زین الدین کی تربیت میں فرانس اپنا پہلا میچ ترکی کیخلاف کھیلےگا،عثمان ڈیمبیلےاسٹرائیکر کے طور کھیلیں گے۔
EPAPER
Updated: September 25, 2026, 1:37 PM IST | Agency | Paris
زین الدین کی تربیت میں فرانس اپنا پہلا میچ ترکی کیخلاف کھیلےگا،عثمان ڈیمبیلےاسٹرائیکر کے طور کھیلیں گے۔
فرانسیسی فٹبال ٹیم کے کوچ زین الدین زیدان نے کیلین ایمباپے کو سینٹر فارورڈ کے بجائے ان کے پسندیدہ مقام لیفٹ وِنگ پر کھلانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ یہ فیصلہ ستمبر میں ہونے والے انٹرنیشنل بریک سے قبل دونوں کے درمیان ہونے والی خوشگوار گفتگو کے بعد کیا گیا ہے۔
زیدان نے اپنی پہلی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ اپنے کپتان کو لیفٹ فلینک پر دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ ان کی تیز رفتاری اور ڈیفنڈرز کے خلاف بننے والی خالی جگہوں کا بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔اس تبدیلی سے عثمان ڈیمبیلےکے لئے جمعہ کو ترکی کے خلاف یوئیفانیشنز لیگ میچ میں بطور اسٹرائیکر کھیلنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے، جو قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے زیدان کا پہلا میچ بھی ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: انگلش بلے باز جوروٹ نے سچن تنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا
زین الدین زیدان نے ایمباپےکی دفاعی ذمہ داریوں اور محنت سے متعلق جاری بحث کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ساتھیوں کی طرح پوری محنت کریں گے۔ جمعہ کو متوقع لائن اپ میں ایمباپے لیفٹ وِنگ، ڈیمبیلے سینٹر اور مایکل اولیسی رائٹ وِنگ پر جلوہ گر ہوں گے۔
ایمباپے پہلے بھی اس پوزیشن پر کھیل چکےہیں
ریئل میڈرڈکے سابق کوچ زیدان نے واضح کیا کہ وہ ایمباپے کو بائیں بازو پر دیکھنا پسند کرتے ہیں تاکہ انہیں گیند حاصل کرنے اور دفاعی کھلاڑیوں کا سامنا کرنے کیلئے زیادہ جگہ مل سکے۔بائیں بازو کی پوزیشن ایمباپے کیلئے نئی نہیں ہے۔ مارچ ۲۰۱۷ءمیں ڈیبیو کے بعد سے انہوں نے اس پوزیشن پر ۳۲؍میچوں میں ۲۱؍ گول کئے اور ۱۶؍ گول میں اسسٹ کیا۔ ریئل میڈرڈمیں شامل ہونے کے بعد ایمباپے زیادہ تر بطور اسٹرائیکر کھیلے، جس کی وجہ سے ونیسیس جونیئر کے ساتھ پوزیشن کے تنازعات بھی سامنے آئے تھے۔ اب اس تبدیلی سے انہیں اپنی سب سے مؤثر پوزیشن پر واپس آنے کا موقع ملے گا۔