواتین ڈبلز کے تیسرے راؤنڈ میں، الیگزینڈرووا اور چین کی ژانگ شوائی کو امریکہ کی تجربہ کار وینس ولیمز اور کینیڈا کی لیلا فرنانڈیز کی جوڑی نے ۴۔۶،۳۔۶؍سے شکست دی۔میچ کے بعد وینس نے اپنی جوڑیدار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر وینس نے کہا کہ انہوں نے اپنی بہن سیرینا سےبات کی تھی اور انہوںنے انہیں کچھ اہم ٹپس بھی دیں۔میں چاہتی ہوں کہ سیرینا میچ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم میں آئیں۔
ایک اور میچ میں چین کی یوان یو اور ان کی کولمبیا کی پارٹنر کیمیلا اوسوریو کو امریکہ۔چیک جوڑی ٹیلر ٹاؤن سینڈ اور کیٹرینا سنییاکووا نے ۲۔۶،۲۔۶؍ سے ہرایا۔
جانک سنر کی یطرفہ جیت
اس سیزن میں جانک سنر نے شاندار فارم دکھائی ہے اور کم ہی کمزوری ظاہر کی ہے۔ یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں ایک موقع پر وہ ڈینس شاپووالوف کے خلاف دباؤ میں نظر آئے، جنہوں نے پہلا سیٹ جیت کر تیسرے سیٹ میں تین صفرکی برتری حاصل کر لی تھی۔اس کے بعد نمبر ایک رینک کے اطالوی کھلاڑی نے شاندار واپسی کی اور پیر کو قزاخستان کے ۲۳؍ویں سیڈ الیگزینڈر ببلک کو۱۔۶،۱۔۶،۱۔۶؍سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ یہ ان کی خطاب کی کامیاب دفاع کی طرف ایک مضبوط قدم ہے۔
میچ کے بعدسنر نے کہا’’مجموعی طور پر میں بہت خوش ہوں۔ اس سال پہلی بار یہاں نائٹ میچ کھیل رہا ہوں اور یہ بہت بڑا فرق ڈالتا ہے۔ میں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو آئے اور ہمیں حوصلہ دیا۔ یہ ہم کھلاڑیوں کیلئے بہت خاص موقع ہے۔‘‘
یہ سنر کی کسی بھی گرینڈ سلیم میں سب سے بڑی جیت ہے۔ رواں سال کے شروع میں وہ رولاں گیرو میں تیسرے راؤنڈ میں جیری لیہیکا کو ۲۔۶،۰۔۶،۱۔۶؍سے شکست دے چکے ہیں۔