Updated: July 16, 2026, 8:04 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ اداکارہ وامیقا گبی کا بچپن کا ایک بڑا خواب آخرکار پورا ہو گیا۔ وہ جس اداکارہ کو برسوں سے اپنا آئیڈیل مانتی تھیں، آخرکار ان سے ملاقات کا موقع ملا۔ وامیقا نے بالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ مادھوری دکشت سے ملاقات کی، جس کا ویڈیو انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
وامیقا اور مادھوری۔ تصویر:آئی این این
بالی ووڈ اداکارہ وامیقا گبی کا بچپن کا ایک بڑا خواب آخرکار پورا ہو گیا۔ وہ جس اداکارہ کو برسوں سے اپنا آئیڈیل مانتی تھیں، آخرکار ان سے ملاقات کا موقع ملا۔ وامیقا نے بالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ مادھوری دکشت سے ملاقات کی، جس کا ویڈیو انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
ویڈیو کے ساتھ وامیقا نے بتایا کہ وہ صرف ۱۳؍ سال کی عمر سے مادھوری دکشت کی بہت بڑی مداح رہی ہیں اور برسوں سے ان سے ملنے کا خواب دیکھ رہی تھیں۔ جب یہ خواب حقیقت بنا تو ان کی خوشی دیدنی تھی۔ ویڈیو کے آغاز میں وامیقا، مادھوری دکشت کے مشہور گانے ’’دھک دھک‘‘ کے مشہور ڈانس اسٹیپ کرتی نظر آتی ہیں۔ اسی دوران مادھوری پیچھے سے آ کر محبت سے انہیں گلے لگا لیتی ہیں۔ اپنے بچپن کی پسندیدہ اداکارہ کو اچانک سامنے دیکھ کر وامیقا جذباتی ہو جاتی ہیں اور انہیں مضبوطی سے گلے لگا لیتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:سندھو نے ہان یو کو شکست دے کر جاپان اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی
ویڈیو میں وامیقا ہلکے نیلے رنگ کے روایتی لباس میں نہایت خوبصورت دکھائی دیں جبکہ مادھوری دکشت گلابی ساڑی میں ہمیشہ کی طرح انتہائی دلکش نظر آئیں۔ ویڈیو میں مادھوری، وامیقا کی خیریت بھی دریافت کرتی نظر آتی ہیں۔ویڈیو شیئر کرتے ہوئے وامیقا نے لکھا’’میرے قریبی دوست اچھی طرح جانتے ہیں کہ ۱۳؍ سال کی وامیقا کے لیے یہ لمحہ کتنا جادوئی تھا۔ آخرکار میری ملاقات `دی مادھوری دکشت سے ہو گئی۔ میں نے انہیں اپنے والدین سے بھی ملوایا اور بچپن کے کئی قصے سنائے تاکہ وہ جان سکیں کہ وہ میرے بچپن کی کتنی خوبصورت یادوں کا حصہ رہی ہیں۔‘‘
اگر وامیقا گبی کے فلمی کریئر کی بات کی جائے تو انہوں نے کم عمری میں ہی اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ انہوں نے ۲۰۰۷ءمیں امتياز علی کی سپر ہٹ فلم ’’جب وی میٹ‘‘ سے بالی ووڈ میں اپنے سفر کا آغاز کیا۔ اگرچہ اس فلم میں ان کا کردار مختصر تھا، لیکن یہی ان کے اداکاری کے سفر کی بنیاد ثابت ہوا۔ اس کے بعد وہ ’’لو آج کل‘‘، ’’’موسم‘‘ اور ’’بٹو باس‘‘ جیسی فلموں میں نظر آئیں اور آہستہ آہستہ اپنی الگ شناخت قائم کی۔
یہ بھی پڑھئے:سہیل خان کا انکشاف: میں اپنے بیٹے کا نام رام خان رکھنا چاہتا تھا
بالی ووڈ کے علاوہ وامیقا نے پنجابی اور ملیالم سنیما میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ پنجابی فلم ’’تو میرا ۲۲؍ میں تیرا ۲۲‘‘ اور ملیالم فلم ’’گودھا‘‘ میں ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔ حال ہی میں وہ فلم ’’پتی، پتنی اور وہ دو‘‘ میں بھی نظر آئیں۔