Updated: November 14, 2025, 1:44 PM IST
|
Agency
| New Delhi
عظیم کھلاڑی نے کہاکہ ۱۹۸۳ءمیں بھی ٹیم سے بہت وعدے کئے گئے تھے لیکن سب جھوٹے نکلے۔
ہندوستان کے سابق کپتان سنیل گاوسکر۔ تصویر: آئی این این
ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے اپنی پہلی ون ڈے ورلڈ کپ فتح کے بعد ملک بھر میں جشن کا سماں قائم کر دیا ہے۔ ہرمن پریت کور کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے اس ماہ کے اوائل میں نوی ممبئی میں تاریخی کامیابی حاصل کی جس کے بعد کھلاڑیوں کو حکومت اور مختلف برانڈز کی جانب سے انعامات، تعریفوں اور تہنیتی تقریبات کانہ رُکنے والا سلسلہ شروع ہوا ہے لیکن ہندوستان کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز سنیل گاوسکر نے خاتون کھلاڑیوں کو ایک اہم مشورہ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ ہر اُس وعدے پر یقین نہ کریں جو ورلڈ کپ کی کامیابی کے بعد ان سے کیا جا رہا ہے، کیونکہ ماضی میں ایسے کئی وعدے صرف شہرت حاصل کرنے کے لئے کئے گئے مگر پورے نہیں ہوئے۔
گاوسکر نے اپنے کالم میں کیا لکھا؟
گاوسکر نے اپنے کالم میں لکھا : ’’لڑکیوں کے لیے ایک چھوٹا سا مشورہ : اگر کچھ وعدے پورے نہ ہوں تو مایوس نہ ہوں۔ ہندوستان میں اشتہاری ادارے، برانڈز اور مختلف عناصر فوراً جیتنے والوں کے کندھوں پر چڑھ کر اپنی تشہیر کا موقع ڈھونڈتے ہیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ اگر ٹیم کو مبارکباد دینے والے اشتہارات اور ہورڈنگز دیکھیں تو اندازہ ہوگا کہ بیشتر ادارے صرف اپنی تشہیر کر رہے ہیں، حالانکہ ان کا ٹیم یا کھلاڑیوں سے کوئی تعلق نہیں۔یہ ادارے محض اپنے برانڈ یا نام کو نمایاں کرنے کیلئے آپ کی جیت کا سہارا لیتے ہیں اور اصل ہیرو یعنی کھلاڑیوں کو کچھ نہیں دیتے۔‘‘
۱۹۸۳ء کی یادیں اورگاوسکر کا تجربہ
سنیل گاوسکر نے اپنی۱۹۸۳ء کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ اُس وقت بھی ہندوستان کے تاریخی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد میڈیا میں کئی وعدے اور دعوے کئے گئے تھے مگر ان میں سے زیادہ تر کبھی پورے نہیں ہوئے۔گاوسکر نے ان موقع پرستوں کو’بے شرم‘قرار دیتے ہوئے کہا ’’۱۹۸۳ء کی ٹیم کے ساتھ بھی یہی ہوا۔ اُس وقت بہت سے وعدے کئےگئے، میڈیا میں زبردست کوریج ملا لیکن تقریباً سب وعدے جھوٹے نکلے۔ میڈیا کو الزام نہیں دیا جا سکتا کیونکہ وہ بھی ان بڑے وعدوں کو خوشی سے شائع کر رہا تھا، مگر وہ یہ نہیں جانتا تھا کہ انہیں بھی یہ ’بے شرم‘ لوگ استعمال کر رہے ہیں۔‘‘
انعامات کا اعلان
خاتون ٹیم کیلئے ورلڈ کپ جیتنے کے بعد بی سی سی آئی نے ۵۱؍ کروڑ نقد جبکہ آئی سی سی نے۴۰؍ کروڑکے انعام کا اعلان کیا ہے۔اس کے علاوہ کئی ریاستی حکومتوں کی جانب سے بھی کچھ کھلاڑیوںکو انفرادی طورپر نقد رقم کا اعلان کیاگیا ہے۔