کنّڑ سپر اسٹار یش کی انتہائی متوقع فلم ’’ٹاکسک: اے فیری ٹیل فار گرون اَپس‘‘ باکس آفس پر توقعات کے مطابق کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ فلم نے شاندار اوپننگ کے باوجود پہلے ہی ہفتے کے بعد تیزی سے رفتار کھو دی۔
EPAPER
Updated: September 11, 2026, 6:05 PM IST | Mumbai
کنّڑ سپر اسٹار یش کی انتہائی متوقع فلم ’’ٹاکسک: اے فیری ٹیل فار گرون اَپس‘‘ باکس آفس پر توقعات کے مطابق کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ فلم نے شاندار اوپننگ کے باوجود پہلے ہی ہفتے کے بعد تیزی سے رفتار کھو دی۔
کنّڑ سپر اسٹار یش کی انتہائی متوقع فلم ’’ٹاکسک: اے فیری ٹیل فار گرون اَپس‘‘ باکس آفس پر توقعات کے مطابق کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ فلم نے شاندار اوپننگ کے باوجود پہلے ہی ہفتے کے بعد تیزی سے رفتار کھو دی، جس کے نتیجے میں اب اس کے میکرز کو تقریباً ۳۰۰؍ کروڑ روپے کے نقصان کا سامنا ہونے کی اطلاعات ہیں۔ انڈسٹری کے اندازوں کے مطابق یہ نقصان ہندوستانی سنیما کی کسی ایک فلم کے لیے اب تک کے سب سے بڑے نقصانات میں شامل ہو سکتا ہے۔
۲۶؍اگست ۲۰۲۶ء کو ریلیز ہونے والی ’’ٹاکسک‘‘ نے پہلے دن ہندوستان میں تقریباً ۱۲۰؍کروڑ روپے کا شاندار کاروبار کیا تھا۔ فلم کی اس زبردست شروعات کے بعد اسے یش کے کریئر کی ایک اور بڑی بلاک بسٹر قرار دیے جانے کی توقع کی جا رہی تھی، لیکن دوسرے ہی دن کلیکشن میں بڑی گراوٹ دیکھی گئی۔ بعد کے دنوں میں بھی فلم کی کمائی مسلسل کم ہوتی چلی گئی۔ تازہ تجارتی اعداد و شمار کے مطابق فلم کی ہندوستان میں نیٹ کمائی تقریباً۷۵ء۲۴۵؍ کروڑ روپے جبکہ دنیا بھر میں مجموعی کلیکشن تقریباً ۳۳۷؍ کروڑ روپے تک پہنچا ہے۔ اس لحاظ سے عام طور پر یہ رقم بڑی محسوس ہوتی ہے، لیکن تقریباً ۵۰۰؍ کروڑ روپے کے بڑے بجٹ والی فلم کے لیے یہ آمدنی توقعات کے مقابلے میں انتہائی کم قرار دی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:’’شک: ٹرسٹ نو ون‘‘ کا ٹریلر جاری، پرینیتی چوپڑا کا او ٹی ٹی پرداخلہ
’’ٹاکسک‘‘ کے مالی بحران کی سب سے بڑی وجہ اس کی بھاری لاگت اور تھیٹر میں توقع سے کہیں کم کارکردگی بتائی جا رہی ہے۔ بالی ووڈ ہنگامہ کی ایک رپورٹ کے مطابق انڈسٹری کے اندازوں میں میکرز کو تقریباً ۳۰۰؍ کروڑ روپے کا نقصان ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ اگر یہ اندازہ درست ثابت ہوتا ہے تو یہ ہندوستانی فلم انڈسٹری میں کسی فلم کے لیے سب سے بڑے مالی نقصانات میں سے ایک ہوگا۔
فلم کی تھیٹر میں ناکامی کے اثرات اس کے او ٹی ٹی رائٹس پر بھی پڑے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ایک بڑے اسٹریمنگ پلیٹ فارم نے فلم کے ڈجیٹل حقوق کے لیے تقریباً ۱۵۰؍ کروڑ روپے کی پیشکش کی تھی، لیکن میکرز۲۰۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کی قیمت چاہتے تھے۔ اب فلم کی کمزور تھیٹر کارکردگی کے بعد ڈجیٹل پلیٹ فارمز کی دلچسپی بھی کم ہوگئی ہے اور تقریباً ۳۰؍کروڑ روپے تک کی پیشکش کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:’’میں بطور ایتھلیٹ ختم ہو چکی ہوں‘‘، ونیش پھوگاٹ
رپورٹس کے مطابق فلم کے میکرز نقصان کو کم کرنے کے لیے اس کا ایک نیا ایڈیٹ شدہ ورژن او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے لیے تیار کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔ مقصد یہ ہے کہ فلم کو ڈجیٹل ناظرین کے لیے زیادہ قابلِ قبول بنایا جائے اور اس کے بدلے بہتر او ٹی ٹی ڈیل حاصل کی جا سکے۔ ’’ٹاکسک‘‘کی ہدایت کاری گیتو موہن داس نے کی ہے، جبکہ فلم میں یش کے ساتھ نین تارا، کیارا اڈوانی، ہما قریشی، تارا ستاریا اور رکمنی وسنتھ اہم کرداروں میں شامل ہیں۔ فلم کو ایک بڑے پیمانے کی ڈارک ایکشن اور گینگسٹر ڈراما کے طور پر پیش کیا گیا تھا اور یش کی ’’کے جی ایف‘‘فرنچائز کے بعد اس سے بہت زیادہ توقعات وابستہ تھیں۔ ریلیز کے بعد فلم کو ملنے والے منفی ردعمل اور کمزورزبانی تشہیرنے اس کی رفتار پر شدید اثر ڈالا۔ ایک ایسی فلم جس نے پہلے دن ۱۲۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کا کاروبار کیا، اس کا۲۵۰؍ کروڑ روپے کے آس پاس رک جانا اس کی کارکردگی میں آنے والی بڑی گراوٹ کو ظاہر کرتا ہے۔