Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیا ایڈن مارکرم، رشبھ پنت کی جگہ ایل ایس جی کی قیادت سنبھالیں گے؟

Updated: August 03, 2026, 10:09 PM IST | Lucknow

آئی پی ایل ۲۰۲۷ء سے قبل لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی ) کی کپتانی کو لے کر قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ رشبھ پنت کے ٹیم سے الگ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کے ٹی۲۰؍ کپتان ایڈن مارکرم کا نام نئے کپتان کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔

Aiden Markram.Photo:INN
ایڈن مارکرم۔ تصویر:آئی این این

آئی پی ایل ۲۰۲۷ء سے قبل لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی ) کی کپتانی کو لے کر قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ رشبھ پنت کے ٹیم سے الگ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کے ٹی۲۰؍ کپتان ایڈن مارکرم کا نام نئے کپتان کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔ تاہم مارکرم نے پہلی بار اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں خود بھی معلوم نہیں کہ فرنچائز کیا فیصلہ کرے گی۔

یہ بھی پڑھئے:اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے پہلے ہفتے میں ۹۲؍ کروڑ ۷۰؍ لاکھ ڈالر کی کمائی


 کپتانی پر مارکرم کی خاموشی ٹوٹ گئی
 دی ہنڈریڈ میں مانچسٹر سپر جائنٹس کی قیادت کر رہے مارکرم سے جب ایل ایس جی کی کپتانی کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ مکمل طور پر فرنچائز کا فیصلہ ہوگا۔ مارکرم نے کہا’’ مجھے بالکل نہیں معلوم۔ ٹیم مینجمنٹ جسے بہترین سمجھے گی، وہی کپتان بنے گا۔ ہمارے پاس کئی اچھے لیڈرز موجود ہیں۔ مجھے اس بات کی فکر نہیں کہ کپتان کون بنتا ہے۔ جو بھی ذمہ داری سنبھالے گا، وہ اچھا کام کرے گا۔ فی الحال میں نے اس بارے میں زیادہ نہیں سوچا۔‘‘
 مچل مارش اور نکولس پوران بھی مضبوط امیدوار
مارکرم کے علاوہ آسٹریلیا کے ٹی۲۰؍کپتان مچل مارش بھی ایل ایس جی کی کپتانی کے اہم دعویدار سمجھے جا رہے ہیں۔ اسی طرح ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر بلے باز نکولس پوران بھی قیادت کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے ایم آئی نیویارک کو دو مرتبہ میجر لیگ کرکٹ ( ایم ایل سی)  کا چیمپئن بنایا جبکہ  ایم آئی ایمریٹس  کو  آئی ایل ٹی ۲۰؍ ۲۰۲۴ء کا ٹائٹل بھی دلوایا تھا۔ اس طرح لکھنؤ سپر جائنٹس کے پاس کپتانی کے کئی مضبوط متبادل موجود ہیں۔
گزشتہ دو سیزن ایل ایس جی کے لیے مایوس کن
لکھنؤ سپر جائنٹس کی کارکردگی گزشتہ دو آئی پی ایل سیزن میں توقعات کے مطابق نہیں رہی۔ ٹیم آخری مرتبہ ۲۰۲۳ء میں پلے آف تک پہنچی تھی۔ اس کے بعد  آئی پی ایل ۲۰۲۵ء میں ساتویں نمبر پر رہی، جبکہ آئی پی ایل ۲۰۲۶ء میں پوائنٹس ٹیبل میں آخری مقام پر ختم کیا۔
 آئی پی ایل ۲۰۲۶ء میں مارکرم کی کارکردگی
ایڈن مارکرم کے لیے بھی آئی پی ایل ۲۰۲۶ء زیادہ کامیاب ثابت نہیں ہوا۔ انہوں نے ۱۲؍ میچوں کی ۱۱؍اننگز  میں۲۳۱؍ رنز بنائے۔ ان کی اوسط۶۶ء۲۵؍ جبکہ اسٹرائیک ریٹ۳۲ء۱۳۸؍ رہا۔ وہ پورے سیزن میں ایک بھی نصف سنچری نہ بنا سکے، اور بعد میں انہیں اوپننگ سے ہٹا کر نچلے نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا۔

یہ بھی پڑھئے:کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۶ءختم ،۲۰۳۰ء کی میزبانی ہندوستان کے سپرد


دی ہنڈریڈ میں بطور کپتان
مارکرم اس وقت پہلی مرتبہ دی ہنڈریڈ میں  مانچسٹر سپر جائنٹس کی قیادت کر رہے ہیں۔ انہوں نے اب تک  پانچ میچوں میں ۱۱۷؍ رنز  بنائے ہیں اور ان کا اسٹرائیک ریٹ ۱۷ء۱۲۷؍ ہے۔ وہ ٹیم کے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔ تاہم ان کی ٹیم کو پانچ میچوں میں صرف دو فتوحات ملی ہیں۔ حال ہی میں ایم آئی لندن  کے خلاف انہوں نے ٹورنامنٹ کی پہلی نصف سنچری اسکور کی، لیکن ٹیم کو ۴۵؍ رنز  سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ راشد خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ایڈن مارکرم کا نام ایل ایس جی کی کپتانی کے لیے زیرِ غور ہے، لیکن فی الحال فرنچائز کی جانب سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا، اور ٹیم مینجمنٹ سیزن کے جائزے کے بعد ہی نئے کپتان کا اعلان کرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK