Inquilab Logo Happiest Places to Work

عالمی کپ کی تیاریاں: ترکی نے دوستانہ میچ میں شمالی مقدونیہ کو ۴؍گول سے روند ڈالا

Updated: June 02, 2026, 8:05 PM IST | Istanbul

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کی تیاریوں کا جاندار آغاز کرتے ہوئے ترکی کی فٹ بال ٹیم نے استنبول میں کھیلے جانے والے ایک یکطرفہ دوستانہ مقابلے میں شمالی مقدونیہ کو ۰۔۴؍گول سے عبرتناک شکست دے دی۔

Turkish Team.Photo:X
ترکش ٹیم۔ تصویر:ایکس

 فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کی تیاریوں کا جاندار آغاز کرتے ہوئے ترکی کی فٹ بال ٹیم نے استنبول میں کھیلے جانے والے ایک یکطرفہ دوستانہ مقابلے میں شمالی مقدونیہ کو  ۰۔۴؍گول سے عبرتناک شکست دے دی۔ ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گئے اس میچ میں ترکیہ کے کھلاڑی چھائے رہے اور چار مختلف کھلاڑیوں نے گول داغ کر ٹیم کی فتح میں اپنا حصہ ڈالا۔
استنبول کے علاقے قاضی کوئے کے شکرو سراج اوغلو اسٹیڈیم میں مقامی شائقین کے سامنے کھیلتے ہوئے ترکی نے میچ کے آغاز سے ہی حریف ٹیم پر دباؤ بنا لیا۔ میچ کے بالکل پہلے منٹ میں جان اوزون کی ہٹ گول پوسٹ کے اوپری حصے (کراس بار) سے ٹکرا گئی۔ تاہم، اس کے فوراً بعد اوغوز ایدن کے بہترین پاس پر اورکون کوکچو نے شاندار گول کر کے میزبان ٹیم کو ابتدائی برتری دلا دی۔

 


ترکی کی جانب سے حملوں کا یہ سلسلہ پہلی اننگز میں مسلسل جاری رہا۔ میچ کے ۱۶؍ویں منٹ میں جان اوزون نے پنالٹی ایریا کے باہر سے ایک انتہائی خوبصورت اور نپی تلی ہٹ لگائی، جو گول پوسٹ سے ٹکراتی ہوئی نیٹ میں چلی گئی، اور ترکیہ کی برتری کو ۰۔۲؍کر دیا۔

یہ بھی پڑھئے:آئرلینڈ کی ویسٹ انڈیز پر پہلی ٹی۲۰؍ فتح: اورلا پرینڈرگاسٹ کی آل راؤنڈکارکردگی


فرسٹ ہاف کے اختتام سے کچھ دیر پہلے شمالی مقدونیہ کو گول کرنے کا ایک سنہری موقع ملا، لیکن ترکی کے گول کیپر التائے بایندیر نے عزجان الیوسکی کے خطرناک وار کو ناکام بنا کر حریف ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ دوسرے ہاف میں بھی ترکی نے اپنے اسی جارحانہ انداز کو برقرار رکھا۔ میچ کے ۵۳؍ویں منٹ میں پہلی اننگز کے ہیرو جان اوزون نے اس بار گول کرنے کے بجائے بہترین پاسر کا کردار ادا کیا اور ان کے کراس پر دنائز گل نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا کر اسکور ۰۔۳؍گول کر دیا۔

یہ بھی پڑھئے:گیت ’’مسکارا‘‘ میں شروَری واگھ کا الگ انداز


میچ کا چوتھا اور آخری گول۷۰؍ویں منٹ میں دیکھنے کو ملا۔ اردا گولر اور عرفان جان کاہوچی کے درمیان پاسیز کے بہترین تال میل کے بعد، باریش الپر یلماز نے انتہائی قریب سے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اسکور ۰۔۴؍گول کر دیا، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔اس شاندار اور یکطرفہ فتح نے ترکیہ کے ہیڈ کوچ وینچینزو مونٹیلا کو ۷؍ جون کو وینزویلا کے خلاف ہونے والے اگلے دوستانہ میچ سے قبل کافی اعتماد اور مثبت توانائی فراہم کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK