• Thu, 12 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

زمبابوے نے دونوں اننگز میں ۵۰۰؍ سے زائدرن بنا کر تاریخ رقم کی

Updated: November 12, 2026, 3:38 PM IST | Agency | Sharjah

شارجہ میں افغانستان اور زمبابوے کے درمیان دو میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا رہا لیکن زمبابوے کی ٹیم نے اس میچ میں وہ کارنامہ کردکھایا ہے جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ جیسی بڑی ٹیمیں بھی نہیں کر سکیں۔ زمبابوے اس میچ کی دونوں اننگز میں۵۰۰؍ سے زائد رن بنانے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

Craig Ervine scored a double century in the second innings. Photo: INN
کریگ ارون نے دوسری اننگز میں ڈبل سنچری بنائی۔ تصویر: آئی این این

شارجہ میں افغانستان اور زمبابوے کے درمیان دو میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا رہا لیکن زمبابوے کی ٹیم نے اس میچ میں وہ کارنامہ کردکھایا ہے جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ جیسی بڑی ٹیمیں بھی نہیں کر سکیں۔ زمبابوے اس میچ کی دونوں اننگز میں۵۰۰؍ سے زائد رن بنانے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ اس میچ میں افغانستان نے اپنی پہلی اننگز میں ۵۱۴؍رن بنائے تھے۔ اس ٹیسٹ میچ میں افغانستان اور زمبابوے نے مل کر مجموعی طور  پر۱۵۴۱؍ رن بنائے۔ میچ میں کل۷؍ سنچریاں بنیں جن میں ایک ڈبل سنچری بھی شامل ہے۔

اس میچ میں زمبابوے نے پہلی اننگز میں۵۰۴؍رن بنائے۔ جب کہ دوسری اننگز میں۵؍وکٹ کے نقصان  پر۵۲۳؍ رن کھڑے کردئیے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اتنی بڑی برتری حاصل ہونے کے باوجود زمبابوے نے اپنی اننگز ڈکلیئر نہیں کی لیکن ایسا کر کے انہوں نے ایک نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا تھا کہ کسی ٹیم نے ایک ہی میچ کی دونوں اننگز میں۵۰۰؍ یا اس سے زائد رن بنائے ہوں۔

یہ بھی پڑھئے: انگلینڈ اے کے خلاف سیریز کے لیے شرینکا پاٹل انڈیا اے ٹیم میں شامل

میچ میںکل۷؍سنچریاں بنیں

شارجہ میں کھیلے گئے اس تاریخی ٹیسٹ میچ میں زمبابوے نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے۵۰۴؍ رن بنائے جس میں برینڈن ٹیلر(۱۳۱؍ رن) اور کپتان برائن بینیٹ(۱۲۸؍ رن) کی شاندار سنچریاں شامل تھیں جب کہ ویزلی مدھیویرے نے۵۴؍ رن  بنائے۔ جواب میں افغانستان نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پہلی اننگز میں۵۱۴؍ رنز بنا ڈالے۔ ان کی طرف سے صدیق اللہ اٹل(۱۰۵؍ رن)، رحمان اللہ زدران(۱۱۳؍ رن) اور کپتان رحمت شاہ(۱۷۳؍رن)نے شاندار سنچریاں اسکور کیں ۔ اس کے بعد زمبابوے نے اپنی دوسری اننگز میں بھی ۵۲۳؍ رنوں کا پہاڑکھڑا کردیا۔ اس اننگز میں کریگ ارون نے ناٹ آؤٹ۲۰۶؍ اور ویزلی مدھیویرے نے ناٹ آؤٹ۱۰۰؍ رن بنائے۔

کریگ ارون کی بڑی کامیابی

میچ میں زمبابوے کے بلے باز۴۱؍ سالہ کریگ ارون نے  شاندار ڈبل سنچری بنائی۔ اس کے ساتھ ہی وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ڈبل سنچری بنانے والے تیسرے سب سے معمر بلے باز بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں ارون سے آگے صرف دو کھلاڑی ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ایرک روون نے۱۹۵۱ء میں ہیڈنگلے میں انگلینڈ کے خلاف۴۲؍ سال کی عمر میں۲۳۶؍ رن بنائے تھے۔ وہیں انگلینڈ کے جیک ہوبز نے ۱۹۲۴ءمیں لارڈز کے میدان پر جنوبی افریقہ کے خلاف۴۱؍ سال کی عمر میں۲۱۱؍ رن اسکور کئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK