Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’آوارہ پن‘‘ ۳۱؍ جولائی کو سنیما گھروں میں ری ریلیز ہوگی، مداح پرجوش

Updated: July 18, 2026, 5:24 PM IST | Mumbai

عمران ہاشمی کی مقبول فلم ’’’آوارہ پن‘‘‘ تقریباً ۱۹؍ برس بعد ایک بار پھر سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق فلم ۳۱؍ جولائی ۲۰۲۶ء کو دوبارہ ریلیز ہوگی تاکہ شائقین کو ۱۴؍ اگست کو آنے والی ’’آوارہ پن ۲‘‘ سے قبل پہلی فلم بڑی اسکرین پر دوبارہ دیکھنے کا موقع مل سکے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی ایک مرتبہ پھر اپنے یادگار کردار شیوم پنڈت کے ساتھ فلم ’’آوارہ پن ۲‘‘ میں واپسی کر رہے ہیں، لیکن اس سے قبل مداحوں کے لیے ایک اور خوشخبری سامنے آئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ’’’آوارہ پن‘‘‘ کو تقریباً ۱۹؍ برس بعد دوبارہ سنیما گھروں میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دلچسپ اتفاق یہ ہے کہ ۲۰۰۷ء میں جب ’’’آوارہ پن‘‘‘ ریلیز ہوئی تھی تو اس کا مقابلہ دھرمیندر، سنی دیول اور بوبی دیول کی فلم ’’اپنے‘‘ سے تھا، جبکہ اب ’’آوارہ پن ۲‘‘ کی ریلیز بھی سنی دیول کی فلم ’’بٹوارا ۱۹۴۷ء ‘‘ کے ساتھ باکس آفس پر ٹکرانے جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: فلم ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ کو ۱۱؍سال مکمل، سلمان خان فلمز نے جشن منایا

بالی ووڈ ہنگامہ کی ایک رپورٹ کے مطابق ’’آوارہ پن‘‘ کو ۳۱؍ جولائی ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں دوبارہ پیش کیا جائے گا، جبکہ اس حوالے سے باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ’’’آوارہ پن‘‘ آج بھی اپنی بہترین کاسٹ، منفرد کہانی، جذباتی مناظر، یادگار لمحات اور لازوال موسیقی کی بدولت ناظرین کے ذہنوں میں زندہ ہے۔ اسی لیے ’’آوارہ پن ۲‘‘ کی ریلیز سے قبل پہلی فلم کو دوبارہ بڑی اسکرین پر لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘ ذرائع کے مطابق دوبارہ ریلیز کے دوران ’’آوارہ پن‘‘ کا مقابلہ ہالی ووڈ کی بڑی فلم ’Spider-Man: Brand New Day‘ سے ہوگا، جو ۳۰؍ جولائی ۲۰۲۶ء کو ہندوستان میں ریلیز ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’ترس‘‘سے’’ شیمپین‘‘ تک، کوریوگرافر وجے گانگولی نے شروَری کی تعریف کی

رپورٹ میں کہا گیا کہ اسپائیڈر مین یقیناً شاندار آغاز کرے گی، تاہم اگر ’’آوارہ پن‘‘ کی دوبارہ ریلیز بھی مداحوں کی بھرپور توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی تو یہ کسی حیرت سے کم نہیں ہوگا۔ ایک فلمی تجزیہ کار نے بتایا کہ اگرچہ ’’آوارہ پن‘‘ اپنی اصل ریلیز کے وقت باکس آفس پر ناکام رہی تھی، لیکن بعد کے برسوں میں ٹیلی ویژن، ہوم ویڈیو اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر غیر معمولی مقبولیت حاصل کرتے ہوئے اسے کلٹ فلم کا درجہ مل گیا۔ ان کے مطابق ایک پوری نسل ایسی ہے جس نے یا تو یہ فلم کبھی سنیما گھروں میں نہیں دیکھی یا اس وقت ان کی عمر بہت کم تھی، اس لیے دوبارہ ریلیز ان کے لیے ایک منفرد موقع ثابت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے مداح برسوں سے اس بات کا اظہار کرتے رہے ہیں کہ وہ ’’آوارہ پن‘‘ کو اس کی اصل ریلیز کے دوران سنیما میں نہ دیکھنے پر افسوس محسوس کرتے ہیں، اور یہی جذبات دوبارہ ریلیز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ریلیز سے قبل ’’جنا نائیگن ‘‘ میں بڑی تبدیلیاں، نئے مناظر اور گانے شامل

تجزیہ کار نے اس سلسلے میں ’تمباڑ‘، ’صنم تیری قسم‘ اور ’لیلیٰ مجنوں‘ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ فلمیں بھی اپنی پہلی ریلیز کے دوران نمایاں کامیابی حاصل نہیں کر سکی تھیں، لیکن دوبارہ نمائش کے بعد شائقین کی زبردست پذیرائی کے باعث باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئیں۔ دوسری جانب ’’آوارہ پن ۲‘‘ کے حوالے سے بھی مداحوں کا جوش و خروش مسلسل بڑھ رہا ہے۔ فلم کی ہدایت کاری نتن ککڑ کر رہے ہیں، جبکہ اس میں عمران ہاشمی کے ساتھ دیشا پٹانی اور شبانہ اعظمی بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ’’آوارہ پن ۲‘‘ ۱۴؍ اگست ۲۰۲۶ء کو یومِ آزادی کے موقع پر سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی، جہاں اس کا باکس آفس مقابلہ سنی دیول کی فلم ’’بٹوارا ۱۹۴۷ء‘‘ سے ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK