• Wed, 17 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویمنس کرکٹ : آج ہندوستان کیلئے سیریز برابر کرنے کا موقع

Updated: September 17, 2025, 1:26 PM IST | Agency | Malanpur

پہلے میچ میں شانداربلے بازی اور قابل دفاع اسکور کے باوجودہندوستانی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس میچ میں بھی ٹاپ آر ڈر پر بڑی ذمہ داری عائد ہوگی۔

The Indian team practicing at the Maharaja Yadvendra Singh International Cricket Stadium. Photo: PTI
ہندوستانی ٹیم مہاراجہ یادویندر سنگھ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پریکٹس کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

پہلے یکروزہ میں۸؍ وکٹوں سے  جیت کے بعد آسٹریلیائی خواتین ٹیم ہندوستان کے خلاف ایک اور سیریز جیتنے کے قریب ہے ۔ہندوستان کے خلاف پچھلے ۱۰؍ مقابلوں میں سے ۹؍ میں جیت اور مجموعی طور  پر۵۷؍ میں سے۴۷؍میں فتح، یہ ایک ایسا ریکارڈ ہے جو چیمپئن ہونے کی دلیل ہے۔ وہ مہاراجہ یادویندر سنگھ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پُراعتماد اور ڈریسنگ روم میں بھی بھرپور حوصلے کے ساتھ اُتر رہی ہیںلیکن ہندوستانی خواتین ٹیم بھی مقابلے کیلئے تیار ہے ۔ وہ پہلے میچ میں اگرچہ پیچھے رہ گئے تھے مگر ہرمن پریت کور کی ٹیم کیلئے کچھ مثبت پہلو بھی تھے۔ اسمرتی مندھانا اور  پرتیکا راول نے ٹاپ آرڈر میں ۱۱۷؍ رن کی شاندار شراکت قائم کرکے ایک جارحانہ اسکور کی بنیاد رکھی تھی۔
 مندھانا کے کور پر لگائے گئے شاندار ڈرائیو اور راول کے فاسٹ بولرز کے سامنے تحمل نے شائقین کو جوش دلایا۔ ہرلین دیول نے شاندار نصف سنچری لگا کر اسکور کو آگے بڑھایا اور یہ دکھایا کہ ہندوستان کے پاس آسٹریلیا کو ہرانے کی صلاحیت ہے۔مشکلیں درمیانی اووَرز میں آئی تھیں۔ ہرمن پریت کا اینابیل سدرلینڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہونے اور دیگر وکٹوں کا گرنے سے ہندوستان کی رفتار  دھیمی پڑگئی۔ رچا گھوش، دپتی شرما اور رادھا یادو نے کارآمد کارکردگی دکھائی۔ ہندوستان کا اسکور ۲۸۱؍ رن سے زیادہ ہوسکتا تھا۔  بہر حال میچ میں چار کیچ چھوٹے اور کچھ بکھری ہوئی گیند بازی نے آسٹریلیا کو اپنی حکمت ِ عملی مضبوط کرنے کا موقع دےدیا ۔آج کے میچ میںہندوستانی ٹاپ آرڈر پر ایک  بار پھر بڑی ذمہ داری عائد ہوگی۔
 آج کے مقابلے میں ہندوستان کو پہلی گیند سے ہی جار حانہ رویہ اپنانا ہوگا۔ ہرمن پریت کو بیٹ سے قیادت سنبھالنی ہوگی۔ ان کے رنز مندھانا، راول اور دیول کی کوششوں کو مضبوطی دے سکتے ہیں۔جمیما روڈریگز اور رچا کو درمیانی اوورز میں آسٹریلوی دباؤ کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ گیند پر دیپتی شرما کا کنٹرول، اسنیہ رانا کی آل راؤنڈ کارکردگی اور کرانتی گوڑ کا وکٹ لینے کا ہنر اہم ہوگا۔ اگر وہ لِچفیلڈ اور مُونی کو روکنا چاہتے ہیں تو انہیں صبر سے اپنی لائن اور لینتھ پر گیند ڈالنی ہوگی۔
  خراب فیلڈنگ کی وجہ سے پہلے ون ڈے میں شکست کا سامنا کرنے والی ہندوستانی خواتین ٹیم کو اگر آسٹریلیا کے خلاف ۳؍ میچوں کی سیریز میں واپسی کرنی ہے تو اسے بدھ کو یہاں ہونے والے دوسرے میچ میں کھیل کے ہر شعبے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔کپتان ہرمن پریت کور کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے بلے بازی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس نے پرتیکا راول، کرشماتی سلامی بلے باز  اسمرتی مندھانا اور ہرین دیول کی نصف سنچریوں کی بدولت ایک مشکل اسکور بنایا۔ لیکن ہندوستانی ٹیم کی فیلڈنگ اچھی نہیں تھی جو اس کی شکست کی وجہ بنی۔
 ہندوستانی ٹیم اس ماہ کے آخر میں شروع ہونے والے خواتین کے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاری کر رہی ہے جہاں اسے آسٹریلیا سے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایسے میں کسی بھی شعبے میں غلطی ہو جائے تو اسے بڑا نقصان ہو گا۔پہلے ون ڈے میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے ۴؍ کیچ ڈراپ کئے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آسٹریلیا ۲۸۱؍ رن کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ اگر ہندوستان کو دوسرا ون ڈے جیتنا ہے تو اسے اپنی فیلڈنگ میں کافی بہتری لانی ہوگی۔
 دوسری جانب آسٹریلیائی ٹیم جس طرح کی کارکردگی دکھا رہی ہے، اس نے خود کو آٹھواں ورلڈ کپ جیتنے کا مضبوط دعویدار بنا لیا ہے۔ الیسا ہیلی کی قیادت والی ٹیم ورلڈ کپ سے قبل اپنی جیت کی مہم جاری رکھنے کیلئے پُرعزم ہوگی۔
 ہندوستان کو اپنے اسپن اٹیک کی بنیاد پر ورلڈ کپ میں فتح کا دعویدار سمجھا جا رہا ہے لیکن اس کے اسپنر نے پہلے ون ڈے میں مایوس کیا ۔ ہندوستان نے اس میچ میں چار اسپنرز کو میدان میں اتارا تھا لیکن صرف اسنیہ رانا ہی وکٹیں لے سکے۔ دیپتی شرما، شری چرانی اور رادھا یادیو ایک بھی وکٹ نہ لے سکیں۔ویمنز پریمیئر لیگ کھیلنے کی وجہ سے آسٹریلیا کی کھلاڑی ہندوستانی کنڈیشنز سے اچھی طرح واقف ہیں جس کا انہیں فائدہ ہو رہا ہے۔آسٹریلیا کی نائب کپتان ٹاہلیا میک گرا نے سیریز سے قبل درست کہا تھا کہ ان کے کھلاڑی بہت خوش قسمت ہیں کہ انہیں وقتاً فوقتاً ہندوستان کا دورہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔
 اگر ہندوستان کو سیریز برابر کرنی ہے تو اس کی مڈل آرڈر بلے باز جمیما روڈریگس، وکٹ کیپر بلے باز ریچا گھوش اور دپتی شرما کو بھی تحمل سے کھیلنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK