• Wed, 23 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہم ۲۴؍ میں ۳۶؍ گھنٹے کام کرتے تھے: روینہ ٹنڈن نے ۹۰ء کی دہائی کو یاد کیا

Updated: September 23, 2026, 8:04 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ کی معروف اداکارائیں روینہ ٹنڈن اور کرشمہ کپور نے ۹۰ء کی دہائی کے فلمی دور کی اپنی مصروفیات اور یادیں تازہ کیں۔ روینہ ٹنڈن نے سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن کے ڈانس رئیلٹی شو ’’انڈیاز بیسٹ ڈانسر سیزن ۵‘‘ کے سیٹ پر شرکت کے دوران اس دور سے جڑے کئی دلچسپ واقعات شیئر کیے۔

Raveena Tandon.Photo:INN
روینہ ٹنڈن۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ کی معروف اداکارائیں روینہ ٹنڈن اور کرشمہ کپور نے ۹۰ء کی دہائی کے فلمی دور کی اپنی مصروفیات اور یادیں تازہ کیں۔ روینہ ٹنڈن نے سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن کے ڈانس رئیلٹی شو ’’انڈیاز بیسٹ ڈانسر سیزن ۵‘‘ کے سیٹ پر شرکت کے دوران اس دور سے جڑے کئی دلچسپ واقعات شیئر کیے۔ روینہ شو کے سیمی فائنل ایپی سوڈ میں خصوصی مہمان کے طور پر پہنچی تھیں، جہاں انہوں نے شو کی جج اور اپنی ساتھی اداکارہ کرشمہ کپور کے ساتھ پرانے دنوں کو یاد کیا۔
روینہ ٹنڈن نے بتایا کہ ۹۰ء کی دہائی میں فلمی ستاروں کا شیڈول انتہائی مصروف ہوا کرتا تھا۔ وہ اور کرشمہ کپور ایک ہی دن میں کئی فلموں کی شوٹنگ کیا کرتی تھیں۔ بعض اوقات کام کی زیادتی اس حد تک ہوتی تھی کہ انہیں خود بھی یاد نہیں رہتا تھا کہ وہ کس فلم میں کون سا کردار ادا کر رہی ہیں۔ روینہ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ شاید ۹۰ء کی دہائی میں صرف دو ہیروئنیں ایسی تھیں جو ۲۴؍ گھنٹوں میں ۳۶ ؍گھنٹے کام کرتی تھیں ، جن میں ایک کرشمہ کپور اور دوسری وہ خود تھیں۔ ان کے مطابق ایک ہی دن میں تقریباً چھ مختلف پروڈکشن ہاؤسیزکے سیٹس پر شوٹنگ کرنا پڑتی تھی۔ کہیں دو گھنٹے کام ہوتا، پھر دوسرے سیٹ پر ڈیڑھ گھنٹہ، اس کے بعد کسی اور مقام پر تین گھنٹے اور پھر ایک اور سیٹ پر چار گھنٹے۔ اس طرح پورا دن مختلف مقامات، فلموں اور کرداروں کے درمیان گزرتا تھا۔روینہ نے مزید بتایا کہ مسلسل کئی پروجیکٹس پر کام کرنے کی وجہ سے ایک وقت کے بعد انہیں یہ تک یاد نہیں رہتا تھا کہ وہ کس کردار میں ہیں۔ ایک جیسے کردار مختلف فلموں میں ادا کرنے کی وجہ سے کئی مرتبہ صورت حال ایسی ہوجاتی تھی کہ بس ہدایت ملتی اور وہی کام کرنا ہوتا تھا۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی فلم میں ان کا کردار ایک امیر اور بگڑی ہوئی لڑکی کا ہوتا، تو کبھی کبھی ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہی کردار چھ مختلف سیٹس پر بھی جاری ہے۔ مختلف فلموں کی شوٹنگ کے درمیان کرداروں کو تبدیل کرنا اس وقت ان کے روزمرہ کام کا حصہ بن چکا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:ہندوستانی مردوں کی بیڈمنٹن ٹیم سیمی فائنل میں چین سے ہاری، کانسہ کا تمغہ ملا

روینہ ٹنڈن کی اس بات پر کرشمہ کپور نے بھی ۹۰ء کی دہائی کی اپنی یادیں شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس زمانے میں زیادہ تر فلموں کی شوٹنگ فلم سٹی  میں ہوا کرتی تھی اور وہ دونوں صبح سات بجے سے کام شروع کر دیتی تھیں۔ کرشمہ نے بتایا کہ کئی مرتبہ ایسا ہوتا تھا کہ وہ اور روینہ ایک دوسرے کو مختلف سیٹس پر جاتے ہوئے دیکھتی تھیں۔ ایک سیٹ سے نکل کر دوسرے سیٹ پر پہنچنا، راستے میں ہی کپڑے تبدیل کرنا اور پھر فوراً اگلی شوٹنگ کے لیے تیار ہوجانا ان کی روزمرہ زندگی کا حصہ تھا۔

یہ بھی پڑھئے:کینسر کو شکست دینے والی وویک اوبرائے کی گود لی ہوئی بیٹی سہارا شاہ نے سائن کی پہلی فلم

روینہ ٹنڈن اور کرشمہ کپور کی یہ یادیں بالی ووڈ کے اس دور کی ایک جھلک پیش کرتی ہیں جب اداکاراؤں کے لیے ایک ہی دن میں متعدد فلموں کی شوٹنگ کرنا معمول سمجھا جاتا تھا۔ دونوں اداکاراؤں کی گفتگو نے ۹۰ ءکی دہائی کے اس مصروف فلمی شیڈول اور اس دور کی ورک کلچر سے جڑی دلچسپ یادوں کو ایک بار پھر تازہ کردیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK