• Wed, 28 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ونود کھوسلہ نے ایلون مسک پر نسل پرستی کا الزام لگایا، مسک نے کھوسلہ کوذہنی مریض کہا

Updated: January 28, 2026, 5:27 PM IST | New York

ایلون مسک اور ونود کھوسلا کے درمیان نسل پرستی اور سفید فام برتری کے الزامات پر سوشل میڈیا پر لفظی جنگ چھڑ گئی۔ ونود کھوسلہ نے تمام غیر سفید فام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ٹیسلا اور اسپیس ایکس چھوڑ کر ان کمپنیوں میں شامل ہوں جو ان کے پورٹ فولیو میں شامل ہیں۔

Musk And Khosla.Photo:INN
ایلون مسک اور ونود کھوسلہ۔ تصویر:آئی این این

امریکی ارب پتی، ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے  ہند نژاد وینچر کیپیٹلسٹ ونود کھوسلہ کے ساتھ آن لائن تکرار کی، جس میں کھوسلہ نے مسک پر سفید فام برتری کا الزام لگایا۔ مسک نے جواب میں کھوسلہ کو ’’خود پسند احمق‘‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ  ’’مکمل طور پر پاگل ہو چکے ہیں۔ ‘‘ ونود کھوسلہ نے مسک کا ایک پرانا پوسٹ شیئر کیا جس میں مسک نے اس بات پر تشویش ظاہر کی تھی کہ دنیا کی آبادی میں سفید فام افراد کی تعداد تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ مسک نے ایک اعداد و شمار شیئر کیا تھا جس کے مطابق ۱۹۰۰ء میں دنیا کی سفید فام آبادی ۳۶؍ فیصد تھی، جو اب کم ہو کر۸؍ فیصد رہ گئی ہے۔ کھوسلہ نے اس پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ مسک کا نقطۂ نظر نسلی تعصب پر مبنی ہے  اور تمام غیر سفید فام ملازمین سے اپیل کی کہ وہ نوکریاں چھوڑ دیں اور وہاں سے دور ہو جائیں۔ کھوسلہ نے لکھا کہ ’’ایلون مسک ایم اے جی اے   نہیں چاہتے ہیں، وہ ڈبلیو اے جی اے   یعنی ’’وہائٹ امریکہ گریٹ اگین‘‘چاہتے ہیں ، جہاں نسل پرستی کو اچھا اور قابلِ خواہش سمجھا جاتا ہے۔ ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس   وغیرہ میں کام کرنے والے تمام غیر سفید فام افراد اور تمام بااخلاق سفید فام لوگ نوکری چھوڑ دیں اور ہماری کمپنیوں میں شامل ہوں۔ ہمیں اپنا لنکڈ اِن ای میل کریں!‘‘
 اس پر مسک نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے کھوسلہ کو توہین آمیز الفاظ میں مخاطب کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’’
 ونود، تم نہ صرف ایک انتہائی خود پسند انسان ہو جس نے اپنے گھر کے قریب عوامی ساحل کے استعمال کو روکنے کی کوشش کی، بلکہ تم مکمل طور پر پاگل بھی ہو چکے ہو۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:ذاکر خان نے کامیڈی سے وقفہ لینے کی وجہ جینیاتی بیماری بتائی

مسک نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان میں کوئی منطق نہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ان کی ساتھی شیون زیلس  ہند نژاد ہیں  اور انہوں نے اپنے ایک بچے کا نام  ہندوستانی  ماہرِ طبیعیات چندر شیکھر کے نام پر رکھا ہے۔ شیون زیلس ایک کینیڈین ٹیکنالوجی ایگزیکٹیو اور وینچر کیپیٹلسٹ ہیں اور ان کے مسک کے ساتھ چار بچے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ سے قبل ہندوستانی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں نمایاں بہتری

مسک نے لکھا  ’’میری  ساتھی شیون آدھی  ہندوستانی  ہیں  اور ان کے ساتھ میرا سب سے بڑا بیٹا مایہ ناز  ہندوستانی طبیعیات دان چندر شیکھر کے نام پر رکھا گیا ہے۔‘‘ مسک اور کھوسلہ  کے درمیان اس سے قبل بھی اختلافات رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کھوسلہ  نے اوپن اے آئی کے خلاف مسک کے مقدمے پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ مسک کی تنقید دراصل کمپنی پر اثر و رسوخ کھو دینے کی وجہ سے ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK