Updated: December 30, 2025, 1:58 PM IST
|
Agency
| Jaipur
ممبئی نے چھتیس گڑھ کو ۹؍وکٹوں سے روند ڈالا، شمس ملانی کے ۵؍وکٹوں کے علاوہ شاردُل ٹھاکر نے بھی ۴؍بلے بازوں کو پویلین کاراستہ دکھایا، انگکرش رگھونشی نے فاتح ٹیم کیلئے ہاف سنچری بنائی۔
شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کرنے والے ممبئی کے اسپن گیندباز شمس ملانی ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ میدان سے باہر آتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
شاردُل ٹھاکر اور شمس ذاکر ملانی کی برق رفتار اور کاری ضربوں نے مقابلے کا پانسہ پل بھر میں پلٹ دیا۔ وجے ہزارے ٹرافی کے ایلیٹ گروپ’ سی‘ میچ میں ممبئی نے چھتیس گڑھ کو ۹؍ وکٹوں سے عبرتناک شکست دے کر اپنی برتری ثابت کر دی۔
ٹاس جیت کر ممبئی نے پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا جو مکمل طور پر درست ثابت ہوا۔ شاردُل ٹھاکر نے صرف ۱۳؍ رنوں کے عوض ۴؍ وکٹیں حاصل کر کے بیٹنگ لائن کو ہلا کر رکھ دیا جبکہ شمس ملانی نے ۳۱؍رن دے کر ۵؍ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ان کی شاندارگیندبازی کے سامنے چھتیس گڑھ کی پوری ٹیم ۳۸ء۱؍اوور میں ۱۴۲؍ رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔ چھتیس گڑھ کی جانب سے کپتان امن دیپ کھیرے (۶۸) اور اجے منڈل (۴۶) ہی کچھ مزاحمت دکھا سکے، باقی بلے باز دہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔
جواب میں ۱۴۳؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ممبئی کے بلے بازوں نے کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا۔ انگکرش رگھونشی (ناٹ آؤٹ ۶۸) اور سدھیش لاڈ (ناٹ آؤٹ ۴۸) کی شاندار بلے بازی نے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔ ممبئی نے ۲۴؍اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر ۱۴۴؍رن بنا کر مقابلہ باآسانی اپنے نام کر لیا۔
انگکرش رگھونشی اور ایشان ملچندانی نے اوپننگ میں ۴۲؍ رن جوڑے، تاہم نویں اوور میں ہرش یادو نے ایشان (۱۹) کو آؤٹ کر کے پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد سدھیش لاڈ میدان میں اترے اور انگکرش کے ساتھ ۱۰۲؍رنوں کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کر کے ممبئی کو شاندار فتح سے ہمکنار کر دیا۔
دہلی نے سوراشٹرا کو شکست دی
نویدِیپ سینی کی آل راؤنڈ کارکردگی اور بلے بازوں کی جرأت مندانہ بیٹنگ کی بدولت دہلی نے وجے ہزارے ٹرافی ایلیٹ گروپ’ ڈی‘ کے ایک ہائی اسکورنگ اور اعصاب شکن مقابلے میں سوراشٹرا کو ۷؍ گیندیں باقی رہتے ۳؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔
ٹاس جیت کر دہلی نے پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ سوراشٹر ۷؍وکٹوں پر ۳۲۰؍رن اسکور کئے۔ جواب میں دہلی نے۵ء۴۸؍اوور میں ۷؍وکٹ گنواکر ۳۲۱؍رن بناکر میچ جیت لیا۔پریانش آریہ نے سب سے زیادہ ۷۸؍رن بنائے۔
دھرو کی سنچری،رنکو کی ہاف سنچری،یو پی نےبڑودہ کو ہرادیا
دھرو جوریل کی شاندار اور ناقابلِ شکست سنچری نے میدان لوٹ لیا جبکہ کپتان رِنکو سنگھ کی ذمہ دارانہ نصف سنچری اور گیند بازوں کی منظم کارکردگی کی بدولت اتر پردیش نے وجے ہزارے ٹرافی ایلیٹ گروپ ’بی ‘کے مقابلے میں بڑودہ کو ۵۴؍ رنوں سے شکست دے کر اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
ٹاس جیت کر بڑودہ نے پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا مگر اتر پردیش کے بلے بازوں نے جلد ہی دباؤ کو پسِ پشت ڈال دیا۔ ابھیشیک گوسوامی اور آرین جویال نے اوپننگ میں ۷۷؍ رن جوڑ کر مضبوط بنیاد رکھی۔ اگرچہ درمیانی اوورز میں وکٹیں گریں مگر دھرو جوریل نے ایک سرے کو تھامے رکھا اور اننگز کو سنبھال لیا۔
اصل موڑ اس وقت آیا جب کپتان رِنکو سنگھ میدان میں اترے۔ دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کیلئے۱۴۴؍ رنوں کی شاندار شراکت نے مقابلے کا رخ مکمل طور پر بدل دیا۔ رِنکو سنگھ نے ۶۳؍رنوں کی جارحانہ اننگز کھیلی،جبکہ دھرو جوریل نے بلے سے قیامت ڈھا دی۔ انہوں نے محض ۱۰۱؍ گیندوں پر ۱۵؍ چوکوں اور ۸؍ چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست ۱۶۰؍رن بنا کر اسکور کو۳۶۹؍ تک پہنچا دیا۔
جواب میں ۳۷۰؍ رنوں کے پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بڑودہ کی ٹیم بھرپور کوشش کے باوجود مقررہ ۵۰؍ اوورز میں ۳۱۵؍ رن ہی بنا سکی۔ کپتان کرنال پانڈیا (۸۲) اور شاشوت راوت (۶۰) نے مزاحمت کی مگر دیگر بلے باز تسلسل برقرار نہ رکھ سکے۔اتر پردیش کی جانب سے ذیشان انصاری نے ۳؍ وکٹیں حاصل کر کے فتح کی راہ ہموار کی جبکہ سمیر رضوی اور وِپرج نگم نے دو، دو شکار کئے۔ یوں دھرو جوریل کی اننگز اور ٹیم کی اجتماعی کارکردگی نے اس مقابلے کو یادگار فتح میں بدل دیا۔