Updated: December 08, 2025, 2:04 PM IST
|
Agency
| Bhadreswar
ریاست کے ہگلی ضلع کی بھدریشور میونسپلٹی کی انوکھی مہم، اس اقدام کا مقصد نہ صرف شہر کو پلاسٹک سے پاک کرنا بلکہ غریبوں کی مدد کرنابھی ہے۔
بھدریشور کےمیونسپل ملازمین لوگوں سے پلاسٹک وصول کرکے انہیںکھانے کا کوپن دے رہے ہیں۔ تصویر:آئی این این
شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے جہاں میونسپلٹیاں صفائی کارکن تعینات کرتی ہیں، وہیں مغربی بنگال کے ضلع ہگلی کی بھدرشیور میونسپلٹی نے اس مقصد کیلئے ایک منفرد اور متاثر کن طریقہ اختیار کیا ہے۔ میونسپلٹی نے اعلان کیا ہے کہ جو شہری پلاسٹک کا کچرا جمع کرکے لائیں گے، انہیں ریاست کی معروف ’ماں کینٹین‘ سے مفت کھانا فراہم کیا جائے گا۔’ ای ٹی وی بھارت‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق بھدرشیور کے مختلف علاقوں، خصوصاً جھگی بستیوں اور جیوٹ مل کالونیوں میں پلاسٹک کا بڑتا ہوا استعمال اور بے تحاشہ کچرا شہر کے ماحول اور ڈرینج سسٹم کیلئے خطرہ بنتا جا رہا تھا۔ اس صورتِ حال کو مدنظر رکھتے ہوئے میونسپلٹی نے سوشل میڈیا اور عوامی مقامات پر بینرز کے ذریعے مہم شروع کی ہے جس کے مطابق۵۰۰؍ گرام پلاسٹک پر ایک فوڈ کوپن، ایک کلو پلاسٹک پر۲؍ کوپن،۲؍کلو پلاسٹک پر پانچ کوپن فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ان کوپنوں کے ذریعے شہری پال باگان میونسپل لاج میں قائم ’ماں کینٹین‘ سے مفت کھانا حاصل کر سکتے ہیں۔ یہاں صرف۵؍ روپے میں انڈا بھات اور سویا بین کری جیسا معیاری کھانا دیا جاتا ہے، لیکن پلاسٹک جمع کرنے والے شہریوں کے لیے یہ کھانا بالکل مفت ہے۔ میونسپلٹی کے چیئرمین پرلَے چکرورتی کے مطابق اس اقدام کا مقصد نہ صرف شہر کو صاف رکھنا ہے بلکہ ایسے غریب افراد کی مدد کرنا بھی ہے جو۵؍ روپے بھی ادا نہیں کر سکتے۔ ان کے مطابق پچھلے چند سال میں ماں کینٹین نے بے شمار بے گھر افراد، مریضوں اور مزدور طبقے کو سہولت فراہم کی ہے۔
تقریباً۳۰۰؍سے زائد لوگ پہلے ہی اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ مقامی باشندے اسے شہر کے ماحول اور سماجی بہبود کے لیے انقلابی قدم قرار دے رہے ہیں۔ ایک شہری بمل رائے نے بتایا کہ’’ میں نے۲؍ کلوپلاسٹک جمع کر کے۵؍کوپن حاصل کیے۔ یہ مہم نہ صرف ماحول کو صاف رکھنے میں مدد دے رہی ہے بلکہ غریبوں کیلئے ایک نعمت ہے۔‘‘اسی طرح، گولپ کرمکار نے کہا’’ میں روزانہ ماں کینٹین سے کھانے پر انحصار کرتا ہوں۔اگر تھوڑی سی محنت سے پلاسٹک جمع کر کے ہم کئی دن کا مفت کھانا حاصل کر سکتے ہیں تو یہ معاشرے کیلئے ہماری جانب سے ایک چھوٹی سی خدمت ہوگی۔‘‘ اس مہم نے شہریوں میں صفائی کا احساس بیدار کیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ پلاسٹک سڑک یا نالی میں پھینکنے کے بجائے مخصوص جگہ پر جمع کیاجائے۔