• Thu, 09 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویسٹ انڈیز کا بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے اور ٹی ۲۰؍ سیریز کے لئے الگ الگ اسکواڈ کا اعلان

Updated: October 09, 2025, 3:43 PM IST | Dubai

ویسٹ انڈیز نے نوجوان بلے باز اقیم آگستے کو بنگلہ دیش کے خلاف اگلی ون ڈے سیریز کے لئے پہلی بار قومی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق اقیم آگستے زخمی ایون لیوس کی جگہ اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔

Women Cricket Team.Photo:INN
ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم۔ تصویر:آئی این این

ویسٹ انڈیز نے نوجوان بلے باز اقیم آگستے کو بنگلہ دیش کے خلاف اگلی ون ڈے سیریز کے لئے پہلی بار قومی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق اقیم آگستے زخمی ایون لیوس کی جگہ اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں، ایون لیوس کلائی کو انجری کے باعث سیریز سے باہر کر دیا گیا ہے۔ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے اقیم آگستے کی شمولیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اقیم آگستے کا سلیکشن اس بات کی عکاسی کرتاہے کہ کرکٹ ویسٹ انڈیز ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر آگے لانے کے لئے ایک واضح راستہ مہیا کر رہا ہے۔ 
وہ ہمارے مستقبل کے اہم کھلاڑی ہیں اور انڈر۱۵؍ سے لے کر سینئر سطح تک ترقی کی عمدہ مثال ہیں۔اقیم آگستے کے ساتھ ساتھ اسپن بولر کاری پیئر کی بھی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، جو حال ہی میں ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ  آغاز کر چکے ہیں۔ وہ گُڈاکیش موتی اور روسٹن چیز کے ساتھ تیسرے اسپنر کی حیثیت سے شامل ہیں۔اسی طرح نوجوان آل راؤنڈر الیک اتھینزبھی ایک سال بعد اسکواڈ میں واپس آئے ہیں۔ 
ٹی ۲۰؍ سیریز کے لیے رامون سائمنڈز اور عامر جنگو کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ سائمنڈز نے حالیہ سی پی ایل میں شاندار کارکردگی پیش کرتے ہوئے۱۳؍وکٹ  حاصل کئے اور نیپال کے خلاف اپنے دوسرے ہی ٹی ۲۰؍ میچ میں۱۵؍ رن دے کر۴؍ کھلاڑی آؤٹ کئے تھے۔عامر جنگو کپتان شائی ہوپ کے لیے بیک اپ وکٹ کیپر کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔سیریز سے پہلے ویسٹ انڈیز کے چند کھلاڑی، جن میں اقیم آگستے، موتی، کیسی کارٹی، شیر فین ردرفورڈ اور عامر جنگو شامل ہیں، چنئی سپر کنگز اکیڈمی میں تربیتی کیمپ میں حصہ لیں گے تاکہ وہاں کے حالات سے ہم آہنگی حاصل کی جا سکے۔ 
ڈائریکٹر آف کرکٹ مائلز باسکوم نے کہاکہ ۲۰۲۶ء کے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہمیں اپنے کھلاڑیوں کو برصغیر کے حالات میں زیادہ سے زیادہ تجربہ دینا ہے۔ یہ کیمپ نہ صرف فٹنیس بلکہ ٹیکنیکل تیاری کے لئے بھی اہم ہے۔دورۂ بنگلہ دیش کے لئے ویسٹ انڈیز کے ون ڈے اسکواڈ میں شائی ہوپ (کپتان)، الیک اتھینز، اقیم  آگستے، جیڈیا بلیڈز، کیسی کارٹی، روسٹن چیز، جسٹن گریوز، عامر جنگو، شمر جوزف، برینڈن کنگ، گڈاکیش موتی، پیئر، شیرفین ردرفورڈ، جیڈن سیلز اور روماریو شیفرڈ شامل ہیں ۔
اسی طرح دورۂ بنگلہ دیش کے لئے ویسٹ انڈیز کا ٹی ۲۰؍اسکواڈ :شائی ہوپ (کپتان)، الیک  اتھینز، اقیم آگستے، روسٹن چیز، جیسن ہولڈر، عقیل حسین، عامر جنگو، شمر جوزف، برینڈن کنگ، گڈاکیش موتی، روومین پاول، شیرفین رودرفورڈ، جیڈن سیلز، روماریو شیفرڈ اور رامون سائمنڈز پر مشتمل ہے۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان ۳؍ ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز۱۸؍ اکتوبر کو پہلے میچ سے ہوگا جو شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم،ڈھاکہ میں کھیلاجائے گا۔سیریز کے بقیہ میچ بالترتیب۲۱؍ اور ۲۳؍ اکتوبر ۲۰۲۵ءکو کھیلے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK