Inquilab Logo Happiest Places to Work

ورلڈ کپ: نیکو ولیمز نے گولڈ ماں کو پہنایا، قربانیوں کو سلام کرنے والا لمحہ وائرل

Updated: July 21, 2026, 6:10 PM IST | New Jersey

اسپین کے ورلڈ کپ فاتح ونگر نیکو ولیمز نے فائنل کے بعد ایک ایسا جذباتی منظر پیش کیا جس نے دنیا بھر کے شائقین کے دل جیت لیے۔ ارجنٹائنا کے خلاف تاریخی فتح کے بعد انہوں نے اپنا ورلڈ کپ طلائی تمغہ اپنی والدہ کے گلے میں ڈال دیا۔ نیکو کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی دراصل ان کی والدہ کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے بہتر مستقبل کے لیے بے شمار مشکلات برداشت کیں۔ یہ لمحہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔

Nico Williams` mother is wearing the medal. Photo: X
نکو ولیمز کی والدہ نے تمغہ پہنا ہوا ہے۔ تصویر: ایکس

اسپین کی جانب سے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء جیتنے کے بعد جشن کے کئی یادگار مناظر دیکھنے کو ملے، مگر سب سے زیادہ توجہ نیکو ولیمز کے ایک جذباتی اقدام نے حاصل کی۔ فائنل میں فیصلہ کن گول کی تیاری (اسسٹ) کرنے والے نیکو میچ کے اختتام پر سیدھے اسٹیڈیم کے اسٹینڈز میں موجود اپنی والدہ کے پاس پہنچے اور اپنا ورلڈ کپ کا طلائی تمغہ ان کے گلے میں ڈال دیا۔ جذبات سے بھرپور اس لمحے نے شائقین کو آبدیدہ کر دیا اور اس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر لاکھوں بار دیکھی گئیں۔ نیکو ولیمز کے اس عمل کے پیچھے ایک درد بھری خاندانی داستان ہے۔ ان کے والدین کا تعلق گھانا سے تھا، جنہوں نے اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے انتہائی مشکل سفر اختیار کیا۔ مختلف رپورٹس کے مطابق ان کی والدہ نے صحرائے صحارا عبور کرتے ہوئے جان جوکھم میں ڈالی اور بے شمار مشکلات برداشت کرنے کے بعد اسپین پہنچیں، جہاں خاندان نے نئی زندگی کا آغاز کیا۔ یہی قربانیاں آج نیکو کی کامیابی کی بنیاد سمجھی جاتی ہیں۔

نیکو ولیمز اس سے قبل بھی اپنی والدہ کی جدوجہد کا ذکر کرتے رہے ہیں۔ ان کا ایک جملہ خاص طور پر بہت مشہور ہوا جس میں انہوں نے کہا، ’’میں بہت تیز دوڑتا ہوں، لیکن اپنی ماں جتنا تیز نہیں دوڑ سکتا، کیونکہ انہوں نے موت سے بچنے کے لیے صحارا عبور کیا تاکہ میں آج یہاں تک پہنچ سکوں۔‘‘ یہی وجہ ہے کہ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد انہوں نے سب سے پہلے اپنی والدہ کو اس کامیابی کا اصل حقدار قرار دیا۔ فائنل میں اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹائنا کو اضافی وقت میں ۱۔صفر سے شکست دے کر اپنی دوسری عالمی ٹائٹل اپنے نام کی۔ فیصلہ کن گول فیران ٹوریس نے کیا، جس کی بنیاد نیکو ولیمز کے شاندار اسسٹ نے رکھی۔ فتح کے بعد پوری ہسپانوی ٹیم جشن میں مصروف تھی، لیکن نیکو اور ان کی والدہ کا جذباتی منظر اس تاریخی کامیابی کی سب سے یادگار تصویر بن گیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: یہ درد بہت گہرا ہے: ورلڈ کپ شکست کے بعد لیونل میسی نے خاموشی توڑی

کھیل کے مبصرین کا کہنا ہے کہ نیکو ولیمز کا یہ اقدام اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ ہر کامیاب کھلاڑی کے پیچھے کسی نہ کسی کی خاموش قربانیاں ہوتی ہیں۔ اسی لیے ان کا یہ عمل صرف ایک تمغہ پیش کرنے کا واقعہ نہیں بلکہ والدین، خصوصاً ماؤں کی جدوجہد اور ایثار کو خراجِ تحسین سمجھا جا رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK