آسٹریلیا انڈر ۱۹؍ کے خلاف برسبین میں ۱۴؍ سالہ بلے باز نے دھماکے دار بلے بازی کرتے ہوئے۷۸؍ گیندوں میں۱۰۰؍رن مکمل کئے۔
EPAPER
Updated: October 02, 2025, 12:59 PM IST | Agency | Brisbane
آسٹریلیا انڈر ۱۹؍ کے خلاف برسبین میں ۱۴؍ سالہ بلے باز نے دھماکے دار بلے بازی کرتے ہوئے۷۸؍ گیندوں میں۱۰۰؍رن مکمل کئے۔
ہندوستانی انڈر۱۹؍ ٹیم کے ویبھو سوریہ ونشی نے آسٹریلیا کی سرزمین ۷۸؍ گیندوں میں سنچری بناکریوتھ ٹیسٹ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ ۱۴؍ سالہ بلے باز نے دھماکے دار بلے بازی کرتے ہوئے ۸۶؍ گیندوں پر ۱۱۳؍ رن بنائے۔ ویدانت ترویدی(۱۴۰) اور ویبھو سوریہ ونشی (۱۱۳)کی شاندار سنچریوں کی بدولت ہندوستان کی انڈر۱۹؍ٹیم نے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں۸؍ رن پر ایک وکٹ لے کر اہم برتری حاصل کر لی۔
صبح کے سیشن میں بلے بازی کرتے ہوئے، ہندوستان کی انڈر۱۹؍ ٹیم کی افتتاحی جوڑی ویبھو سوریہ ونشی اور کپتان آیوش مہاترے نے پہلے وکٹ کیلئے ۴۷؍رن جوڑے۔ ہیڈن شلر نے پانچویں اوور میں آویش مہاترے(۲۱) کو آؤٹ کرتے ہوئے ہندوستان کو پہلا جھٹکا دیا۔ ہندوستان کا دوسرا وکٹ ویہان ملہوترا(۶)کی صورت میں گری۔
اگلے بلے بازی کیلئے آئے ویدانت ترویدی نے ویبھو کے ساتھ تیسرے وکٹ کیلئے ۱۵۲؍ رن کی شراکت داری کرکے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔۳۳؍ویں اوور میں ہیڈن شلر نے ویبھو سوریہ ونشی کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو تیسری کامیابی دلائی۔ ویبھو نے ۸۶؍ گیندوں پر۱۱۳؍ رن کی اننگ میں ۸؍ سکسر اور ۹؍ چوکے لگائے۔ ابھیگیان کنڈو(۲۶)، راہل کمار (۲۳) اور امبریش ۷؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ویدانت تریویدی۶۸؍ویں اوور کی پہلی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ویدانت ترپاٹھی نے ۱۹۲؍ گیندوں پر ۱۴۰؍ رن بنائے جس میں۱۹؍چوکے شامل تھے۔ کھلن پٹیل نے ۴۹؍ رن بنائے جس میں ۲؍سکسر اور ۷؍ چوکے شامل تھے۔ دن کا کھیل ختم ہونے سے کچھ دیر قبل ہندوستانی اننگز۸۱ء۳؍ اوورز میں ۴۲۸؍رن پر سمٹ گئی جس سے ہندوستان کو۱۸۵؍ رنز کی نمایاں برتری حاصل ہو گئی ۔ آسٹریلیا کی انڈر۱۹؍ٹیم کی جانب سے ہیڈن شلر اور ول مالجاچک نے ۳-۳؍ وکٹیں حاصل کیں ۔ آرین شرما نے ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ ٹام پیڈنگٹن نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
دوسری اننگز میں بلے بازی کیلئے آتے ہوئے، آسٹریلیا نے اسٹمپ پر۲ء۴؍ اوورز میں۸؍ رن پر ایک وکٹ گنوا دی تھی۔ آسٹریلیا اب بھی ہندوستان کی پہلی اننگز کے اسکور سے۱۷۷؍ رنز سے پیچھے ہے ۔ ہندوستان کی جانب سے دپیش دیویندرن نے ایک وکٹ حاصل کیا۔