Inquilab Logo

وشاکھاپٹنم ٹیسٹ :ہندوستانی گیندبازوں نے انگلش ’بیزبولرس‘ کو دبوچ لیا

Updated: February 05, 2024, 9:40 PM IST | Visakhapatnam

ہندوستان نے ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ ۱۰۶؍رن سے جیت لیا۔ سیریز ۱۔۱؍ سے برابر۔تیز گیندباز جسپریت بمراہ کی شاندار کارکردگی پر انہیں پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا

Indian Cricket Team.Photo.PTI
ہندوستانی کرکٹ ٹیم۔(تصویر:(پی ٹی آئی)

ہندوستان نے گیند بازوں کی کوششوں سے پیر کو انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن۱۰۶؍ رن  سے شکست دے کر ۵؍ ایک روزہ میچوں کی سیریز۱۔۱؍ سے برابر کر دی۔ پیرکو آر اشون کے ۳؍ وکٹ، جسپریت بمراہ کے ۳؍ وکٹ اور مکیش کمار، کلدیپ یادو اور اکشر پٹیل کے  ایک ایک وکٹ کی مدد سے ہندوستان نے انگلینڈ کو ۶۹ء۲؍ اوور میں۲۹۲؍ رن پر آؤٹ کرکے چائے سے قبل ۱۰۶؍ رن سے میچ جیت لیا۔
انگلینڈ نے پیر کی صبح کھیل کا آغاز اتوار کے ایک وکٹ پر۶۷؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔۲۲؍ ویں اوور میں اکشر پٹیل کو ہندوستان کی جانب سے دن کا پہلاوکٹ۲۳؍ رن پر ایل بی ڈبلیو کرکے ریحان احمد کی شکل میں حاصل کیا۔ اس کے بعد۲۹؍ ویں اوور میں اشون نے۲۳؍ رن پر روہت کے ہاتھوں اولی پوپ کو کیچ آؤٹ کروا کر انگلینڈ کو تیسرا جھٹکا دیا۔ پہلے سیشن میں انگلینڈ کے بلے باز تقریباً ۵؍ رن فی اوور کے اوسط سے رن بنا رہے تھے۔ اس سیشن میں جہاں انگلینڈ نے۱۲۷؍ رن  بنائے وہیں ہندوستان نے اس کے ۵؍ اہم بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔ روی چندرن اشون نے جو روٹ کو۱۶؍ رن پر اکشر پٹیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کا پانچواں وکٹ کلدیپ یادو نے جیک کراؤلی کی شکل میں لیا ۔ ۷۳؍ رن پر ایل بی  ڈبلیو آؤٹ کرکے جھٹکا دیا۔
اس کے بعد جسپریت بمراہ نے۲۶؍  رن  پر جونی بیرسٹو کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شریاس ایّر نے کپتان بین اسٹوکس کو۱۱؍ رن پر رن ​​آؤٹ کرکے انگلینڈ کو ساتواں جھٹکا دیا۔ تاہم اس کے بعد بین فاکس اور ٹام ہارٹلی نے کچھ دیر اننگز کو قابو میں رکھا اور تیز رفتاری سے رن  بنائے۔ بمراہ نے بین فاکس کو۳۶؍ رن  پر اپنی ہی گیند پر کیچ کرکے پویلین بھیج دیا اور کچھ دیر بعد مکیش کمار نے شعیب بشیر کو صفر پر بھرت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا دیا۔ بمراہ نے۷۰؍ویں اوور میں ٹام ہارٹلی کو۳۶؍ رن پر آؤٹ کرکے انگلینڈ کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم ۶۹ء۲؍ اوورس میں۲۹۲؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے ۵؍ ایک روزہ میچوں کی سیریز۱۔۱؍ سے برابر کر دی۔
اس سے قبل گزشتہ روز شبھمن گل کی ۱۰۴؍ رن کی سنچری اور اکشر پٹیل کی۴۵؍ رن کی اننگز کی بدولت ہندوستان نے دوسری اننگز میں ۲۵۵؍ رن بنا کر۳۹۸؍ رن کی بڑی برتری حاصل کر لی تھی۔ انگلینڈ کی جانب سے ٹام ہارٹلی  نے ۴؍ وکٹ حاصل  کئے تھے۔ ریحان احمد نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے تھے۔ جیمس اینڈرسن نے ۲؍ اور شعیب بشیر نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیاتھا۔ سنیچر کو یشسوی جیسوال کی ۲۰۹؍رن کی شاندار ڈبل سنچری سے ہندوستان نے پہلی اننگز میں۳۹۶؍ رن بنائے۔ اس کے بعد جسپریت بمراہ نے۴۵؍ رن کے عوض ۶؍ وکٹوں کا شاندار اسپیل کیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK