انڈر ۔۱۹؍یکروزہ میچ میں تیز ترین نصف سنچری بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے۔
EPAPER
Updated: July 04, 2025, 12:36 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
انڈر ۔۱۹؍یکروزہ میچ میں تیز ترین نصف سنچری بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے۔
ویبھو سوریہ ونشی نے نارتھمپٹن میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے انڈر۔ ۱۹؍یوتھ ون ڈے میچ کے دوران تاریخ رقم کر دی۔ ویبھو نے انڈر۔ ۱۹؍مقابلے میں کسی بھی ہندوستانی کھلاڑی کے ذریعے دوسری سب سے تیز نصف سنچری بنا کر شہ سرخیاں حاصل کیں۔ ۱۴؍سالہ اس کھلاڑی نے جیمز منٹو کی گیند پر ایک لمبا چھکا لگا کر محض ۲۰؍گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی اور صرف ۳۱؍گیندوں پر ۸۶؍رن بنا ڈالے۔
بارش سے متاثر اس میچ میں انگلینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۴۰؍اوور میں ۲۶۸؍ رن بنائے تھے۔ ۲۶۹؍رنوں کے چیلنجنگ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ویبھو سوریہ ونشی نے ہندوستان کو تیز شروعات دلائی۔ کارگزار کپتان ابھیگیان کنڈو کے جلد آؤٹ ہونے کے باوجود بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے اپنی پہلی ۱۳؍ گیندوں میں ۲؍ چوکے لگا کر اپنے ارادوں کا اشارہ دیا۔ اس کے بعد انہوں نے صاف ستھری او بے خوف بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ ان کے بلے سے ۹؍ چھکے اور ۶؍ چوکے نکلے اور انہوں نے انگلش گیند بازی اٹیک کو تہس نہس کرتے ہوئے ۲۰؍ گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ اس نصف سنچری کی بدولت انہوں نے نئی تاریخ رقم کر دی۔ وہ انڈر۔ ۱۹؍کرکٹ میں ہندوستان کی طرف سے دوسرے سب سے تیز نصف سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔
ویبھو سوریہ ونشی سے پہلے انڈر۔ ۱۹؍کرکٹ میں ہندوستان کے لئے رشبھ پنت نے سب سے تیز نصف سنچری بنائی ہے۔ انہوں نے ۲۰۱۶ء انڈر۔ ۱۹؍ورلڈ کپ کے دوران نیپال کے خلاف ۱۸؍گیندوں پر یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ ویبھو سوریہ ونشی نے نہ صرف تیز نصف سنچری بنائی بلکہ من دیپ سنگھ کے ۱۶؍سال پرانے ریکارڈ کو بھی توڑ دیا۔ وہ انڈر۔ ۱۹؍ یکروزہ میچ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کے معاملے میں من دیپ سے آگے نکل گئے۔ من دیپ سنگھ نے ۲۰۰۹ءمیں آسٹریلیا انڈر۔ ۱۹؍کے خلاف ۱۵۱؍ رنوں کی اننگز کے دوران ۸؍چھکے لگائے تھے۔ ویبھو سوریہ ونشی نے اپنی ۸۶؍رنوں کی اننگز کے دوران ۹؍چھکے لگا کر ریکارڈ کو چکنا چور کر دیا۔
میچ کی بات کریں تونارتھمپٹن میں کھیلے گئے انگلینڈ کے خلاف تیسرے یکروزہ میچ میں کنشک چوہان (۳؍ وکٹ۔ اور ۴۳؍ رن ناٹ آؤٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی اور ویبھو سوریہ ونشی (۸۶) کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستانی انڈر۔ ۱۹؍ٹیم نے انگلینڈ کو ۳۳؍گیندیں باقی رہتے ۴؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ انگلینڈنے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۶؍وکٹوں کے نقصان پر۲۶۸؍ رن بنائے تھے۔