EPAPER
Updated: September 11, 2026, 8:02 PM IST | Afzal Usmani | Mumbai
کیا آپ واقعی وہی چاہتے ہیں جس کیلئےدوڑ رہے ہیں ؟ اورکیا آپ کی آج کی عادتیں مستقبل کو سنوار رہی ہیں ؟ خود سے پوچھے گئے ان سوالات کے ذریعے اپنے آپ کو سمجھیں اورزندگی کوبامقصد بنائیں۔
زندگی کی مصروفیات، ذمہ داریوں اور دوسروں کی توقعات کے درمیان آپ اکثر یہ سوچنا بھول جاتے ہیں کہ آپ حقیقت میں کیا چاہتے ہیں اور کس سمت آگے بڑھ رہے ہیں۔ کامیابی کی دوڑ میں کبھی آپ دوسروں سے مقابلہ کرنے لگتے ہیں، کبھی ناکامی کے خوف سے اپنے خوابوں سے پیچھے ہٹ جاتے ہیں اور کبھی ایسی عادتوں میں الجھ جاتے ہیں جو آپ کے مستقبل کو متاثر کر سکتی ہیں۔ ایسے میں ضروری ہے کہ کچھ دیر رک کر اپنے آپ سے چند اہم سوالات کئے جائیں کیونکہ بعض اوقات زندگی کے بڑے جواب آپ کے اندر ہی موجود ہوتے ہیں۔ اگرآپ یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ آپ کی اصل خواہش کیا ہے، آپ کوکس چیز سے خوف آتا ہے، آپ کے آس پاس کے لوگ آپ پر کیا اثر ڈال رہے ہیں اور آپ آج کیا بدل سکتے ہیں، تو اپنی زندگی کو بہتر سمت دینا آسان ہو جاتا ہے۔ خود سے یہ بھی پوچھنا چاہئے کہ اگر ناکامی کا خوف نہ ہو توآپ کیا کرنا چاہیں گے اور اگر پانچ سال تک کچھ نہ بدلا تو کیا آپ خوش رہیں گے۔ ان ۹؍ سوالوں کے ایماندارانہ جواب اپنی ترجیحات سمجھنے، غلطیوں کو درست کرنے اور ہر گزرتے دن کو زیادہ بامقصد بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔
(۱) مَیں حقیقت میں کیا چاہتا ہوں؟
یہ سوال آپ کو اپنی زندگی کی ترجیحات اور اصل خواہشات کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔ اکثر آپ دوسروں کی توقعات، معاشرتی دباؤ یا وقتی خواہشات کے پیچھے چلتے رہتے ہیں اور اپنی حقیقی پسند بھول جاتے ہیں۔ خود سے پوچھیں کہ کون سا کام آپ کو خوشی، اطمینان اور مقصد کا احساس دیتا ہے۔ اپنی صلاحیتوں، خوابوں اور دلچسپیوں کو پہچان کر طے کریں کہ آپ زندگی میں کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ جب منزل واضح ہو جائے تو اپنے وقت اور توانائی کو اسی سمت لگانا آسان ہو جاتا ہے۔ اپنی حقیقی خواہش کو پہچاننا ہی بامقصد زندگی کی طرف پہلا قدم ہے۔
یہ بھی پڑھئے: انسان کو سمجھنے کا ہنر سیکھئے، رشتے مضبوط بنایئے
(۲) اگر کامیابی کی تشہیر نہ کروں تو کیااسے حاصل کرنا چاہوں گا؟
کامیابی کا اصل معیار یہ نہیں کہ دنیا آپ کی تعریف کرے یا آپ کی کامیابی کی تشہیر ہو، بلکہ یہ ہے کہ آپ خود اپنے مقصد سے مطمئن ہوں۔ خود سے پوچھیں کہ اگر کسی کو میری کامیابی کا علم نہ ہو تو کیا میں پھر بھی اسے حاصل کرنے کیلئے اتنی ہی محنت کروں گا؟ اگر جواب ہاں ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کا مقصد حقیقی اور دل سے جڑا ہوا ہے۔ لیکن اگر صرف تعریف، شہرت یا دوسروں کو متاثر کرنا ہی محرک ہے تو اپنی ترجیحات پر دوبارہ غور کرنا چاہئے۔ دوسروں کی نظروں میں بڑا بننے کے بجائے اپنی نظر میں کامیاب بننے کی کوشش کریں۔
(۳) مجھے کس چیز سے ڈر لگتا ہے؟
آپ کو خود سے یہ سوال ضرور پوچھنا چاہئے کہ آخر وہ کون سی چیز ہے جو آپ کو آگے بڑھنے سے روکتی ہے۔ کبھی ناکامی کا خوف، کبھی تنقید اور کبھی مستقبل کی غیر یقینی صورتِ حال آپ کو پریشان کرتی ہے۔ اپنے خوف کو پہچاننا اس پر قابو پانے کی طرف پہلا قدم ہے۔ جب آپ خوف کی وجہ سمجھ لیتے ہیں تو اس کا سامنا کرنے کی ہمت بھی پیدا ہوتی ہے۔ ہر خوف آپ کو کمزور کرنے کیلئے نہیں بلکہ اپنی کمزوریوں کو سمجھنے اور مضبوط بننے کا موقع بھی دیتا ہے۔ خوف سے بھاگنے کے بجائے اس کا سامنا کریں کیونکہ ہمت وہیں پیدا ہوتی ہے جہاں خوف موجود ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: غلطیوں کا جائزہ، وقت کی پابندی اور مستقل مزاجی، طلبہ کی کامیابی کا مضبوط فارمولہ
(۴)مَیں روزانہ ایسا کیا کر رہا ہوں جو میرے مستقبل کو نقصان پینچا رہا ہے؟
آپ کی روزمرہ کی کون سی عادتیں مستقبل کو نقصان پہنچا رہی ہیں اس کا علم ہونا ضروری ہے۔ وقت کا ضیاع، کام کو مسلسل ٹالتے رہنا، غیر ضروری موبائل استعمال اور اپنی ذمہ داریوں سے غفلت ایسی عادتیں ہیں جو ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔ بعض اوقات چھوٹی سی لاپروائی وقت کے ساتھ بڑی مشکل بن جاتی ہے۔ اپنی غلط عادتوں کو پہچان کر انہیں آہستہ آہستہ بہتر عادات سے بدلنا ضروری ہے۔ آج کی آپ کی عادتیں ہی کل کی کامیابی یا ناکامی کی بنیاد بنتی ہیں۔ مستقبل کو بہتر بنانے کیلئےاپنی عادات اور ترجیحات کا جائزہ لینا ہوگا۔
(۵) میرے آس پاس کے لوگ مجھ پر کس طرح اثر انداز ہورہے ہیں؟
آپ کی زندگی اور سوچ پر ہمارے آس پاس کے لوگوں کا گہرا اثر پڑتا ہے۔ مثبت سوچ رکھنے والے لوگ آپ کو آگے بڑھنے، محنت کرنے اور اپنے خواب پورے کرنے کا حوصلہ دیتے ہیں جبکہ منفی لوگ ہماری خود اعتمادی کم کر سکتے ہیں۔ اس لئے آپ کو غور کرنا چاہئےکہ آپ کی صحبت ہماری عادتوں، سوچ اور فیصلوں کو کس طرح متاثر کر رہی ہے۔ اگر ہماری محفل ہمیں بہتر انسان بننے کی ترغیب دیتی ہے تو یہ ہمارے لئے خوش قسمتی ہے۔ ہمیں ایسے لوگوں کا ساتھ اختیار کرنا چاہئے جو ہماری حوصلہ افزائی کریں اور کامیابی کی راہ پر آگے بڑھائیں۔
یہ بھی پڑھئے: فیصلہ کرنے سے پہلے درست انتخاب اور ممکنہ نتائج کے بارے میں غور کرلیں
(۶) اگر مجھے ناکام ہونے کی اجازت ہو تی تو مَیں کیا کرتا؟
اگر ناکامی کا ڈر نہ ہو تو شاید آپ وہ کام کرنے کی کوشش کریں جنہیں آج صرف خوف کی وجہ سے چھوڑ دیتے ہیں۔ یہ سوال آپ اپنے ان خوابوں اور خواہشوں کے بارے میں سوچنے پر مجبور کرتا ہے جنہیں ہم دل میں چھپا کر رکھتے ہیں۔ ناکامی دراصل اختتام نہیں بلکہ سیکھنے اور آگے بڑھنے کا ایک موقع ہے۔ جب آپ ناکامی کے خوف سے آزاد ہوتے ہیں تو نئے تجربات کرنے اور اپنی صلاحیتیں آزمانے کا حوصلہ پیدا ہوتا ہے۔ ممکن ہے اس سوال کا جواب آپ کو اپنی تعلیمی اور عملی زندگی میں ایک نیا قدم اٹھانے کی ہمت دے۔
(۷) کیا مَیں سب سے مقابلہ کر رہا ہوں، یا اپنے آپ سے؟
اکثر آپ دوسروں سے آگے نکلنے کی دوڑ میں خودکو ہی بھول جاتے ہیں۔ اصل مقابلہ دوسروں سے نہیں بلکہ اپنے آپ سے ہونا چاہئے تاکہ ہم ہر دن خود کو پہلے سے بہتر بنا سکیں۔ دوسروں کی کامیابی دیکھ کر پریشان ہونے کے بجائے اپنی صلاحیتوں اور کمزوریوں پر توجہ دینا زیادہ اہم ہے۔ جب آپ اپنی رفتار کے بجائے اپنی ترقی کو اہمیت دیتے ہیں تو زندگی کا سفر زیادہ پُرسکون اور بامقصد بن جاتا ہے۔ خود کو کل سے بہتر بنانے کی کوشش آپ کو آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ کیونکہ اصل کامیابی دوسروں کو پیچھے چھوڑنا نہیں، بلکہ اپنے گزشتہ کل سے آگے نکلنا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مطالعہ، ذہنی یکسوئی اور توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت بڑھانے میں اہم
(۸) اگر ۵؍ سال میں کچھ نہ بدلا تو کیا مَیں اس وقت خوش رہوں گا؟
اگر پانچ سال بعد بھی میری زندگی آج جیسی ہی رہی تو کیا میں اس وقت خوش اور مطمئن رہوں گا؟ یہ سوال آپ کو اپنی موجودہ زندگی، عادات اور فیصلوں پر غور کرنے کا موقع دیتا ہے۔ اگر آپ اپنی موجودہ صورتحال سے مطمئن نہیں ہیں تو تبدیلی کا آغاز آج ہی کرنا چاہئے۔ چھوٹے چھوٹے قدم، نئی عادتیں اور واضح مقصد وقت کے ساتھ آپ کی زندگی کو بدل سکتے ہیں۔ مستقبل اچانک نہیں بدلتا بلکہ آج کے فیصلوں اور کوششوں سے بنتا ہے۔ اس لئے ایسا آج بنائیں جس پر پانچ سال بعد جب آپ خود کو دیکھیں تو آپ کومایوسی کے بجائے فخر ہو۔
(۹) مَیں آج کیا بدل سکتا ہوں؟
یہ سوال آپ کو اپنے حال پر توجہ دینے اور عملی قدم اٹھانے کی ترغیب دیتا ہے۔ زندگی میں بڑی تبدیلی ہمیشہ بڑے فیصلوں سے نہیں آتی بلکہ چھوٹی چھوٹی کوششیں بھی بڑا فرق پیدا کر سکتی ہیں۔ وقت کا بہتر استعمال، کسی بری عادت کو چھوڑنا یا کسی اچھی عادت کو اپنانا آج ہی شروع کیا جا سکتا ہے۔ دوسروں کو بدلنے کے بجائے اپنی سوچ، رویے اور فیصلوں میں بہتری لانا ہمارے اختیار میں ہے۔ اگر آپ ہر دن خود کو تھوڑا سا بہتر بنانے کی کوشش کریں تو وقت کے ساتھ آپ کی پوری زندگی بدل سکتی ہے۔ جو بہتر تبدیلی ممکن ہے، اس کا آغاز آج ہی کریں۔