Inquilab Logo

ڈبلیو پی ایل: یوپی کی پہلی جیت، ممبئی کو۷؍وکٹوں سے ہرایا

Updated: March 01, 2024, 11:04 AM IST | Agency | Bengaluru

کرن نوگیرے کی جارحانہ نصف سنچری نے ممبئی انڈینس کی میتھیوز کی ہاف سنچری پر پانی پھیر دیا، کپتان ہرمن پریت کی کمی ممبئی کو محسوس ہوئی۔

Deepti Sharma and Grace Harris led the team to victory with their brilliant batting. Photo: PTI
دیپتی شرما ار گریس ہیرس نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کردیا۔ تصویر : پی ٹی آئی

ویمنز پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کے دوسرے سیزن کا چھٹا میچ دفاعی چمپئن ممبئی انڈینس اورن یو واریئرس کے درمیان گزشتہ روز کھیلا گیا۔ بنگلور کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں یوپی نے افتتاحی بلے باز کرن نوگیرے کی شاندار نصف سنچری کی مدد سے ممبئی کو ۷؍وکٹوں سے شکست دےدی۔ یوپی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ۲۱؍گیندیں باقی رہ کر میچ جیت لیا۔ ممبئی انڈینس نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے یوپی واریئرس کو جیت کیلئے۱۶۲؍ رنوں کا ہدف دیا تھا جسے یوپی نے ۱۶ء۳؍اوور میں ۳؍ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس سیزن میں لگاتار ۲؍ شکست کے بعد یہ یوپی کی یہ پہلی جیت ہے۔ 
 قابل ذکر ہے کہ ڈبلیو پی ایل کی تاریخ میں ممبئی انڈینس کی یہ تیسری شکست ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یوپی واریئرس نے انہیں ۲؍ بار شکست دی ہے جبکہ دہلی کیپٹلس نے ایک بار انہیں ہرانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ گزشتہ سیزن میں بھی ایلیسا ہیلی کی کپتانی والی ٹیم نے ممبئی کو شکست دی تھی۔ 
 یوپی واریئرس کیلئے کرن نوگیرے نے شاندار نصف سنچری اسکور کی اور جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۳۱؍ گیندوں میں ۵۷؍ رن بنائے۔ اس دوران انہوں نے۶؍ چوکے اور ۴؍ چھکے لگائے۔ انہیں امیلیا کیر نے یاستیکا بھاٹیہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔ واضح رہےکہ ورندا کے فیلڈنگ کے دوران زخمی ہونے پر ان کی جگہ کرن کو اوپننگ بلے باز کے طور پر بھیجا گیا اور انہوں نے ٹیم کیلئے۵۷؍ رنوں کی اننگز کھیل کر بخوبی اپنا کام کیا۔ ان کے علاوہ کپتان الیسا ہیلی نے ۲۹؍گیندوں پر ۳۳؍رن بنائے۔ وونگ نے انہیں سائکا اسحاق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ ان دونوں کے علاوہ تاہیلا میک گرا کی وکٹ بھی گر گئی تھی۔ میک گرا صرف ایک رن بنانے کے بعد وونگ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئیں۔ گریس ہیرس اور دیپتی شرما ناٹ آؤٹ رہیں اور دونوں نے چوتھی وکٹ کے لئے ۶۵؍رن جوڑے۔ اس دوران ہیرس نے ۱۷؍ گیندوں پر ۶؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۳۸؍رن بنائے اور دیپتی نے ۲۰؍گیندوں پر ۲۷؍رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ ممبئی کی جانب سے وونگ نے ۲؍ اور امیلیا کیر نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ 
 یہاں آج یوپی واریرس ویمن نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری ممبئی انڈینس کی ہیلی میتھیوز اور یاستیکا بھاٹیا نے پہلے وکٹ کیلئے۵۰؍ رنوں کی شراکت قائم کی۔ آٹھویں اوور میں ہیرس نے راجیشوری کے ہاتھوں یاستیکا بھاٹیہ کو ۲۶؍ رن پر کیچ آؤٹ کروا کر پہلا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد ۱۳؍ویں اوور میں کپتان نیٹ سکیور برنٹ ۱۹؍رن پر رن ​​آؤٹ ہوگئیں۔ ہیلی میتھیوز نے ۴۷؍ گیندوں پر ۹؍چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے ۵۵؍ رنوں کی اننگز کھیلی۔ امیلیا کیر نے ۱۶؍ گیندوں پر ۲۳؍ رن بنائے۔ پوجا وستراکر ۱۸؍، سجیون سجنا ۴؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ایزی وونگ ۱۵؍رن پرناٹ آؤٹ رہیں۔ یوپی واریئرس کی جانب سے انجلی سروانی، راجیشوری گائیکواڑ، سوفی ایکلسٹون، گریس ہیرس اور دیپتی شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ میچ میں ممبئی انڈینس کو کپتان ہرمن پریت اور شبنم اسماعیل کی کمی محسوس ہوئی۔ اپنے پہلے دونوں میچ جیتنے والی ممبئی انڈینس ہیلی میتھیوز کی نصف سنچری کے باوجود پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ۶؍ وکٹوں پر ۱۶۱؍ رن ہی بنا سکی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK