ہندوستان کی خواتین ویٹ لفٹر میرابائی چانو نے ورلڈ ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ ۲۰۲۵ءمیں خواتین کے ۴۸؍ کلوگرام زمرے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
EPAPER
Updated: October 04, 2025, 11:52 AM IST | Agency | Ford, D (Norway)
ہندوستان کی خواتین ویٹ لفٹر میرابائی چانو نے ورلڈ ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ ۲۰۲۵ءمیں خواتین کے ۴۸؍ کلوگرام زمرے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
ہندوستان کی خواتین ویٹ لفٹر میرابائی چانو نے ورلڈ ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ ۲۰۲۵ءمیں خواتین کے ۴۸؍ کلوگرام زمرے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
چانو نے مجموعی طور پر ۱۹۹؍کلوگرام وزن اٹھایا، جس میں ۸۴؍کلوگرام اسنیچ اور ۱۱۵؍ کلوگرام کلین اینڈ جرک شامل تھے اور اس طرح مجموعی درجہ بندی میں دوسرا مقام حاصل کیا۔ اسنیچ میں انہوں نے۸۴؍ کلوگرام اٹھا کر مضبوط آغاز کیا، اگرچہ ۸۷؍ کلوگرام کے دونوں کوششوں میں ناکام رہیں۔ تاہم ۸۴؍کلوگرام کا کامیاب تھرو انہیں اسنیچ میں کانسے کا تمغہ دلانے کے لئے کافی تھا۔ کلین اینڈ جرک میں انہوں نے ۱۰۹؍ کلوگرام سے آغاز کیا، پھر ۱۱۲؍کلوگرام اور آخر میں ۱۱۵؍ کلوگرام کامیابی سے اٹھایا، جس سے انہیں کلین اینڈ جرک اور مجموعی طور پر چاندی کا تمغہ ملا۔یہ میرابائی چانو کا ۲۰۲۲ء کے بعد پہلا ورلڈ چمپئن شپ میڈل ہے۔ پیرس ۲۰۲۴ءاولمپکس میں چانو چوتھے مقام پر رہنے کے بعد یہ ان کا دوسرا بڑا بین الاقوامی مقابلہ تھا۔
موجودہ عالمی چمپئن جنوبی کوریا کی ری سونگ گم نے مجموعی طور پر ۲۱۳؍کلوگرام (۹۱؍کلوگرام اسنیچ ۱۲۲؍کلوگرام کلین اینڈ جرک) اٹھا کر سونے کا تمغہ جیتا اور کلین اینڈ جرک میں ۱۲۲؍کلوگرام نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ تھائی لینڈ کی تھانیا تھون سُکچارون نے ۱۹۸؍کلوگرام (۸۸۔۱۱۰) اٹھا کر کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔
یہ ہندوستان کا ورلڈ ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ میں ۱۸؍واں تمغہ ہے۔ اب تک ہندوستان کے کھاتے میں مجموعی طور پر ۳؍ سونے، ۱۰؍ چاندی اور ۵؍ کانسے کے تمغے شامل ہیں اور یہ سب خواتین کھلاڑیوں کے نام ہیں۔گزشتہ مہینے میرابائی چانو نے احمد آباد میں منعقدہ کامن ویلتھ ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ ۲۰۲۵ءمیں سونے کا تمغہ جیت کر شاندار واپسی کی۔ انہوں نے مجموعی طور پر ۱۹۳؍کلوگرام وزن اٹھایا (۸۴؍کلوگرام اسنیچ ۱۰۹؍کلوگرام کلین اینڈ جرک) اور پہلا مقام حاصل کیا۔ اس سونے کے تمغے کے ذریعے وہ براہِ راست گلاسگو ۲۰۲۶ءکامن ویلتھ گیمز کے لئے کوالیفائی بھی ہو گئیں۔