• Wed, 07 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شریا چودھری آیوشمان کھرانہ کے ساتھ’’مُپاپا‘‘ میں نظر آئیں گی ، اگلے سال فلم ریلیز ہوگی

Updated: October 07, 2026, 2:11 PM IST | Mumbai

’’بندش بینڈٹس‘‘ کے پہلے اور دوسرے سیزن اور امیزون پرائم ویڈیو کی فلم ’’دی مہتا بوائز‘‘ میں اپنی مؤثر اداکاری سے ناظرین کی توجہ حاصل کرنے والی اداکارہ شریا چودھری اب آیوشمان کھرانہ کے ساتھ بڑے پردے پر نظر آئیں گی۔

Shriya.Photo;iNN
شریا۔ تصویر:آئی این این

’’بندش بینڈٹس‘‘ کے پہلے اور دوسرے سیزن اور امیزون پرائم ویڈیو کی فلم ’’دی مہتا بوائز‘‘ میں اپنی مؤثر اداکاری سے ناظرین کی توجہ حاصل کرنے والی اداکارہ شریا چودھری اب آیوشمان کھرانہ کے ساتھ بڑے پردے پر نظر آئیں گی۔ شریا آئندہ فلم ’مُپاپا‘ میں آیوشمان کھرانہ کے ساتھ اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔ یہ فلم ۱۹؍ فروری ۲۰۲۷ ءکو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
 ’’مُپاپا‘‘ کی ہدایت کاری سمیر سکسینہ کر رہے ہیں، جبکہ فلم کو یش راج فلمز کے چیف ایگزیکٹیو افسر اکشے ودھانی اور پوشم پا پکچرز نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ پوشم پا پکچرز کی مشترکہ بنیاد سمیر سکسینہ نے بسواپتی سرکار، سوربھ کھنہ اور امیت گولانی کے ساتھ رکھی ہے۔ یہ یش راج فلمز اور پوشم پا پکچرز کے درمیان پہلا تھیٹر کے لیے مشترکہ منصوبہ ہے۔ فلم کی کہانی اور شریا چودھری کے کردار سے متعلق تفصیلات فی الحال خفیہ رکھی گئی ہیں، تاہم فلم کو ایک ایسی تخلیق کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جو روایتی اصناف کی حدودسے آگے بڑھتے ہوئے ناظرین کو ایک منفرد سنی تجربہ فراہم کرے گی۔

یہ بھی پڑھئے:’’جیلر ۲‘‘ کے ٹریلر میں رتیک روشن کی ایک جھلک؟ مداحوں نے فوراًپہچان لیا

شریا چودھری نے اپنے قدرتی اور پُراعتماد اندازِ اداکاری کے ذریعے فلم اور ویب تفریح کی دنیا میں اپنی الگ شناخت بنائی ہے۔’’بندش بینڈٹس‘‘ کے دونوں سیزن میں ان کی اداکاری کو کرداروں کی فطری پیش کش اور جذباتی گہرائی کے لیے سراہا گیا، جبکہ ’’دی مہتا بوائز‘‘ میں انہوں نے مختلف نوعیت کے کردار کو نبھانے کی اپنی صلاحیت کا مزید مظاہرہ کیا۔ شریا کی خاص بات یہ ہے کہ وہ اپنے کرداروں کو غیرضروری بناوٹ کے بجائے سادگی اور جذبات کے ساتھ پیش کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مختصر عرصے میں انہوں نے اپنی نسل کی باصلاحیت اداکاراؤں میں جگہ بنائی ہے۔’’مُپاپا‘‘ شریا چودھری کے فنی سفر میں ایک اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اب تک ڈجیٹل منصوبوں کے ذریعے ناظرین میں مقبولیت حاصل کرنے کے بعد وہ آیوشمان کھرانہ جیسے معروف اداکار کے ساتھ ایک بڑی تھیٹر ریلیز کا حصہ بنیں گی۔ اس فلم کے ذریعے ان کا کام مزید وسیع ناظرین تک پہنچنے کا امکان ہے۔دوسری جانب آیوشمان کھرانہ بھی مختلف موضوعات اور منفرد کہانیوں پر مبنی فلموں کے لیے جانے جاتے ہیں۔ ایسے میں ’’مُپاپا‘‘ میں ان کے ساتھ شریا چودھری کی جوڑی کو لے کر بھی شائقین میں تجسس پیدا ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ہرمن پریت کور نے تینوں فارمیٹس کی کپتانی چھوڑ دی

شریا چودھری کے کریئر میں ایک اور اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ انہیں وائی آر ایف ٹیلنٹ نے خصوصی انتظامی معاہدے کے لیے اپنے ساتھ شامل کرلیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ یش راج فلمز کے ٹیلنٹ انتظامی ادارے کا حصہ بن گئی ہیں۔وائی آر ایف ٹیلنٹ کے ساتھ کئی معروف اور نئی نسل کے باصلاحیت فنکار وابستہ ہیں، جن میں رانی مکھرجی، آیوشمان کھرانہ، سونم کپور، وانی کپور، شرواری، آہان پانڈے اور انیت پڈا سمیت دیگر نام شامل ہیں۔
وائی آر ایف ٹیلنٹ کا مقصد صرف فنکاروں کو انفرادی منصوبوں سے جوڑنا نہیں بلکہ ان کے طویل مدتی پیشہ ورانہ سفر کو بہتر انداز میں تشکیل دینا بھی ہے۔ ادارہ فنکاروں کے ساتھ مل کر تشہیری اور تجارتی مواقع پیدا کرنے، فلموں، اشتہارات، فیشن، ڈجیٹل پلیٹ فارم اور تفریح کے وسیع میدان میں ان کی منفرد شناخت مضبوط بنانے پر توجہ دیتا ہے۔ ’’مُپاپا‘‘ کی ۱۹؍ فروری ۲۰۲۷ءکو سنیما گھروں میں ریلیز شریا چودھری کے لیے ایک نئے مرحلے کا آغاز ہوگی، جہاں وہ اپنی اب تک کی اداکاری کے تجربے کو بڑے پردے کے وسیع تر ناظرین کے سامنے پیش کریں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK