ہندوستانی ٹیم کے سابق بلے باز نے کہاکہ میرے خیال میں وہ اس فارمیٹ میں کھیلنا جاری رکھنا چاہتے تھےلیکن انہیں موقع نہیں ملا۔
EPAPER
Updated: May 15, 2025, 2:27 PM IST | Agency | New Delhi
ہندوستانی ٹیم کے سابق بلے باز نے کہاکہ میرے خیال میں وہ اس فارمیٹ میں کھیلنا جاری رکھنا چاہتے تھےلیکن انہیں موقع نہیں ملا۔
ہندوستان کے سابق کپتان محمد کیف نے دعویٰ کیا ہے کہ وراٹ کوہلی کو بی سی سی آئی اور سلیکٹرس کی جانب سے متوقع حمایت نہیں ملی جس کی وجہ سے انہوں نے اپنے ٹیسٹ کرکٹ کریئر کو فوری طور پر ختم کر دیا۔ کوہلی، جنہوں نے۱۲۳؍ میچوں میں ۴۶ء۸۵؍ کے اوسط سے۹۲۳۰؍ رن بنائے ہیں، نے پیر کو انسٹاپر فوری اثر کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ ان کا یہ فیصلہ ہندوستانی کپتان روہت شرما کے ٹیسٹ سے ریٹائرڈ ہونے کے ۵؍ دن بعد آیا ہے۔
ہندوستانی ٹیم کے سابق بلے باز نے کہاکہ میرے خیال میں وہ اس فارمیٹ میں کھیلنا جاری رکھنا چاہتے تھے۔ بی سی سی آئی کے ساتھ کچھ اندرونی بات چیت ہوئی ہوگی، سلیکٹرس نے پچھلے ۵۔۶؍ برسوں میں ان کے فارم کا حوالہ دیا ہوگا اور انہیں بتایا ہوگا کہ شاید اب ان کی ٹیم میں جگہ نہیں ہے۔ ہم کبھی نہیں جان سکیں گے کہ کیا ہوا، یہ اندازہ لگانا بہت مشکل ہے کہ پردے کے پیچھے واقعی کیا ہوا تھا۔ کیف نے کہا کہ ’’ آخری لمحات کے فیصلے پر غور کرتے ہوئے، رنجی ٹرافی کھیلنے کے بعد میں یقیناًسوچتا ہوں کہ وہ اگلے ٹیسٹ کیلئے واپس آنا چاہتے ہیں۔گزشتہ چند ہفتوں میں ہونے والی پیش رفت کو دیکھتے ہوئے، انہیں بی سی سی آئی اور سلیکٹرس سے وہ حمایت نہیں ملی جس کی انہیں توقع تھی۔
حالیہ دنوں میں، کوہلی ٹیسٹ میں مسلسل اسکور کرنے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے ۲۵/۲۰۲۴ء بارڈر-گاوسکر ٹرافی سیریز کی۹؍ اننگز میں۱۹۰؍ رن بنائے جس میں ہندوستان ۱۔۳؍سے ہار گیا۔ ان میں سے۱۰۰؍ رن پرتھ میں ناٹ آؤٹ دوسری اننگز میں بنے۔ کیف کو لگتا ہے کہ کوہلی کی آسٹریلیا میں رن بنانے میں جلد بازی بھی اس بات کا اشارہ ہے کہ ان کا ٹیسٹ کریئر تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ `وہ بارڈر گاوسکر ٹرافی ۲۵۔۲۰۲۴ء میں رن بنانے کی جلدی میں نظر آئے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں آپ کو گھنٹوں میدان پر رہنا پڑتا ہے اور سخت محنت کرنی پڑتی ہے، جو وہ پہلے بھی کر چکے ہیں، لیکن ڈرائیو کرنے کی کوشش کے دوران گیند مسلسل اس سے کنارہ لے جاتی ہے، مجھے لگا کہ ان کا صبر تھوڑا کم ہے۔ شاید وہ سوچ رہے تھے کہ `میں اپنے کریئر کے آخری مرحلے میں ہوں، شاندار سنچری بنانے کا کیا فائدہ، پہلے ان کے پاس صبر کا ایک الگ درجہ ہوتا تھا، وہ گیندوں کو چھوڑ دیتے ، اپنا وقت نکالتے، بولرس کو تھکا دیتے اور پھر انہیں نیچے کر دیتے، لیکن میں نے آسٹریلیا میں انہیں ایسا کرتے نہیںدیکھا۔
` سلپ پر آؤٹ ہونے کا یہ طریقہ شاید ظاہر کرتا ہے کہ وہ کریز پر گھنٹے گزارنے کیلئے تیار نہیں تھے۔ بی سی سی آئی کے ساتھ بات چیت اور ریڈ بال کرکٹ میں خود شناسی نے یہ فیصلہ کیا ہو گا۔ اگرچہ کیف کو یقین تھا کہ روہت اس سال کے شروع میں سڈنی ٹیسٹ کیلئے دستیاب نہ ہونے کے بعد ٹیسٹ سے ریٹائرڈ ہو جائیں گے، لیکن پھر بھی انہوں نے کوہلی کے طویل فارمیٹ کو چھوڑنے پر حیرت کا اظہار کیا۔کیف نے کہاکہ `دوسری طرف و راٹ کے فیصلے نے مجھے الجھن میں ڈال دیا ہے۔ جی ہاں، پچھلے کچھ برسوں میں ان کے ٹیسٹ کریئر میں ان کے اعدادوشمار میں کمی آئی ہے لیکن ایک فٹ۳۶؍ سالہ وراٹ کوہلی لوٹ سکتے ہیں، جیسا کہ وہ پہلے ثابت کر چکے ہیں۔ ایسا لگتا تھا کہ وہ چند سال کھیل کر نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کریں گے۔ یہ بہت ذاتی فیصلہ ہے، انہوں نے ہمیشہ کہا کہ یہ ان کا پسندیدہ فارمیٹ ہے۔ اگر آپ ان کا کوئی انٹرویو دیکھیں تو وہ ہمیشہ ٹیسٹ فارمیٹ کی تعریف کرتے ہیں۔ وہ اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں کیونکہ وہ سخت چیلنجوں سے محبت کرتے تھے اور اکثر نوجوانوں کو ٹیسٹ کرکٹ کو ختم ہونے سے بچانے کیلئے اس کے راستے پر چلنے کی ترغیب دیتے تھے۔ وہ نوجوانوں سے ٹیسٹ کیپس لینے کیلئے کہتے تھے اور وراٹ کوہلی سے ہندوستانی کرکٹ کو بہت فائدہ ہوا۔
کوہلی کے بغیر ٹیسٹ کرکٹ بے لطف :وان
وراٹ کوہلی کے ٹیسٹ کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ سے صدمے کا شکار انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کیلئے اتنا کام کسی اور کھلاڑی نے نہیں کیا جتنا ہندوستان کے اسٹار بلے باز نے کیا ہے۔ وان نے اپنے کالم میں لکھاکہ ’’ `ایسے بہت کم لوگ ہیں جو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرڈ ہوئے ہیں جن کے جانے سے مجھے دکھ ہوا ہے کہ مجھے انہیں دوبارہ کھیلتے ہوئے دیکھنے کا موقع نہیں ملے گا۔ مجھے افسوس ہے کہ اب ہم انگلینڈ کے دورے یا مستقبل میں وراٹ کوہلی کو سفید جرسی میں نہیں دیکھ پائیں گے۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا’’ `مجھے صدمہ ہے کہ وہ اب ریٹائرڈ ہوچکے ہیں اور اداس بھی۔ مجھے نہیں لگتا کہ کسی اور بلے باز نے ٹیسٹ فارمیٹ کیلئے اتنا کام کیا ہے۔‘‘