Inquilab Logo Happiest Places to Work

یو ایس اوپن خطاب جیتنے والے کو ۴۴؍کروڑ روپے انعام میں ملیں گے

Updated: August 08, 2025, 11:46 AM IST | Agency | New York

سال کے آخری گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کیلئے مجموعی طور پر ۲۰؍فیصد رقم کا اضافہ کیا گیا ہے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

ومبلڈن کا جوش و خروش ختم ہو چکا ہے اور اب سال کا آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن ۲۴؍اگست سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس مقابلے سے قبل ہی یو ایس اوپن میں تمام مقابلوں کی مجموعی انعامی رقم تقریباً ۸۵؍ملین ڈالر (۷۴۵؍ کروڑ روپے) تک پہنچ جائے گی، جس میں خواتین اور مرد سنگلز فاتحین کو ریکارڈ ۵؍ملین ڈالر (تقریباً ۴۴؍ کروڑ روپے) ملیں گے۔ کھلاڑیوں کیلئے مجموعی ادائیگی میں ۲۰؍فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے یہ ٹینس کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم بن گئی ہے۔ 
  یو ایس ٹینس اسوسی ایشن (یو ایس ٹی اے) نے اس سال کے آخری گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے لئے انعامی رقم کا اعلان کیا۔ ٹورنامنٹ کا آغاز ۱۹؍ اگست کو ایک نئے مکسڈ ڈبلز مقابلے سے ہوگا، جس کی فاتحانہ رقم ایک ملین ڈالر (تقریباً ۸ء۷۷؍کروڑ روپے) ہوگی۔ اس بار سنگلز مقابلے ۲۴؍اگست سے شروع ہوں گے۔ یہ پہلی بار ہوگا کہ ان مقابلوں کی مدت ۱۴؍دن سے بڑھا کر ۱۵؍ دن کر دی گئی ہے۔ 
 فلشنگ میڈوز میں ان اضافوں کی وجہ یہ ہے کہ حالیہ مہینوں میں ٹینس کے سرکردہ کھلاڑی چاروں گرینڈ سلیم کے منتظمین (یو ایس اوپن، ومبلڈن، فرینچ اوپن، آسٹریلین اوپن) سے زیادہ آمدنی اور فیصلہ سازی کے عمل میں شراکت داری کا مطالبہ کر رہے تھے۔ نوواک جوکووچ، کوکو گاف، ۲۰۲۴ءکی فاتح آرینا سبالینکا اور جانیک سنرسمیت ۲۰؍کھلاڑیوں نے مارچ میں گرینڈ سلیم کے منتظمین کو ایک خط بھیجا تھا، جس میں زیادہ انعامی رقم اور کھلاڑیوں کی بات سننے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ 
انعامی رقم کچھ اس طرح ہوگی
فاتح: ۴۴؍کروڑ روپے۔ رنر اپ۲۲؍کروڑ روپے۔ سیمی فائنلسٹ: ۱۱؍کروڑ روپے۔ 
چاروں گرینڈ سلیم جیتنے والے کھلاڑیوں کو ملنے والی انعامی رقم
آسٹریلین اوپن-۵ء۱۷؍کروڑ روپے۔ فرینچ اوپن: ۵ء۲۱؍ کروڑ روپے۔ ومبلڈن:۳۵؍کروڑ روپے۔ یو ایس اوپن: ۴۴؍کروڑ روپے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK