Updated: December 07, 2025, 10:36 AM IST
|
Agency
| Visakhapatnam
تیسرے ا و ر فیصلہ کن میچ میں ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو ۹؍وکٹوں سے روند ڈالا، روہت شرما اور وراٹ کوہلی کی شاندار ہاف سنچریاں، کوئنٹن ڈی کاک کی سنچری رائیگاں۔
روہت شرما(دائیں)اور یشسوی جیسوال نے پہلی وکٹ کی شراکت میں ۱۵۵؍رن جوڑکر فتح کی بنیاد رکھی۔ تصویر:پی ٹی آئی
کلدیپ یادو اور پرسدھ کرشنا کی شاندار گیندبازی (۴۔۴؍ وکٹ) کے بعد یشسوی جیسوال (ناٹ آؤٹ ۱۱۶)، وراٹ کوہلی (ناٹ آؤٹ ۶۵) اور روہت شرما (۷۵) کی عمدہ بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں ۶۱؍گیندیں باقی رہتے ۹؍ وکٹوں سے شکست دی۔ اسی کے ساتھ ہی ہندوستان نے ۳؍میچوں کی سیریز دوایک سے اپنے نام کرلی۔
۲۷۱؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے یشسوی جیسوال اور روہت شرما کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کیلئے ۱۵۵؍رنوں کی شاندار شراکت قائم کی۔ اس دوران دونوں بلے بازوں نے جنوبی افریقی گیندبازوں کی جم کر خبر لی اور اپنی اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ روہت نے اپنے مشہور پل شاٹس کھیلتے ہوئے باؤنڈریوں کی برسات جاری رکھی اور وہ سنچری کے قریب پہنچ رہے تھے۔ ۲۶؍ویں اوور میں کیشو مہاراج نے روہت شرما کو آؤٹ کرکے جنوبی افریقہ کو پہلی اور واحد کامیابی دلائی۔ روہت نے ۷۳؍ گیندوں پر ۷؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۷۵؍ رن بنائے۔اس کے بعد بلے بازی کیلئے آئے وراٹ کوہلی نے ابتدا میں محتاط کھیل دکھایا جبکہ دوسرے سِرے پر جیسوال نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان کو جیت کے قریب پہنچا دیا۔ جیسوال نے ۵۰؍ رن مکمل کرنے کے بعد ٹی۔۲۰؍ انداز میں کھیلنا شروع کیا اور اپنی پہلی ون ڈے سنچری بھی مکمل کی۔ وراٹ کوہلی نے ۴۰؍ویں اوور میں لنگی اینگیڈی کی پانچویں گیند پر چوکا لگا کر ہندوستان کو جیت سے ہمکنار کیا ۔ ہندوستان نے ۳۹ء۱؍اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر ۲۷۱؍رن بنا کر میچ جیت لیا۔یشسوی جیسوال نے ۱۲۱؍ گیندوں پر ۱۲؍ چوکے اور 2{ چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ ۱۱۶؍ رن بنائے جبکہ وراٹ کوہلی نے ۴۵؍ گیندوں پر۶؍ چوکے اور ۳؍چھکے لگا کر ناٹ آؤٹ ۶۵؍رن اسکور کئے۔
اس سے قبل کوئنٹن ڈی کاک (۱۰۶) کی شاندار سنچری کے باوجود، کلدیپ یادو اور پرسدھ کرشنا کی عمدہ گیندبازی کی بدولت ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو۲۷۰؍رنوں پر سمیٹ دیا تھا۔
۲۱؍میچ کے بعد ٹاس جیتنے والی ہندوستانی ٹیم نے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی شروعات بہت خراب رہی اور پہلے ہی اوور میں رائن ریکلٹن (صفر) آؤٹ ہو گئے، جنہیں عرشدیپ نے وکٹ کیپر کے ایل راہل کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اس کے بعد کپتان ٹیمبا باوما اور کاک نے اننگز کو سنبھالا اور تیز رفتار سے رنز جوڑے۔ دونوں نے دوسرے وکٹ کیلئے ۱۱۳؍ رنوںکی شراکت کی۔ ۲۱؍ویں اوور میں رویندر جڈیجہ نے باوما کو آؤٹ کرکے اس پارٹنرشپ کا خاتمہ کیا۔ ٹیمبا باووما نے ۶۷؍گیندوں پر ۵؍ چوکوں کی مدد سے ۴۸؍ رن بنائے۔۳۰؍ویں اوور میں ہرشت رانا کی گیند پر کوک نے چھکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی۔ ہندوستان کے خلاف یہ ان کی ساتویں سنچری تھی۔ اس کے ساتھ ہی وہ ہندوستان کے خلاف سب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں بنانے کے معاملے میں سنت جیسوریہ کے برابر ہو گئے۔ نیز ہندوستان میں کسی بھی غیر ملکی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کے اے بی ڈیولیرس کے ریکارڈ کی بھی برابری کی۔
روہت شرما نے ۲۰؍ ہزار رن پورے کر لئے
جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں روہت شرما نے نے جیسے ہی ۲۷؍رن مکمل کئے، انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے ۲۰؍ہزار رن بھی پورے کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ روہت یہ کارنامہ انجام دینے والے چوتھے ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ روہت سے پہلے صرف سچن تینڈولکر، وراٹ کوہلی اور راہل دراوڑ یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنا ۵۰۵؍واں میچ کھیلتے ہوئے روہت شرما نے جنوبی افریقہ کے خلاف۱۵؍ویں اوور میں یہ ریکارڈ بنایا۔ روہت کے اب ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی۔۲۰؍انٹرنیشنل کو ملا کر ۲۰؍ہزار سے زیادہ رن ہو گئے ہیں۔