• Thu, 11 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

خواتین ہاکی ٹیم نے جنوبی کوریا کو روند دیا

Updated: September 10, 2025, 10:04 PM IST | New Delhi

ہندوستانی ہاکی ٹیم کا شاندار کھیل کا سلسلہ ہنوز جاری ہے اس نے۲۰۲۵ء خواتین ہاکی ایشیا کپ میں سپر ۴؍میچ میں جنوبی کوریا کو شکست دے دی۔ ٹیم نے بدھ کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۲۔۴؍ سے کامیابی حاصل کی۔

Women Hockey Match.Photo:INN
خواتین کا ہاکی میچ۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی ہاکی ٹیم کا شاندار کھیل کا سلسلہ ہنوز جاری ہے اس نے۲۰۲۵ء خواتین ہاکی ایشیا کپ میں سپر ۴؍میچ میں جنوبی کوریا کو شکست دے دی۔ ٹیم نے بدھ کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۲۔۴؍ سے کامیابی حاصل کی۔ ویمنز ہاکی ایشیا کپ چین کے شہرہانگ ژو میں کھیلا جا رہا ہے۔ ہندوستان کی جانب سے ویشنوی وٹھل، سنگیتا کماری، لالریمسیامی اور رتوجا پسل نے ایک ایک گول کیا۔ کوریا کی جانب سے دونوں گول کم یوجین نے کئے۔ ہندوستان کا اگلا میچ  جمعرات کی شام ساڑھے ۴؍بجے چین کے خلاف کھیلا جائے گا۔ سنگیتا کماری کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ہندوستان کو پہلے کوارٹر کے پہلے ہی منٹ میں پنالٹی کارنر ملا۔ یہاں ادیتا نے دائیں جانب نیچا شاٹ لیا جسے گول کیپر نے روک دیا لیکن گیند پوسٹ پر کھڑی ویشنوی کے پاس چلی گئی۔ ویشنوی نے فوراً گیند کو گول میں ڈال دیا۔  ہاف ٹائم تک ہندوستان۰۔۱؍ سے آگے تھا ہندوستان کو پہلے اور دوسرے کوارٹر میں کل ۶؍پنالٹی کارنر ملے۔ اس میں ٹیم صرف ایک گول کر سکی۔ درمیان میں کورین ٹیم نے بھی حملہ کیا تاہم ہاف ٹائم تک ٹیم کا کوئی کھلاڑی گول نہ کر سکا۔ 

یہ بھی پڑھیئے:فٹبال: رونالڈو نے ورلڈ کپ کوالیفائر میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ برابر کر دیا

ہندوستان  نے تیسرے کوارٹر کے آغاز سے ہی حملہ کیا۔ میچ کے۳۲؍ویں منٹ میں سنگیتا کماری نے برتری کو دُگنا کردیا۔ سلیمہ ٹیٹے نے گیند کو مڈفیلڈ میں ڈالا جو ڈیفلیکٹ ہو کر رتوجا کے پاس پہنچ گئی۔ رتوجا نے شاندار پاس دیا اور سامنے کھڑی سنگیتا نے آسانی سے گیند کو گول میں ڈال دیا۔ ۳۳؍ویں منٹ میں کم یوجین نے پنالٹی کارنر پر تیز رفتار کم شاٹ مارا جو سیدھا ہندوستانی ریشر سنالیتا کو کراس کرتے ہوئے گول میں چلا گیا۔ یہاں اسکور۱۔۲؍گول  ہوگیا۔  ہندوستان  کی جانب سے۳۹؍ویں منٹ میں لالریمسیامی نے گول کیا۔ میچ کے۳۹؍ویں منٹ میں ہندوستان  نے پھر دو گول کی برتری حاصل کر لی۔ یہاں ہندوستان کو پنالٹی کارنر ملا، جس میں ٹیم کوئی گول نہیں کر سکی۔ اس کے بعد ہندوستان کو ایک لمبا کارنر ملا۔ ادیتا نے سرکل میں شاندار پاس دیا، جہاں سیامی نے ڈیفنڈر کو روکا اور پیچھے ہٹ کر شوٹ  مار دیا۔ کوریائی گول کیپر گیند کو واضح طور پر نہیں دیکھ سکی اور گیند ان کے نیچے جا کر گول میں  داخل ہوگئی۔ میچ کے۵۳؍ویں منٹ میں جنوبی کوریا کے کم یوجین نے پنالٹی کارنر پر دوسرا گول کر کے جوش و خروش  بھر دیا تھا۔ یہاں ہندوستان کی برتری صرف ایک گول پر سمٹ گئی۔ اسکور۲۔۳؍ گول  رہا۔ 
آخری لمحات میں رتوجا کے گول نے فتح کو یقینی بنایا۔ چوتھے کوارٹر میں کم یوجین کے دوسرے گول کے بعد کورین ٹیم نے ہندوستان پر حملہ کیا۔۵۹؍ویں منٹ میں رتوجا پسل نے شاندار فیلڈ گول کیا۔ یہاں ادیتا نے پنالٹی کارنر سے پہلا شاٹ لیا جسے گول کیپر نے روک دیا لیکن گیند رتوجا کے پاس گئی۔ انہوں نے آگے جا کر گیند کو گول میں ڈال دیا۔  پول مرحلے میں  ہندوستان سرفہرست رہا ۔ہندوستان نے پول مرحلے میں ۳؍ میچ کھیلے۔ ٹیم نے تھائی لینڈ کو۰۔۱۱؍ سے شکست دی، جاپان کے ساتھ۲۔۲؍ سے ڈرا اور سنگاپور کو۰۔۱۲؍گول  سے ہرا کر ٹاپ پر رہا اور سپر۴؍ میں جگہ بنائی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK