Inquilab Logo Happiest Places to Work

کمپیوٹر اور اے آئی ٹیکنالوجی کے امتزاج نے کریئرکے نئے راستے کھولے ہیں

Updated: May 15, 2026, 1:44 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

عصر حاضر میں ایسے جدید شعبوں کی جانب توجہ دینے کی خاص ضرورت ہےجو عالمی سطح پر بہتر کریئر، اعلیٰ تنخواہوں اور فیوچر ٹیکنالوجی میں مہارت کی ضمانت ہوں، اسی کی عمدہ مثال یہ مقبول شعبہ ہے۔

A basic understanding of computers can make you an expert in this field. Image: INN
کمپیوٹر کی بنیادی سمجھ آپ کو اس شعبے کا ماہر بنا سکتی ہے۔ تصو یر: آئی این این

تعارف
اس کور س کا نام بیچلر آف کمپیوٹر اپلی کیشنز اِن آرٹی فیشل انٹیلی جنس ہے۔ یہ ۳؍ سے ۴؍ سالہ انڈر گریجویٹ کورس ہے جو سیمسٹر سسٹم کے تحت پڑھایا جاتا ہے۔ یہ کمپیوٹر سائنس اور اے آئی کے بنیادی و عملی پہلوؤں پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس میں تھیوری کے ساتھ عملی پروجیکٹس اور لیب ورک بھی شامل ہوتا ہے۔ طلبہ کو ڈجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جاتا ہے۔ یہ کورس مستقبل کی ماڈرن ٹیکنالوجی میں مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔ 
کیوں کریں؟
یہ کورس اس لئےکیا جاتا ہے تاکہ طلبہ جدید دور کی سب سے تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ٹیکنالوجی یعنی مصنوعی ذہانت میں مہارت حاصل کر سکیں۔ آج تقریباً ہر شعبے میں اے آئی کا استعمال بڑھ رہا ہے جس سے اس فیلڈ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ اس کورس کے ذریعے طلبہ کو بہتر روزگار اور اعلیٰ تنخواہوں کے مواقع حاصل ہو سکتے ہیں۔ اس کے ذریعے وہ روبوٹکس، آٹومیشن اور اسمارٹ سسٹمز کو بہتر سمجھ سکتے ہیں۔ یہ کورس عالمی سطح پر مقبول ہے۔ 
کیا آپ میں یہ صلاحیتیں ہیں 
یہ کورس ان طلبہ کیلئے بہترین ہے جن کی دلچسپی کمپیوٹر سائنس، ٹیکنالوجی اور پروگرامنگ میں ہو۔ ریاضی میں اچھی گرفت رکھنے والے طلبہ اس میں بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ جنہیں ڈیٹا، الگورتھم اور اے آئی سسٹمز سمجھنے کا شوق ہو وہ اس کورس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ تخلیقی اور ٹیکنالوجی پسند طلبہ کیلئے یہ ایک بہترین انتخاب ہے۔ یہ کورس ان طلبہ کیلئے بھی مناسب اور معقول ہے جو مستقبل میں آئی ٹی فیلڈ میں کریئر بنانا چاہتے ہیں۔ 
اہلیت
اس کورس میں داخلے کیلئے امیدوار کا بارہویں سائنس اسٹریم سے پاس ہونا ضروری ہے۔ اکثر اداروں میں ریاضی یا کمپیوٹر سائنس کا مضمون لازمی یا ترجیحی شرط ہوتا ہے۔ مختلف یونیورسٹیوں میں کم از کم۴۵؍ سے۶۰؍ فیصد نمبر کی شرط رکھی جاتی ہے۔ کچھ ادارے داخلے کیلئے انٹرنس یا میرٹ کی بنیاد پر سلیکشن کرتے ہیں۔ طلبہ کو کمپیوٹر لینگویج کی بنیادی سمجھ ہو۔ اہلیت کے معیار اور اصول ادارے کے حساب سے مختلف ہو سکتے ہیں۔ 
کیا سیکھیں گے
اس کورس میں طلبہ کو مختلف پروگرامنگ لینگویجز سکھائی جاتی ہیں۔ انہیں ڈیٹا اسٹرکچر، الگورتھم اور سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کے اصولوں کی تربیت دی جاتی ہے۔ مشین لرننگ، ڈیپ لرننگ اور نیورل نیٹ ورکس جیسے جدید موضوعات پڑھائے جاتے ہیں۔ طلبہ کو ڈیٹا اینالیسس اور اے آئی ماڈلز بنانے کی عملی مہارت دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ڈیٹا بیس اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کا بنیادی علم بھی فراہم کیا جاتا ہے جو اس شعبے کی روح ہے۔ 
کریئر کے مواقع
اس کورس کے بعد طلبہ کیلئے آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہوتے ہیں۔ وہ اے آئی انجینئر، ڈیٹا اینالسٹ، سافٹ ویئر ڈیولپر یا مشین لرننگ انجینئر بن سکتے ہیں۔ بڑی آئی ٹی کمپنیوں، اسٹارٹ اپس اور ملٹی نیشنل اداروں میں ملازمت کے مواقع دستیاب ہوتے ہیں۔ سرکاری اور نجی دونوں شعبوں میں ڈجیٹل ٹیکنالوجی سے متعلق نوکریاں موجود ہیں۔ طلبہ فری لانسنگ کے ذریعے بھی آمدنی حاصل کر سکتے ہیں۔ 
بہترین کالجز
ہندوستان میں اس کورس کیلئے کے بہترین کالجز میں کئی معروف یونیورسٹیاں شامل ہیں جن میں جین یونیورسٹی(بنگلور)، چِتکارا یونیورسٹی(پنجاب)، پارول یونیورسٹی( گجرات)، شاردا یونیورسٹی(یو پی) اورلولی پروفیشنل یونیورسٹی(پنجاب) نمایاں ہیں۔ ان اداروں میں اے آئی، مشین لرننگ اور ڈیٹا سائنس پر خصوصی فوکس کیا جاتا ہے۔ یہاں طلبہ کو جدید لیبز، انٹر ن شپ اور پراجیکٹس کے ذریعے تربیت دی جاتی ہے۔ 
اس فیلڈ کی قابل ذکر شخصیات
ان کے متعلق پڑھ کر اور ان سے سیکھ کر بھی آپ تحریک حاصل کرسکتے ہیں۔ اس فیلڈ کی قابل ذکر شخصیات میں انیما آنند کمار (Anima Anandkumar )، نندن نیل کینی (Nandan Nilekani)، منیش گپتا (Manish Gupta)، الیا سوٹسکیور (Ilya Sutskever)، جینسن ہوانگ(Jensen Huang) اور مصطفیٰ سلیمان (Mustafa Suleyman) وغیرہ سائنسداں شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK