ٹیکنالوجی لیڈرس، ماہرین تعلیم اور کاروباری افراد سبھی کا پیغام واضح ہے: اے آئی کام کی دنیا کو بدل دے گی، لیکن جو لوگ سیکھیں گے، خود کو ڈھالیں گے ، وہ پیچھے نہیں رہیں گے۔
اے آئی۔ تصویر:آئی این این
اے آئی نے کارپوریٹ بورڈ رومز سے لے کر تعلیمی اداروں تک ایک نئی بے چینی پیدا کر دی ہے۔ ہر ہفتے کوئی نہ کوئی نئی پیش رفت سامنے آتی ہے: ایسا ماڈل جو کوڈ لکھ سکتا ہے، ایسا نظام جو بیماریوں کی تشخیص کر سکتا ہے، یا ایسا ٹول جو چند سیکنڈ میں رپورٹ تیار کر دیتا ہے۔ ایک طرف اے آئی کی صلاحیتوں پر اعتماد کیا جارہا ہے کہ یہ ترقی کو تیز کرے گی، اور دوسری طرف یہ خدشہ بھی موجود ہے کہ اس کے باعث کچھ ملازمتیں ختم ہو سکتی ہیں۔ اب سوال یہ نہیں رہا کہ اے آئی آپ کے کام کو بدلے گی یا نہیں، بلکہ سوال یہ ہے کہ کیا آپ خود کو اس تبدیلی کے مطابق ڈھالیں گے یا نہیں؟
ؕ مزاحمت نہیں، خود کو نئے انداز میں پیش کریں
کیوں ذہنیت پہلی دفاعی دیوار ہے۔ ایسے مواقع پر اکثر ٹیکنالوجی کو ایک دشمن کے طور پر دیکھا جاتا ہے، لیکن تاریخ اس کے برعکس بتاتی ہے۔ جب مشینیں فیکٹریوں میں آئیں تو انہوں نے انسانی محنت کو ختم نہیں کیا بلکہ اس کی نوعیت بدل دی۔ اے آئی بھی اسی راستے پر گامزن ہے۔ یہ ذمہ داریوں کو نہیں، بلکہ دہرائے جانے والے کاموں کو ختم کر رہی ہے۔ مستقبل میں وہی لوگ کامیاب رہیں گے جو اے آئی کی مخالفت نہیں کریں گے بلکہ خود کو اس کے ساتھ ہم آہنگ کریں گے۔ اس تبدیلی کو سمجھنے کیلئے قیادت کے ماہرین کے پیش کردہ’ایمپلیفائی ، ماڈیفائی اور ڈومینیٹ‘ ماڈل کو دیکھا جا سکتا ہے۔
پہلا قدم اپنی سوچ کو تبدیل کرنا ہے
ایلون مسک بارہا کہہ چکے ہیں کہ اے آئی ’’تاریخ کی سب سے زیادہ انقلابی قوت‘‘ ثابت ہو سکتی ہے، لیکن اس کے باوجود انہوں نے خود مختار گاڑیوں اور نیورل انٹرفیسز سمیت متعدد اے آئی منصوبوں میں بھرپور سرمایہ کاری کی ہے۔ ان کی منطق سادہ ہے: جتنا آپ کسی تبدیلی کے قریب ہوں گے، اتنا ہی اس کے خطرات سے محفوظ رہیں گے۔ لہٰذا مستقبل میں متعلق رہنے کیلئے ضروری ہے کہ آپ ان ٹیکنالوجیز کو سمجھیں جو دنیا کو تبدیل کر رہی ہیں۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ راتوں رات مشین لرننگ انجینئر بن جائیں، بلکہ یہ سمجھیں کہ اے آئی آپ کے موجودہ کام سے کس طرح جڑتی ہے۔ایک صحافی اسے ڈیٹا کے تجزیے کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔ ایک وکیل اسکے ذریعے دستاویزات کا جائزہ تیزی سے لے سکتا ہے۔ ایک استاد اسے ذاتی نوعیت کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔مقصد انسان کی جگہ لینا نہیں بلکہ اسکی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔بل گیٹس بھی اسی طرح کے خیالات رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق اے آئی معمول کے ذہنی کام انجام دے گی، جس سے انسانوں کو ان کاموں پر توجہ دینے کا موقع ملے گا جن میں فیصلہ سازی، ہمدردی اور تخلیقی صلاحیت درکار ہوتی ہے۔یہ تبدیلی انسانی گہرائی اور انفرادیت کی اہمیت کو مزید بڑھا دیتی ہے، اور یہی ہمیں دوسرے اصول کی طرف لے جاتی ہے۔
ان صلاحیتوں کو مضبوط بنائیں جو
مشینیں انجام نہیں دے سکتیں
اے آئی جوابات تو پیدا کر سکتی ہے، لیکن اخلاقی ذمہ داری نہیں اٹھا سکتی۔ یہ نمونوں کی نشاندہی کر سکتی ہے، مگر کسی مقصد کے لیے لوگوں کو متاثر نہیں کر سکتی۔ قیادت، اعتماد، مذاکرات اور اخلاقی استدلال اب بھی انسانی میدان ہیں۔ سندر پچائی نے کئی مواقع پر کہا ہے کہ اے آئی کے دور میں سب سے زیادہ قیمتی وہ پیشہ ور افراد ہوں گے جو تکنیکی سمجھ بوجھ کے ساتھ سماجی ذہانت بھی رکھتے ہوں۔عملی طور پر اس کا مطلب یہ ہے کہ ایسی مہارتوں میں سرمایہ کاری کی جائے جو انسانی اثر و رسوخ کو بڑھاتی ہیں، جیسے مؤثر ابلاغ، حکمتِ عملی پر مبنی سوچ، رہنمائی(مینٹورشپ)اور غیر یقینی حالات میں فیصلہ سازی۔
آج اداروں کے اندر بھی یہی رجحان نظر آتا ہے۔ مینیجرز معلومات حاصل کرنے کیلئے اے آئی کا استعمال کرتے ہیں، لیکن ان معلومات کی بنیاد پر فیصلے اب بھی انسانی بصیرت سے کیے جاتے ہیں۔ کاروباری افراد مصنوعات بنانے کیلئے اے آئی سے مدد لیتے ہیں، لیکن یہ طے کرنا کہ کون سا مسئلہ حل کرنے کے قابل ہے، اب بھی انسانی فہم و فراست کا کام ہے۔دوسرے الفاظ میں، اے آئی صلاحیتوں کو وسعت دیتی ہے، لیکن سمت کا تعین انسان ہی کرتے ہیں۔
ہائبرڈ شناخت کے ساتھ آگے بڑھیں
تیسرا اصول یہ ہے کہ ایک ایسی شناخت بنائیں جس میں تخصص اور وسعت دونوں شامل ہوں۔ مستقبل نہ صرف محدود مہارت رکھنے والے ماہرین کا ہوگا اور نہ ہی سطحی معلومات رکھنے والے عام افراد کا، بلکہ ان لوگوں کا ہوگا جو مختلف شعبوں کے درمیان پل کا کردار ادا کر سکیں۔
سام آلٹمین نے خبردار کیا ہے کہ کئی قسم کی ملازمتیں ختم ہو سکتی ہیں، لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ نئی ملازمتوں اور شعبوں کے مواقع بھی اسی رفتار سے پیدا ہوں گے۔فائدہ ان لوگوں کو ہوگا جو مختلف میدانوں میں خود کو ڈھالنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
اس کے لیے مستقل کوشش درکار ہے۔ ڈیٹا کی سمجھ بوجھ آج اتنی ہی ضروری ہوتی جا رہی ہے جتنی کبھی بنیادی کمپیوٹر تعلیم تھی۔ یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ اے آئی سسٹمز کیسے کام کرتے ہیں، ان کی طاقتیں کیا ہیں، ان کی حدود کیا ہیں اور ان میں کون سے تعصبات موجود ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح زندگی بھر سیکھنے کی عادت بھی ناگزیر بنتی جا رہی ہے، کیونکہ ایسے دور میں جہاں ٹولز ہر ماہ بدل رہے ہوں، جامد مہارتیں جلد پرانی ہو جاتی ہیں۔
انسانی خصوصیات ہی اصل طاقت ہیں
اس تمام غیر یقینی صورتحال میں ایک تسلی بخش حقیقت موجود ہے۔ اے آئی موجودہ معلومات پر انحصار کرتی ہے، جبکہ انسان تشریح اور مفہوم پیدا کرتے ہیں۔ مشینیں مختلف آپشنز پیش کر سکتی ہیں، لیکن ان کے نتائج کی ذمہ داری نہیں اٹھاتیں۔ یہ ذمہ داری اب بھی انسانوں ہی کے پاس ہے۔ اسی لئے سب سے اہم مشورہ آج بھی وہی ہے: مشینوں سے مشینی انداز میں مقابلہ نہ کریں، بلکہ اپنی انسانیت کو اپنی سب سے بڑی طاقت بنائیں۔وہ پیشہ ور افراد جو اے آئی کے دور میں محفوظ رہیں گے، وہ نہ تو ٹیکنالوجی سے دور بھاگیں گے اور نہ ہی اس پر اندھا اعتماد کریں گے۔ بلکہ وہ اسے سمجھیں گے، استعمال کریں گے، اور پھر اس سے آگے بڑھ کر ایسی جگہوں پر اپنی بصیرت، تخیل اور جوابدہی کا مظاہرہ کریں گے جہاں مشینیں نہیں پہنچ سکتیں۔