Inquilab Logo Happiest Places to Work

ورلڈ کپ ۲۶ء: میسی نے میراڈونا کا ریکارڈ توڑ کر نیا سنگِ میل قائم کیا

Updated: July 04, 2026, 7:03 PM IST | Dales

ارجنٹائنا کے کپتان لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں ایک اور تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے ڈیاگو میراڈونا کا ریکارڈ توڑ دیا۔ کیپ ورڈے کے خلاف راؤنڈ آف ۳۲؍ کے سنسنی خیز مقابلے میں میسی نے اپنا نواں ورلڈ کپ اسسٹ دے کر ٹورنامنٹ کی تاریخ کے سب سے زیادہ اسسٹ کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا۔ میسی نے اس میچ میں ایک گول بھی کیا، جس کے بعد وہ ورلڈ کپ میں لگاتار آٹھ میچوں میں گول کرنے والے پہلے فٹ بالر بھی بن گئے۔

Diego Maradona and Messi. Photo: INN
میرا ڈونا اور میسی۔ تصویر: آئی این این

ارجنٹائناا کے کپتان لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک اور سنہرا باب رقم کرتے ہوئے مرحوم ڈیاگو میراڈونا کا دیرینہ ریکارڈ توڑ دیا۔ دفاعی چیمپئن ارجنٹائناا کی کیپ ورڈے کے خلاف ۳۔۲؍ کی اضافی وقت میں کامیابی کے دوران میسی نے اپنا نواں ورلڈ کپ اسسٹ درج کیا اور یوں وہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ اسسٹ کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ آٹھ اسسٹ کے ساتھ ڈیاگو میراڈونا کے پاس تھا، تاہم میسی نے ایک اور تاریخی کارکردگی کے ذریعے اپنے عظیم پیش رو کو پیچھے چھوڑ دیا۔ میسی نے اس میچ میں صرف اسسٹ ہی نہیں کیا بلکہ ۲۹؍ ویں منٹ میں شاندار گول بھی اسکور کیا، جس کے ساتھ وہ فیفا ورلڈ کپ کے مسلسل آٹھ میچوں میں گول کرنے والے دنیا کے پہلے فٹ بالر بن گئے۔ یہ گول ورلڈ کپ کی تاریخ میں میسی کا ۲۰؍ واں گول بھی تھا، جس نے انہیں ٹورنامنٹ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں مزید مضبوط مقام دلایا۔ اس کے ساتھ ہی وہ ورلڈ کپ کے دو مختلف ایڈیشنز میں سات، سات گول کرنے والے پہلے فٹ بالر بھی بن گئے۔

یہ بھی پڑھئے: فیفا ورلڈکپ: ارجنٹائنا نے میچ ، کیپ ورڈے نے دل جیتا

۲۰۲۲ء کے قطر ورلڈ کپ میں ارجنٹائناا کو عالمی چیمپئن بنانے کے دوران سات گول کرنے والے ۳۹؍ سالہ میسی نے اب ۲۰۲۶ء کے ورلڈ کپ میں بھی سات گول مکمل کر لیے ہیں اور گولڈن بوٹ کی دوڑ میں مضبوط امیدوار بن گئے ہیں۔ میچ سے قبل میسی اور فرانس کے کائلین ایمباپے چھ، چھ گول کے ساتھ ٹورنامنٹ کے مشترکہ ٹاپ اسکورر تھے، تاہم تازہ ترین گول کے بعد میسی اس فہرست میں تنہا سرفہرست آ گئے۔ راؤنڈ آف ۳۲؍ کے اس مقابلے میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے والی کیپ ورڈے نے پراعتماد آغاز کیا اور ابتدائی لمحات میں راین مینڈس کی قیادت میں کئی حملے کیے، تاہم ارجنٹائناا نے آہستہ آہستہ کھیل پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ ۲۹؍ ویں منٹ میں لیسانڈرو مارٹینیز کے طویل پاس پر میسی نے بہترین کنٹرول کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند کو طاقتور شاٹ کے ذریعے اوپری کونے میں پہنچا کر ارجنٹائناا کو برتری دلائی۔
دوسرے ہاف میں کیپ ورڈے نے شاندار واپسی کی۔ ریان مینڈس کے پاس پر ڈیروئے ڈوارٹے نے سخت زاویے سے گول کر کے نہ صرف مقابلہ برابر کیا بلکہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنے ملک کا پہلا گول بھی اسکور کیا۔ ارجنٹائناا نے اس کے بعد کئی مواقع پیدا کیے، لیکن کیپ ورڈے کے تجربہ کار گول کیپر ووزنہا نے متعدد اہم سیوز کر کے میچ کو اضافی وقت تک پہنچا دیا۔ اضافی وقت کے آغاز میں لیسانڈرو مارٹینیز نے کارنر کک کے بعد قریب سے گیند جال میں پہنچا کر ارجنٹائناا کو دوبارہ برتری دلائی، لیکن کیپ ورڈے نے ایک بار پھر ہمت نہ ہاری اور سڈنی لوپس کابرال نے شاندار شاٹ کے ذریعے اسکور 2-2 سے برابر کر دیا۔

یہ بھی پڑھئے: مصر نے آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر نئی تاریخ رقم کی

فیصلہ کن لمحہ اضافی وقت کے دوسرے حصے میں آیا، جب میسی کے کارنر پر کرسٹیان رومیرو نے گیند کو گول کی جانب موڑا، جو راستے میں ڈائنی بورجز سے معمولی ٹکرانے کے بعد گول لائن عبور کر گئی اور ارجنٹائناا کو فیصلہ کن برتری مل گئی۔ کیپ ورڈے نے آخری لمحات میں ایک مرتبہ پھر واپسی کی کوشش کی، تاہم ارجنٹائناا کے گول کیپر ایمیلیانو مارٹینیز نے سڈنی لوپس کابرال کی طاقتور فری کک روک کر اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔ اس کامیابی کے ساتھ دفاعی چیمپئن ارجنٹائناا راؤنڈ آف ۱۶؍ میں پہنچ گیا ہے، جہاں اس کا مقابلہ مصر سے ہوگا۔ اگرچہ کیپ ورڈے کا ورلڈ کپ سفر اختتام پذیر ہو گیا، تاہم اپنے پہلے ہی عالمی کپ میں دفاعی چیمپئن کو اضافی وقت تک لے جانے والی ٹیم نے اپنی دلیرانہ کارکردگی سے شائقین اور ماہرین کی بھرپور داد سمیٹی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK